میئر چناؤ : مفتی اسمٰعیل سیکولر فرنٹ سے بات کرنے تیار، لیکن...



میئر چناؤ : مفتی اسمٰعیل سیکولر فرنٹ سے بات کرنے تیار، لیکن...


مالیگاؤں : 18 جنوری (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں کارپوریشن چناؤ کے بعد میئر چناؤ کیلئے سرگرمی شروع ہوگئی ہے ۔انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹرا I.S.L.A.M پارٹی اور سماجوادی کے اتحاد سیکولر فرنٹ کو 40 سیٹیں ملی ہیں جبکہ مجلس اتحاد المسلمین کو 21 سیٹوں پر کامیابی ملی ۔ایک طرف جہاں کانگریس پارٹی نے سیکولر فرنٹ کیساتھ میئر بنانے میں اپنی رضا مندی ظاہر کی ہے وہیں شیو سینا کے وزیر دادا بھسے نے بھی گاؤں کی ترقی کیلئے میئر چناؤ میں اپنا سپورٹ دینے کی بات کی ہے لیکن انہوں نے واضح نہیں کیا ہے کہ وہ کس کیساتھ میئر بنائیں گے وہیں گزشتہ کل سیکولر فرنٹ کی جانب سے اعجاز بیگ و مفتی اسمٰعیل کو کھلے عام میئر چناؤ میں حمایت طلب کرنے کا آفر دیا گیا تھا ۔اس ضمن میں مفتی اسمٰعیل نے آج ایک بیان دیتے ہوئے میڈیا نمائندوں کے ذریعے کہا کہ ہم سیکولر فرنٹ کی جانب سے آئے آفر کو قبول کرتے ہیں اور ان سے بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن وہ ہمارے پاس آئیں، بیٹھے اور بات چیت کریں، اگر انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹرا اور سماجوادی پارٹی کے لوگ کہتے ہیں کہ فرقہ پرستوں سے شہر کو بچانے اور تعمیر و ترقی کرنے کیلئے ہمارا ساتھ چاہتے ہیں تو پھر شہر میں تعمیری کام ہونا چاہیے اور فرقہ پرستوں سے لڑنے کا یقین دلانا ہوگا، مفتی اسمٰعیل نے مزید کہا کہ ہم بلا شرط حمایت تو نہیں دے سکتے کیونکہ ہمارے کارپوریٹرس کے وارڈ میں تعمیری کام ہونا چاہیے، وارڈ کی ترقی ہونا چاہئے، ترقی صرف ایک دو پارٹی کے وارڈوں میں نہیں بلکہ پورے شہر میں ہونا چاہیے یہ ہمارا موقف ہے ۔مفتی اسمٰعیل نے کہا کہ اگر وہ ہمیں دعوت دے رہے ہیں تو ہم تیار ہیں اور ہماری بھی کچھ شرط ہوگی اسی طرح آخری فیصلہ ہماری پارٹی کی جانب سے مقامی و حیدرآباد کے ذمہ داران سے مشورہ کے بعد کیا جائے گا ۔مفتی اسمٰعیل نے کہا کہ ہم کانگریس کو ساتھ لیکر میئر نہیں بنا سکتے اور نہ ہی ہم فرقہ پرستوں کیساتھ اقتدار حاصل کر سکتے ہیں، اب سیکولر فرنٹ کی مرضی ہے کہ وہ اعجاز بیگ کی کانگریس پارٹی کو ساتھ لیں یا نہ لیں، لیکن ہم بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں ۔اس طرح کے موقف کا اظہار بھی مفتی اسمٰعیل نے کیا ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے