رنگ کی سیاست سے اوپر اٹھ کر قوم کے بہتر مستقبل کیلئے عملی اقدامات ناگزیر



رنگ کی سیاست سے اوپر اٹھ کر قوم کے بہتر مستقبل کیلئے عملی اقدامات ناگزیر



بی جے پی و ایم آئی ایم کی ہرے اور بھگوا رنگ کی سیاست پر آصف شیخ کی سخت تنقید


میئر گیم میں فرقہ پرستوں کی سازش اور پردے کے پیچھے کی سیاست کارفرما ، سیکولر فرنٹ میئر و ڈپٹی میئر چناؤ میں حصہ لیگی 



مالیگاؤں : 26 جنوری (بیباک نیوز اپڈیٹ) ملک میں مسلمانوں سمیت پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو جس طرح نشانہ بنایا جارہا ہے اس سے اس ملک کے دستور و سیکولر ازم پر کاری ضرب ہورہی ہے۔بی جے پی و مجلس اتحاد المسلمین ہندو مسلم کی سیاست میں پورے ملک کو آپس میں لڑا رہی ہے ۔ملک کا پسماندہ طبقہ بالخصوص مسلمان غریب سے غریب تر ہوتا جارہا ہے ۔صرف اسٹیج اور میڈیا پر بیان دیکر قوم کی حالت نہیں بدلی جاسکتی اس کیلئے عملی اقدامات کرنا پڑتا ہے ۔اس طرح کے جملوں کا اظہار اسلام پارٹی کے بانی و قائد آصف شیخ نے کیا ۔موصوف ہزار کھولی رابطہ آفس پر 26 جنوری کو صبح رسم پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔آصف شیخ نے کہا کہ آج مسلمانوں کیلئے بہتر ہاسپٹل نہیں، ایجوکیشن کا درست انتظام نہیں، روزگار کا نظم نہیں، غریبوں کے چھت نہیں ہے، مسلمانوں کی پریشانی پر خبر گیری و امداد کرنے کی بجائے صرف جذباتی بیانات دیکر مسلمانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔آصف شیخ نے ممبرا کی سحر شیخ و امتیاز جلیل کے ہرے رنگ والے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بیانات سے مسلمانوں کے پیٹ نہیں بھرتے ۔نفرت اور رنگ کی سیاست سے ہندو مسلم اتحاد میں دراڑ پیدا ہوتی ہے اور بی جے پی و ایم آئی ایم صرف نفرت کی سیاست کررہی ہے ۔آصف شیخ نے مزید کہا کہ اس سیاست سے نہ ہندو کو فائدہ ہورہا ہے نہ مسلمانوں کو، آج یوم جمہوریہ پر ہم ملک بالخصوص مسلمانوں اور سیکولر عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ دستور ہند کی حفاظت سب کو ساتھ لیکر چلنے میں ہے، ہندو مسلم اتحاد وقت کی ضرورت ہے ۔بیانات سے اوپر اٹھ کر عملی طور پر تعلیم، روزگار اور طبی سہولیات کی فراہمی کرنا ضروری ہے ۔مسلمانوں کے آئینی حقوق کیلئے سرکاروں سے لڑنا ضروری ہے ورنہ ہم رنگ اور مذہب کی سیاست میں ملک میں تفریق و نقصان کے سوا کچھ حاصل نہیں کر سکتے ۔اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آصف شیخ نے کارپوریشن چناؤ کے بعد میئر چناؤ کیلئے اسلان(سیکولر فرنٹ کی جانب سے میئر و ڈپٹی میئر کے لیے امیدوار میدان میں اتارنے کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہا ہم پوری طاقت سے چناؤ میں حصہ لے رہے ہیں اور ان شاء اللہ ہم میئر بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پردے کے پیچھے بھی ہمیں روکنے کی سازش ہورہی ہے اور کچھ فرقہ پرست سیاست کارفرما نظر آتی ہے لیکن ہم میئر چناؤ لڑ رہے ہیں اور ہاؤس میں سمجھ میں آجائے گا کہ کون کس کے ساتھ ہیں ۔اگر ہمیں کم ووٹ ملتی ہے تو ہم اپوزیشن میں بیٹھ کر عوام کی خدمت کرینگے ۔آصف شیخ نے یوم جمہوریہ پر ہزار کھولی اسلام پارٹی کے دفتر پر رسم پرچم کشائی کرتے ہوئے عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارک باد پیش کی اور قانون کی اہمیت اور افادیت پر خطاب کیا۔اس موقع پر مقامی صدر اعجاز عمر سمیت پارٹی کے ذمہ داران و ورکروں کی بڑی تعداد موجود تھیں ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے