کارپوریشن چناؤ : سماجوادی پارٹی سرگرم ، شان ہند کی قیادت میں 23 مئی کو پارٹی کی اہم میٹنگ



 کارپوریشن چناؤ : سماجوادی پارٹی سرگرم ، شان ہند کی قیادت میں 23 مئی کو پارٹی کی اہم میٹنگ


مالیگاؤں : 20 مئی (بیباک نیوز اپڈیٹ) مہاراشٹر کی تمام میونسپل کارپوریشنوں میں انتخابات کے لیے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن، جو گزشتہ دو برسوں سے ایڈمنسٹریٹر کے تحت چل رہی ہے، اب انتخابی ماحول میں داخل ہو چکی ہے۔ اس تناظر میں سماجوادی پارٹی کی جانب سے 23 مئی بروز جمعہ رات 9 بجے آگرہ روڈ پر واقع عوامی رابطہ آفس میں ایک اہم میٹنگ طلب کی گئی ہے، جس میں آئندہ ہونے والے کارپوریشن انتخابات کے لیے پارٹی کی حکمتِ عملی طے کی جائے گی۔

پارٹی کی صدر محترمہ شان ہند نہال احمد نے اس میٹنگ کو کامیاب بنانے کے لیے شہر بھر میں دورے شروع کر دیئے ہیں۔ آج 20 مئی بروز پیر شان ہند نے آگرہ روڈ کا شمالی علاقہ وارڈ نمبر 5 میں سابق کارپوریٹر عبدالباقی راشن والے کی آفس پر پارٹی ورکروں سے ملاقات کی، جہاں مقامی حالات اور انتخابی تیاریوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

اسی طرح وارڈ نمبر 7 میں پروفیسر رضوان خان کی نگرانی میں عوامی نگر میں ایک بڑی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شان ہند نے سماجوادی پارٹی کی عوامی جدوجہد، اقلیتوں کے حقوق اور مالیگاؤں کی ترقی کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے 23 مئی کی میٹنگ میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔

بعد ازاں شان ہند نے وارڈ نمبر 5 میں پارٹی کے اہم ذمل دار ناصر بھائی کرانہ والا سے خصوصی ملاقات کی اور مقامی سطح پر پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

اس دورے میں شان ہند کے ہمراہ معروف عالم دین مولانا زاہد ندوی، پارٹی کے متحرک رکن خورشید کابل، عبدالرحمٰن انصاری اور ابوالیث انصاری بھی موجود تھے۔سماجوادی پارٹی کی یہ سرگرمیاں اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ پارٹی بلدیاتی انتخابات کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور میدان میں بھرپور تیاری کے ساتھ اترنے کا عزم رکھتی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے