مالیگاؤں میں اقلیتی میڈیکل کالج اور ضلع میں UPSC کوچنگ سینٹر شروع کیا جائے ، اقلیتی طلباء کیلئے پری میٹرک و پوسٹ میٹرک اسکالرشپ دوبارہ بحال کی جائے
مسلمانوں کو جان بوجھ کر پریشان کرنا بند کیا جائے، مالیگاؤں شہر میں ایک بھی روہنگیائی و بنگلہ دیشی نہیں ملا
دہلی میں مرکزی وزیر اقلیت کرن رجو جی سے رکن پارلیمنٹ محب اللہ ندوی کیساتھ مستقیم ڈگنیٹی کی ملاقات و مطالبہ، وزیر کا مثبت تیقن
نئی دہلی: 21 مئی (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کا وفد دہلی میں خیمہ زن ہے ۔انہوں نے اس سلسلے میں کئی نمائندہ افراد و وزراء سے ملاقات کی ۔اس موقع پر آج دہلی میں سماجوادی پارٹی مالیگاؤں کے یوا نیتا مستقیم ڈگنیٹی نے مرکزی وزیر اقلیت کرن رجو جی سے سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ محب اللہ ندوی کیساتھ ملاقات کرتے ہوئے مطالباتی مکتوب دیا ۔مستقیم ڈگنیٹی نے مکتوب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو معلوم ہوگا کہ مالیگاؤں شہر نہ صرف مہاراشٹر میں بلکہ پورے ملک میں اقلیتوں کی اکثریت والے شہر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس شہر میں اقلیتی برادری بالخصوص مسلمان پوری طرح پاورلوم انڈسٹری پر منحصر ہیں۔ پاورلوم انڈسٹری جو کہ زراعت کے بعد ملک کی سب سے بڑی صنعت اور روزگار کا ذریعہ سمجھی جاتی ہے، اقلیتی طبقہ اپنی محنت سے بمشکل پاور لوم صنعت کو سنبھال پا رہا ہے۔ ایسے حالات میں مالیگاؤں شہر میں روہنگیائی اور بنگلہ دیشیوں کے نام پر ماائناریٹی کو پریشان کیا جارہا ہے ۔مالیگاؤں میں ایک بھی روہنگیائی اور بنگلہ دیشی نہیں ملا ہے لیکن جان بوجھ کر مسلمانوں کو پریشان کرنا مناسب نہیں ہے اس لئے آپ بطور مرکزی اقلیتی وزیر ہونے کے ناطے مالیگاؤں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں ۔سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ محب اللہ ندوی کیساتھ مستقیم ڈگنیٹی نے وزیر اقلیت کرن رجو جی سے مطالبہ کیا ہے کہ وزارت اقلیتی امور پاورلوم انڈسٹری سے وابستہ مزدوروں کے بچوں کو پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ جاری کرے۔ نیز جسٹس راجندر سچر کمیٹی اور ڈاکٹر محمود الرحمان کمیشن کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے مالیگاؤں شہر میں ایک اقلیتی میڈیکل کالج کی منظوری دی جائے۔ اسی طرح مالیگاؤں شہر میں اقلیتی امور کی وزارت کی نگرانی میں ناسک ڈویژن کی سطح پر ایک UPSC کوچنگ سنٹر جاری کیا جانا چاہئے۔ اس کے ساتھ ہی اقلیتی طلبہ کے لیے پری میٹرک اسکالر شپ اور مولانا آزاد فائنانشیل کارپوریشن کے فنڈ میں کی گئی کٹوتی کو واپس لیا جائے۔ ہمیں امید ہے کہ آپ ان تمام مطالبات پر سنجیدگی سے غور کریں گے اور ان کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔اس موقع پر کرن رجو جی نے وفد کو تیقن دیا کہ مالیگاؤں کے مسائل کو حل کرنے اور قومی دھارے میں اقلیتی بچوں کو لانے کیلئے سرکار پر ممکن تعاون کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی اسکالرشپ کے تعلق سے سی بی آئی انکوائری جاری ہے ۔اسکالرشپ کے نام پر اقلیتی طبقہ نے بہت بڑا گھوٹالہ کیا ہے اور ساتھ ہی عیسائی کمیونٹی کے افراد بھی اسپیشل زمرے اور او بی سی زمرہ کہ دوہری اسکالرشپ حاصل کررہے تھے اسکی بھی انکوائری جاری ہے ۔کرن رجو جی نے کہا کہ میں نے سی بی آئی کو کہا کہ وہ جلد از جلد انکوائری مکمل کریں تاکہ اقلیتی طبقہ کو اسکالرشپ فراہم کرنے میں آسانی ہو سکے ۔انہوں نے وفد سے کہا کہ آپکے اس مطالبہ پر سرکار مثبت فیصلہ لیگی ۔اس طرح کی تفصیلات نمائندہ بیباک کو مستقیم ڈگنیٹی نے دہلی سے روانہ کی ہے ۔اس وفد میں مستقیم ڈگنیٹی ،محب اللہ ندوی، ایڈوکیٹ توصیف شیخ ،نوید خطیب وغیرہ شامل تھے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com