سرکاری بنگلہ پر آصف شیخ کی کمشنر سے ملاقات ، گاندھی نگر مکان کی تعمیر کیلئے تعاون کی یقین دہانی
عمارت منہدم کرنے کا خرچ کارپوریشن برداشت کریگی اور مرکزی حکومت کی اسکیم سے امداد کا وعدہ
مالیگاؤں : 10 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر کے گاندھی نگر علاقے میں پکا رہائشی مکان انڈر گراؤنڈ گٹر کی تعمیر کیلئے زمین کی کھدائی کرنے پر شگاف زدہ ہوگیا جس سے علاقے میں کارپوریشن کیخلاف ناراضگی کا ماحول دیکھا گیا ۔بڑے احتجاج کے بعد کمشنر نے وارڈ میں دورہ کیا ۔اس کے بعد آصف شیخ نے بھی مکان کا جائزہ لیا اور کارپوریشن کمشنر سے مطالبہ کیا تھا کہ مکان کی اس حالت کرنے میں کارپوریشن ذمہ دار ہے اگر مکان مالک کو معاوضہ نہیں دیا گیا تو قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے کارپوریشن پر ایف آئی آر درج کی جائے گی ۔اس ضمن میں آج اتوار ہونے کے باوجود کمشنر نے آصف و مکان مالک کو وقت دیکر اپنے سرکاری بنگلہ پر مدعو کیا۔یہاں آصف شیخ نے کہا کہ کارپوریشن کی غلطی ہے لہذا کارپوریشن فوری طور پر امداد منظور کرے لیکن کمشنر نے کہا کہ ہم ایسا نہیں کر سکتے ۔اس پر آصف شیخ نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا تب کمشنر نے کہا کہ ہم اتنا ضرور کرسکتے ہیں کہ ابھی عمارت پوری طرح زمین دوز کرنا باقی ہے اور اسے زمین دوز کرنے میں کافی خرچ آئے گا اور اس خرچ کو کارپوریشن برداشت کریگی ۔کمشنر نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ مرکزی حکومت کی اسکیم سے کارپوریشن گھر کی تعمیر کیلئے ڈھائی تین لاکھ روپیہ منظور کروا کر مکان تعمیر کریگی ۔اس طرح کی تفصیلات آصف شیخ نے دی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری کارپوریشن سے ابھی بھی ناراضگی برقرار ہے ہم مکمل تعاون کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن آج کمشنر سے ملاقات کے بعد آپسی بات چیت سے طئے پایا کہ کارپوریشن مرکزی حکومت کی اسکیم سے امداد فراہم کریگی اور مکان زمین دوز کرنے کا خرچ بھی برداشت کریگی ۔اس موقع پر مکان مالک کے علاوہ سابق کارپوریٹر رفیق بھوریہ، سابق کارپوریٹر آمین خان اور وارڈ کی سرکردہ شخصیات موجود تھیں ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com