فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنے عوام ہمیں اقتدار دیں، کارپوریشن میں بدلاؤ کی ذمہ داری ہماری



فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنے عوام ہمیں اقتدار دیں، کارپوریشن میں بدلاؤ کی ذمہ داری ہماری 


اقتدار ملتے ہی جنم داخلہ معاملہ میں تحصیلدار پر ایف آئی آر کی تجویز کو پہلی منظوری دی جائے گی 


عوام پانی، بجلی، صفائی طبی سہولیات اور خستہ حال راستوں سے پریشان، سماجوادی پارٹی کی پہلی انتخابی میٹنگ کا کامیاب انعقاد 




مالیگاؤں: 10 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں کارپوریشن چناؤ کا بگل سماجوادی پارٹی نے اپنے قلعے وارڈ نمبر چھ سے بجا دیا ہے۔گزشتہ جمعہ کو بعد نماز مغرب تا رات دس بجے عائشہ امیر ہال میں نثار مقادم کی صدارت میں سماجوادی پارٹی نے کامیاب میٹنگ کا انعقاد کیا ۔اس موقع پر سماجوادی پارٹی کے یوا لیڈر مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ کارپوریشن پر فرقہ پرستوں کے گٹھ بندھن کو روکنے کیلئے عوام سماجوادی پارٹی کو کامیاب کریں ۔انہوں نے کہا کہ عوام ہمیں اقتدار دیں تو ہم کارپوریشن کے اندر بدلاؤ کرینگے ۔سالوں سے ایک کرسی پر فائز کارپوریشن آفیسران کا تبادلہ کیا جائے گا ۔ڈگنیٹی موصوف نے کہا کہ کارپوریشن کا الیکشن انتہائی اہم ہے کیونکہ اسی کارپوریشن سے شہر کے تمام مسائل جڑے ہوئے ہیں ۔انہوں نے پانی، بجلی صفائی، ادویات اور صنعت اور گھروں اورزمینوں کے علاوہ سب سے اہم جنم داخلہ معاملہ بھی کارپوریشن سے جڑا ہوا ہے ۔اگر ہمیں اقتدار ملتا ہے تو ہم سب سے پہلے ایک ہزار 40 جنم داخلوں کا مسئلہ حل کرینگے اور پہلی تجویز میں تحصیلدار پر ایف آئی آر کی تجویز منظور کرینگے ۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ آج فرقہ پرستوں کی نظر مالیگاؤں پر ٹکی ہوئی ہے ایسے حالات میں ہمیں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ پڑھے لکھے اور سیاسی سوجھ بوجھ رکھنے والے امیدوار کو کامیاب کریں ۔ہمارا سیاسی اتحاد ہوتا ہے یا نہیں یہ فیصلہ باقی ہے لیکن کچھ لوگ فرقہ پرستوں کیساتھ مل کر گٹھ بندھن بنانے کی سازش کررہے ہیں تاکہ کارپوریشن پر فرقہ پرستوں کو اقتدار مل جائے لیکن مالیگاؤں کی عوام کو سیکولر پارٹی کو کامیاب کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پچاس سیٹ دے دو ہم کارپوریشن سے ایسے ایسے کام کروائیں گے کہ عوام اور آفیسران بھی یاد رکھے گی ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگر فرقہ پرستوں کو اقتدار مل گیا تو پھر جنم داخلہ معاملہ سے زیادہ پریشانی اٹھانا ہوگی کیونکہ ہم لڑ رہے ہیں اسی لئے ہمیں احساس ہے ۔ورنہ شہر کا نمائندہ تو خاموش زیارت و سیر و تفریح میں مست ہے۔آج پانی کیلئے عوام پریشان ہیں ۔ہم نے تلواڑہ ڈیم سے پائپ لائن منظور کروائی ہے اور سماجوادی کبھی تلواڑہ کے نام پر سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔



اس موقع پر شان ہند نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کی جانب سے شیواجی مہاراج کے مجسمہ پر دھرنے کا اثر رہا کہ سیول ہاسپٹل کا ذچگی وارڈ ندی کے اُس پار نہیں گیا،سماجوادی پارٹی کا ساتھ دو، طاقت دو ہم آپ کا ساتھ دیں گے۔شان ہند نے کہا کہ اگر فرقہ پرستوں کو کارپوریشن پر اقتدار مل گیا تو پھر ہماری بستی پر بھی مصیبت آسکتی ہے اسی لیے ہمیں کام کرنے والے کو موقع دینا چاہیے ۔انہوں نے وارڈ نمبر چھ سے پرجوش سیاسی انتخابی میٹنگ کا آغاز کرتے ہوئے عوام سے سماجوادی پارٹی کو کامیاب کرنے کی اپیل کی ۔اس میٹنگ میں شان ہند نہال احمد، مستقیم ڈگنیٹی، ایڈوکیٹ توصیف شیخ، انیس سرتاج، عبدالباقی راشن والا، سہیل عبدالکریم، مومن معین اختر، ابوالیث انصاری، سلیم اطہر وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔یہاں سیکڑوں عوام نے اپنی سیاسی بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے کامیاب میٹنگ کیلئے اظہار تشکر پیش کیا ۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے