ووٹ چور مردہ باد کے نعروں سے مالیگاؤں گونج اٹھا ، موسلا دھار بارش میں ووٹ چوری کیخلاف جن اکروش مورچہ



ووٹ چور مردہ باد کے نعروں سے مالیگاؤں گونج اٹھا ، موسلا دھار بارش میں ووٹ چوری کیخلاف جن اکروش مورچہ 



بوگس و ڈپلیکیٹ ووٹ بڑھانے والے بی ایل اوز پر کارروائی کرنے پرانت آفیسر کو میمورنڈم ، کئی بی ایل اوز کے نام کی شکایت 


آصف شیخ کی قیادت میں انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹرا I.S.L.A.M پارٹی کے ورکروں کا احتجاج 



مالیگاؤں : 19 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں سینٹرل حلقہ اسمبلی حلقہ نمبر 114 کی ووٹر لسٹ میں ووٹوں کی چوری، ڈپلیکیٹ ووٹ اور دیگر طریقوں سے بوگس ووٹوں کے اندراج کی مکمل تحقیقات  کرتے ہوئے خاطی بی ایل اوز پر کارروائی کی جائے۔اس طرح کا مطالبہ لیکر آج آگرہ روڈ پر واقع تاج ہوٹل کے پاس سے ایک جن اکروش مورچہ کا انعقاد کرتے ہوئے  مورچے کا اختتام آگرہ روڈ پر ہی میونسل مراٹھی اسکول ہیرا لاج کے پاس کیا گیا، اس موقع پر پرانت آفیسر کے نمائندوں کو میمورنڈم پیش کرتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ بھی آصف شیخ نے کیا۔ موسلا دھار بارش کے باوجود انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹرا I.S.L.A.M پارٹی کے عہدیداروں، ورکروں نے پرجوش انداز میں مورچے میں شرکت کی ،مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں تختیاں اٹھائے احتجاجی مورچے میں ووٹ چور مردہ باد کے نعرے لگائے اور بوگس و ڈپلیکیٹ ووٹ بڑھانے والے بی ایل اوز پر کارروائی کا مطالبہ کیا، مورچے کے اختتام پر آصف شیخ نے میمورنڈم دیتے ہوئے کہا کہ 26 اگست اور 8 ستمبر کو پرانت افسیر کو مذکورہ مطالبہ کا مع ثبوت شکایت بھی دی گئی ہے لیکن اب تک کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟اب آپ سے  گزارش کرتے ہیں کہ 114 مالیگاؤں سینٹرل اسمبلی حلقہ کی ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر غلطیاں ہیں۔ لیکن بارہا تحریری شکایات کے باوجود آج تک کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی اور آج بھی اس حلقے کی ووٹر لسٹ میں 42,900 بوگس ووٹ شامل کیے گئے ہیں۔ ووٹر لسٹ میں کسی بھی نام کو کم کرنے، بڑھانے یا درست کرنے سے پہلے، BLO خود فیلڈ میں جا کر شامل ووٹوں کی چھان بین اور تصدیق کرنے کا ذمہ دار ہے۔ مذکورہ شکایت میں بھی تمام تر ذمہ داری بی ایل او پر عائد ہوتی ہے۔ اس لئے ان بی ایل اوز پر فوری طور پر کارروائی کی جائے۔

آصف شیخ نے میمورنڈم کی کاپی کیساتھ بی ایل اوز کے نام کی فہرست دی جس میں موجود بی ایل اوز کی مکمل چھان بین کا مطالبہ کیا۔آصف شیخ نے یہ بھی کہا کہ پرائیوٹ اسکولوں کے بی ایل اوز کو دی گئی ووٹر لسٹ کو دوسری اسکولوں کے بی ایل اوز سے کراس چیک کی جائے،اسی طرح بوگس ووٹوں میں اضافہ کرنے والے قصوروار بی ایل اوز کے خلاف پلاننگ ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ بوگس ووٹوں کی تصدیق ہونے کے بعد، بوگس ناموں کو ووٹر لسٹ سے فوری طور پر ہٹا دیا جائے۔آصف شیخ نے یہ بھی کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ 114 مالیگاؤں سنٹرل حلقہ کی ووٹر لسٹ انتہائی ناقص اور عدم اعتماد کے ساتھ بنائی گئی ہے جو کہ صاف، منصفانہ انتخابی عمل کے اصولوں کے خلاف ہے اور 114 مالیگاؤں سنٹرل کے آئندہ بلدیاتی انتخابات کے عمل کی شفافیت کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔ لہذا رائے دہندوں کے مفاد میں اور جمہوری عمل پر اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ محکمہ کے سربراہوں کو 114 مالیگاؤں سنٹرل کے تمام قصوروار بی ایل اوز کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا جائے۔ان تمام مطالبات کو پورا کرنے کے لیے آج کا جن آکروش مورچہ منعقد کیا گیا ہے۔لہٰذا ہماری عاجزانہ درخواست ہے کہ آپ پرانت آفیسر خود بھی عام شہریوں کے جائز مطالبات پر توجہ دیں اور فوری ایکشن لیں۔اس مکتوب کو پارٹی کے قومی صدر نوید خطیب  احمد مشتاق اور آصف شیخ رشید سابق ایم ایل اے مالیگاؤں سینٹرل کے علاوہ انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹرا مالیگاؤں یونٹ کے صدر و منتظمین کی جانب سے پرانت آفیسر کو دی گئی اس مکتوب کی ایک ایک کاپی کلکٹر اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر، ناسک ضلع، ناسک کو بھی روانہ کی گئی ہے ۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے