بھری برسات میں پانی کی شدید تکلیف ، کارپوریشن بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناکام
بار بار پانی کی پائپ لائن کا لیکیج ہونا تشویشناک ، کمشنر و ایم ایل اے کی گرفت کمزور، عوام پانی کیلئے پریشان
دیگر سیاسی جماعتوں کو آگے آکر نمائندگی کرنا ہوگی، عوام کا استدال
مالیگاؤں : 9 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر سمیت اطراف میں امسال انتہائی اطمینان بخش بارش ہوئی ہے ۔شہر کو پانی فراہم کرنے والے ڈیموں میں ذخیرہ آب بہت زیادہ ہونے کے باوجود بھی مالیگاؤں کی عوام کو پانی کیلئے در در بھٹکنا پڑ رہا ہے گزشتہ ایک ماہ سے بھری برسات میں جہاں ہر طرف پانی ہی پانی ہے وہیں مالیگاؤں شہر پانی کیلئے ترس رہا ہے ۔کبھی پاور کمپنی کے شٹ ڈاؤن، لوڈ شیڈنگ تو کبھی بجلی کمپنی کے کام کی درستی تو کبھی ڈیم کے اطراف میں پاور کے مسائل سے نلوں میں پانی تاخیر سے آرہا تھا تو اب گزشتہ پندرہ دنوں سے شہر میں پانی سپلائی میں مزید تاخیر ہونے سے عوام ذہنی و جسمانی کوفت کا شکار ہے اور اب آگرہ روڈ کی پائپ لائن کا لیکیج ہونا بھی شہریان کیلئے دکھ بھرا ثابت ہوا ۔ابھی گزشتہ روز ہی آگرہ روڈ کی پانی کی پائپ لائن لیکیج ہوئی جہاں ہفتہ بھر عوام کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑا اور اب مزید اسی آگرہ روڈ کی دوسری جانب کی پائپ لائن لیکیج ہوگئی ۔اب ایک بار پھر عوام کو پانی کیلئے در در بھٹکنا پڑ رہا ہے ۔اس ضمن میں عوام نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن عوامی و بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔پرشاشک راج میں عوام پانی جیسی نعمت کیلئے ترس رہی ہے ۔عوام کا کہنا ہے کہ کارپوریشن کے پاس منصوبہ بندی کا فقدان ہے ۔واٹر سپلائی انجینئرس خواب خرگوش میں مبتلا ہیں ۔کمشنر کی انتظامیہ پر کوئی گرفت نہیں ہے ۔اسی طرح آج مالیگاؤں شہر میں ایڈمنسٹریٹر راج ہے عوامی باڈی نہیں ہے صرف ایک ایم ایل اے ہی ہیں جو کارپوریشن کی لگام کس سکتے ہیں لیکن انکی بھی گرفت کمزور بتائی جارہی ہے ۔عوام نے کہا کہ ایسے حالات میں ایم ایل اے کی اہم ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کارپوریشن کمشنر سے باز پرس کرے اور عوام کو ہونے والی تکالیف سے نجات دلائے ۔عوام نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایل اے اور کمشنر پر زبردست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پانی، بجلی اور صاف صفائی جیسی بنیادی سہولیات پر دھیان نہیں دیا جارہا ہے تو پھر دیگر مسائل پر کب نمائندگی کی جائے گی؟ اس طرح بعض شہریان نے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایم ایل اے اپنے میں مست ہے اور انہیں شہریان کی کوئی فکر نہیں ہے تو کم از کم دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی آگے آکر اس معاملے میں موثر نمائندگی کرنا چاہیے ۔آنے والے دنوں میں کارپوریشن چناؤ ہے اس کے باوجود بھی دیگر سیاسی پارٹیاں عوامی کام کاج میں کیوں دلچسپی نہیں دکھا رہی ہے؟ اب وقت آگیا ہے کہ عوامی نمائندگی کا دم بھرنے والی سیاسی پارٹیوں کو آگے آکر عوام کی خدمت کرنا ہوگی ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com