نیشنل ہائی وے پر مسلسل ہورہے حادثات میں اموات کی روک تھام کیلئے سماج وادی پارٹی نے ٹریفک پولیس کو دیا مکتوب
چالیسگاؤں پھاٹا تا منماڑ چوپھلی پر غلط سمت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
مالیگاؤں، 10 نومبر (نمائندہ خصوصی)
شہر میں سڑک حادثات کے بڑھتے واقعات سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اسی پس منظر میں سماج وادی پارٹی مالیگاؤں کی جانب سے آج ٹریفک پولیس کو ایک تحریری مکتوب پیش کیا گیا، جس میں چالیسگاؤں پھاٹا تا منماڑ چوپھلی کے درمیان غلط سمت میں گاڑی چلانے کے رجحان پر فوری کارروائی کی اپیل کی گئی ہے۔
یہ مکتوب پارٹی کے ذمہ دار مسیح اللہ بیسٹ نے یوا لیڈر مستقیم ڈگنیٹی کی رہنمائی میں یاسین مستری، خالد ماسٹر، عرفان کرسٹل، طارق مچھلی، آمین KP اور فیضان رجو کے ہمراہ مہامارگ پولیس اسٹیشن میں جاکر اعلیٰ افسران کے سپرد کیا۔
مکتوب میں بتایا گیا ہے کہ اس نیشنل ہائی وے پر روزانہ درجنوں گاڑیاں، ٹرک، رکشے، ٹریکٹر، اپپی رکشا، ٹرالی، ہانڈہ وغیرہ غلط سمت میں دوڑتے نظر آتے ہیں، جس کے باعث متعدد حادثات ہوچکے ہیں کچھ حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔
سماج وادی پارٹی نے اس صورتحال کو ’’انتہائی تشویشناک‘‘ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پولیس انتظامیہ فوری طور پر مستقل پیٹرولنگ شروع کرے، انتباہی سائن بورڈز نصب کرے، اور قانون توڑنے والوں پر سختی کے ساتھ بھاری بھرکم جرمانے عائد کرے تاکہ عوام کی زندگی محفوظ رہ سکے۔
مسیح اللہ بیسٹ نے کہا کہ ’’یہ صرف ٹریفک کا نہیں، بلکہ انسانی زندگیوں کا معاملہ ہے۔ اگر وقت پر قدم نہ اٹھایا گیا تو ایک بڑا سانحہ کسی بھی لمحے پیش آ سکتا ہے۔‘‘
ٹریفک پولیس محکمہ کی جانب سے سماج وادی پارٹی کے وفد کو یقین دلایا گیا کہ جلد ہی مؤثر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا اور غلط سمت میں گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف کارروائی شروع ہوگی، تاکہ عوامی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com