سلیمان کے قاتلوں کو مکوکا قانون کے تحت سخت سزا دی جائے ، جانچ کیلئے ایس آئی ٹی کی تشکیل ضروری



سلیمان کے قاتلوں کو مکوکا قانون کے تحت سخت سزا دی جائے ، جانچ کیلئے SIT کی تشکیل ضروری



انصاف کی لڑائی میں ہم اہل جامنیر کے ساتھ کھڑے ہیں، آصف شیخ کا جامنیر دورہ، مقتول سلیمان کے اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت



مالیگاؤں : 16 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ)مہاراشٹر کے ضلع جلگاؤں کے شہر جامنیر کے بیٹاواد نامی علاقے میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں ایک مسلم نوجوان سلیمان خان رحیم خان پٹھان کو مآب لنچنگ کا شکار بناتے ہوئے اسے قتل کردیا گیا ہے اور دس سے پندرہ ملزمین فرار ہوگئے ۔اس واقعہ کو پانچ روز گزر گئے لیکن ابھی تک صرف آٹھ لوگ پولس گرفت میں آئے ہیں بقیہ تمام ملزمین کو پولس نے ابھی تک گرفتار نہیں کیا اور جانچ کس رخ پر جاری ہے؟ اسکا بھی صحیح معنوں میں خلاصہ پولس نے نہیں کیا ۔یہ جانچ ایک پی آئی لیول کے آفیسر کے پاس ہی کیوں ہے؟ کیا اس سنگین اور حساس مسلے کو حل کرنے کیلئے اعلیٰ پولس حکام سے انکوائری نہیں کرائی جارہی ہے؟ کیا اسی طرح مہاراشٹر جیسے ترقی یافتہ اسٹیٹ میں مآب لنچنگ ہوتے رہیگی؟ اسکا جواب کون دیگا؟تفصیلات کے مطابق سلیمان خان پولس بھرتی کی تیاری کررہا تھا اور آن لائن فارم بھرنے کیلئے جامنیر گیا ہوا تھا جہاں ایک پولس اسٹیشن کے بازو میں کافی شاپ سے ملزمین نے سلیمان کو اغوا کرتے ہوئے اسے کئی جگہوں پر لے جایا گیا اور بے رحمی سے مارا گیا ۔اتنا ہی حیوانیت کا ننگا ناچ کرتے ہوئے حملہ آوروں نے سلیمان خان کو اسکے والد، والدہ اور بہنوں کے سامنے بھی مارا پیٹا، منع کرنے پر ان حملہ آوروں نے بہنوں اور والد کو بھی زدوکوب کیا ۔سلیمان کے جسم پر کوئی جگہ ایسی نہیں باقی رکھی گئی جہاں سے خون نہ نکل رہا ہو، پورے جسم پر زخم کے نشانات تھے ۔حتیٰ کے ہاتھ اور پیر کے ناخن بھی نوچ ڈالے گئے، سر اور جسم پر بھی گہرے وار کئے گئے ۔فرقہ پرست حملہ آوروں کے حوصلے اتنے بلند کیسے ہوگئے کہ وہ گھر والوں کے سامنے سلیمان کو جان سے مارکر بھاگ گئے اور پولس تماشائی بنی ہوئی ہے؟ اس طرح کے جملوں کا اظہار مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے کیا، موصوف نے سنیچر کو جامنیر شہر کے بیٹاواد علاقے کا دورہ کیا، انہوں نے سلیمان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں، دوستوں اور گاؤں والوں سے ملاقات کرتے ہوئے سلیمان قتل کی مکمل تفصیلات حاصل کی اور کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ہم آپکے ساتھ کھڑے ہیں پورا مالیگاؤں آپکے ساتھ انصاف کی لڑائی میں شامل رہیگا ۔

اس موقع پر آصف شیخ نے کہا کہ سب سے پہلے مہاراشٹر سرکار سلیمان کے تمام قاتلوں کو گرفتار کرے، یہ قتل دس پندرہ لوگوں نے مل کر کیا ہوگا ان سب ملزمین کو گرفتار کیا جائے، اسی طرح ان ملزمین کے فون کال کی جانچ کی جائے؟ کافی شاپ سے لیکر تمام راستوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جائے، اسی طرح سلیمان کا فون کہاں ہے اور اس پر کس کا کال آیا تھا اسکی بھی جانچ کی جائے؟کافی شاپ پر سلیمان کے موجود ہونے کی اطلاع کس نے دی؟ کون کون ملزمین کے رابطے میں تھا؟ اسکی مکمل جانچ کی جائے اسی طرح قتل کی واردات میں استعمال ہوئے ہتھیاروں کو بھی پولس تلاش کرے اور عدالت میں تمام ثبوت پیش کرے ۔آصف شیخ نے مہاراشٹر سرکار کے ساتھ ہی جامنیر کے رکن اسمبلی و مہاراشٹر کے وزیر گریس مہاجن سے ایس آئی ٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا، آصف شیخ نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ ان ملزمین کیخلاف مکوکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور سخت سزا دی جائے، سلیمان کا قتل انسانیت کا قتل ہے اور آئندہ کوئی بھی سلیمان جیسے نوجوان کو مہاراشٹر میں مآب لنچنگ کا شکار بنا کر قتل کرنے کی ہمت نہ کرے اس لئے ملزمین کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کرتے ہوئے کورٹ میں سزا کا اطلاق کیا جائے ۔آصف شیخ نے اہل خانہ کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ مالیگاؤں شہر آپکے ساتھ کھڑا ہے اگر سرکار اور پولس نے ہمیں انصاف نہیں دیا تو ہم ممبئی ہائی کورٹ سے لیکر دہلی سپریم کورٹ تک انصاف کی لڑائی لڑینگے ۔اس موقع پر آصف شیخ نے گاؤں کے پنچ حضرات سے بھی ملاقات کی اور سلیمان خان کو انصاف دلانے کیلئے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ۔یہاں آصف شیخ کے علاوہ مالیگاؤں سے انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹرا I.S.L.A.M پارٹی کا وفد اور جامنیر شہر کے درجنوں بزرگ و نوجوان بھی موجود تھے ۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے