کارپوریشن چناؤ :شفاف و پرامن چناؤ کیلئے فلائنگ اسکواڈ کی تشکیل،کمشنر و چیف الیکشن آفیسر کی پریس کانفرنس


کارپوریشن چناؤ :شفاف و پرامن چناؤ کیلئے فلائنگ اسکواڈ کی تشکیل،کمشنر و چیف الیکشن آفیسر کی پریس کانفرنس 




ڈبل ووٹرس کے نام ہدایت، امیدواروں کو فارم کہاں سے حاصل کرنا ہوگا اور کہاں جمع کرنا ہوگا، ووٹوں کی گنتی کہاں ہوگی؟ دیکھیں مکمل تفصیلات 




مالیگاؤں: (بیباک نیوز اپڈیٹ)کارپوریشن چناؤ کے لئے کارپوریشن الیکشن محکمہ کی تیز رفتاری کیساتھ کار روائی جاری ہے۔ اس سلسلے کو مزید دراز کرتے ہوئے مالیگاؤں میونسپل کار پوریشن کے کمشنر و چیف الیکشن آفیسر رویندر جادھو نے کارپوریشن ہیڈ کوارٹر کانفرنس ہال میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے کارپوریشن چناؤ کی تفصیلات فراہم کی۔ موصوف نے بتایا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کے احکامات کی روشنی میں آج وارڈ وائز پولنگ بوتھ کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہے۔ کارپوریشن چناؤ میں پانچ لاکھ 17 ہزار 663 رائے دہندگان ووٹ دینگے۔کار پوریشن شہری حدود میں 21 وارڈوں میں 609 پولنگ بوتھ ہوں گے۔پریس کانفرس میں جادھو نے بتایا کہ 23 دسمبر 2025 کو نوٹیفکیشن کی اجرائی کے ساتھ ہی فارم کی تقسیم اور ادخال نامزدگی کا مرحلہ شروع ہو جائے گا۔ روزانہ صبح گیارہ بجے کارپوریشن میں الیکشن کے مد نظر ایک کھڑکی سہولت دستیاب رہیگی۔ انہوں نے بتایا کہ کارپوریشن محکمہ ایم ٹی ایس میں یہ سہولت دستیاب ہے۔ یہاں گھر پٹی و نہ پٹی اور دیگر ٹیکس ادا کر کے نو ڈیو سرٹیفکیٹ اور NOC بھی ملے گا۔اس کے علاوہ وارڈ وائز ووٹر لسٹ کی قیمت فی صفحہ دو روپے کے حساب سے دستیاب کروائی گئی ہے۔گیارہ بجے سے تین بجے تک فارم حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔چناؤ لڑنے والے امیدواروں کو فارم حاصل کرنے کے لئے روزانہ صبح گیارہ بجے سے تین بجے تک وقت مقرر ہے لیکن 30 دسمبر 2025 صبح گیارہ بجے سے دوپہر دو بجے تک کا ہی وقت رہے گا۔ البتہ فارم بھرنے کا وقت تین بجے تک ہے۔ امیدواروں کے انتخابی خرچ کی حد 9 لاکھ روپے متعین کی گئی ہے۔ اسی طرح کمشنر نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے لئے علاحدہ سے ایک محکمے کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا دفتر واڈ یا دواخانہ میں قائم کیا گیا ہے۔جس میں پیڈ نیوز اور میڈیا پر بھی نظر رکھنے کا خصوصی نظم کیا گیا ہے ۔ ادخال نامزدگی کے لئے 23 دسمبر سے 30 دسمبر 2025ء تک کی میعاد مقرر کی گئی ہے لیکن اس درمیان 25 دسمبر اور 28 دسمبر کو تعطیل رہے گی۔ اس دن فارم نہیں ملیگا اور ادخال نامزدگی بھی نہیں ہو سکے گی۔ امیدواری فارم کی قیمت 200 روپے متعین کی گئی ہے۔ ادخال نامزدگی کے ساتھ ڈپازٹ کی رقم جنرل طبقہ کے لئے پانچ ہزار اور ریزرو طبقے اور خواتین کے لئے ڈھائی ہزار روپے مختص کی گئی ہے۔ اس پریس کانفرنس  میں الیکشن آفیسر رویندر جادھو نے بتایا کہ 21 وارڈوں میں 609 پولنگ بوتھس ترتیب دیئے گئے ہیں۔ ایک پولنگ بوتھ پر 850 سے 900 رائے دہندگان کی تعداد متعین کی گئی ہے۔


فلائنگ اسکواڈ کی تشکیل 


حساس پولنگ بوتھس کے تناظر میں الیکشن آفیسر نے بتایا کہ پولس اور محصول محکمہ و الیکشن محکمہ کے آفیسران پر مشتمل ایک اسکواڈ بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ پولس انتظامیہ سے تعاون طلب کیا گیا ہے اور جلد ہی ایک فلائنگ اسکواڈ ترتیب دیا جائے گا ۔اسی طرح مزید دو اسکواڈ بھی ترتیب دیئے جارہے ہیں جو شفاف اور پرامن چناؤ کے انعقاد کیلئے کوشش کرینگے۔وہیں کمشنر نے کہا کہ ادخال نامزدگی کے وقت اُمیدواروں کو حلف نامہ دینا ہوگا کہ ان پر کتنے مقدمات ہیں؟ 2 سے زائد بچے ہیں یا نہیں اور کار پوریشن کا کوئی بقایا ٹیکس تو نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ان کا کسی بھی قسم کا اتی کرمن تو نہیں ہے۔ 


فارم حاصل کرنے و جمع کرنے اور ووٹوں کی گنتی یہاں ہوگی؟ 

وارڈ نمبر 2،11،12 کے امیدوار نئی تحصیل آفس سے فارم حاصل کرینگے اور یہی جمع کرینگے ، ووٹوں کی گنتی سرکاری اناج گودام کیمپ میں ہوگی ۔

وارڈ نمبر 1،9،10 IMA ہال کیمپ سے فارم حاصل کرینگے اور یہی جمع کرینگے اور ووٹوں کی گنتی اسی ہال میں ہوگی۔


وارڈ نمبر 3،6،7 وارڈ آفس نمبر 2 ہزار کھولی سے فارم حاصل کرینگے اور یہی جمع کرینگے، ووٹوں کی گنتی شیوا جی جم خانہ میں ہوگی۔

وارڈ نمبر 4،5،8 دلاور ہال قدوائی روڈ سے فارم حاصل کرینگے اور یہی جمع کرینگے ۔ووٹوں کی گنتی سرکاری اناج گودام کیمپ میں ہوگی ۔

وارڈ نمبر 13،15،17 کارپوریشن کی جونی عمارت سے فارم حاصل کرینگے اور یہی جمع کرینگے ۔ووٹوں کی گنتی سرکاری اناج گودام کیمپ میں ہوگی ۔


وارڈ نمبر 14،16،19 این این واڈیا دواخانہ کارپوریشن کے سامنے سے فارم حاصل کرینگے اور یہی جمع کرینگے، ووٹوں کی گنتی شیوا جی جم خانہ میں ہوگی ۔

وارڈ نمبر 18،20،21 اردو گھر کلو اسٹیڈیم کے سامنے سے فارم حاصل کرینگے اور یہی جمع کرینگے ۔ووٹوں کی گنتی کرشنا لانس میں ہوگی۔




کارپوریشن چناؤ میں ایک وارڈ سے چار کارپوریٹرس منتخب ہوں گے ۔ ایک ووٹر کو چار ووٹ دینا ہوگا۔ الیکٹرانک مشین سے حق رائے دہی کا استعمال ہوگا۔ اس کے لئے 1340  مشین، %10 ریزرویشن کے ساتھ مختص کی گئی ہیں۔عارضی طور پر اسٹرانگ روم بھی بنایا گیا ہے۔

کارپوریشن چناؤ میں امیدواری کرنے والے افراد اگر اپنا ذات سرٹیفکیٹ وغیرہ پیش کرتے ہیں تو اس کی جانچ ریٹرنگ آفیسران کریں گے۔ اگر کسی کاذات سرٹیفکیٹ پروسیس میں ہے تو اس کا سفارشی مکتوب کا ادخال کرنا ہو گا۔ اس کا فیصلہ بھی ریٹرنگ آفیسران ہی کریں گے۔



ڈبل ووٹروں کے لئے ہدایت


کارپوریشن کمشنر نے کہا کہ ریاستی الیکشن کمشنر کی جانب سے موصول لسٹ میں 11ہزار 794 ڈبل ووٹرس پائے گئے ہیں جس کی جانچ جاری ہے ان میں سے اب تک ایک ہزار ووٹرس کا ویریفیکشن ہوگیا ہے اور کچھ لوگوں کے نام ایک جیسے ہوتے ہیں اس لیے یہ ڈبل ووٹرس نظر ارہے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق انکے ناموں کے آگے ڈبل اسٹار لگے ہونگے ۔ڈبل ووٹروں کو سیلف ڈکلیریشن دینا ہوگا کہ وہ ایک ہی جگہ ووٹ دینگے دوسری جگہ نہیں ۔اگر کوئی ووٹر دو جگہ ووٹ دیتا نظر آیا تو قانونی کارروائی ہوگی ۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے