اسمبلی کے سامنے 'روزہ' افطار کیلئے فٹ پاتھ کا استعمال ممنوع ، وزیر نتیش رانے کے اعتراض پر پولس کارروائی
ممبئی : 13 مارچ (بیباک نیوز اپڈیٹ) مہراشٹرا اسمبلی کے سامنے فٹ پاتھ پر 'افطار' کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ نریمان پوائنٹ کے قریب اسمبلی میں ریاست کا بجٹ اجلاس جاری تھا، تب افطاری کے لیے فٹ پاتھ کا استعمال کیا جا رہا تھا۔جس کی خبر میڈیا میں شائع ہونے کے بعد ایم ایل اے اور وزیر نتیش رانے نے نوٹس لیا اور ڈپٹی کمشنر آف پولس کو کارروائی کا حکم دیا۔ اس پر پولس نے کارروائی کرتے ہوئے 12 مارچ سے یہ علاقہ 'افطار' کیلئے ممنوع قرار دے دیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق نتیش رانے نے پولس سے کہا کہ مہاراشٹر اسمبلی کے صدر دروازے کے باہر ڈاکٹر اوشا مہتا چوک میں، یس بینک سے متصل فٹ پاتھ کو رمضان میں روزہ افطار کرنے کیلئے بند کیا جا رہا ہے۔ شام 6 بجے باقاعدہ اس فٹ پاتھ پر افطاری کا اہتمام ہورہا ہے۔تقریباً 30-35 لوگ افطار کرتے ہیں اور فٹ پاتھ ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک بند رہتا ہے جس سے پیدل چلنے والوں اور چھوٹے کاروباری لوگوں پریشانی ہوتی ہے۔
نتیش رانے نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی کے سامنے سڑک بلاک کرنا اور افطار کرنا بہت سنگین معاملہ ہے۔ میں نے اس بارے میں ڈپٹی کمشنر آف پولس سرکل-1 سے بات کی ہے۔ میں نے انہیں اس فٹ پاتھ کو فوری طور پر خالی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نتیش رانے نے یہ بھی کہا کہ اب وہاں کسی قسم کا روزہ افطار نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں ملک بھر سے مسلمان رمضان المبارک میں خرید و فروخت کی غرض سے آتے ہیں اسی طرح ممبئی کے ساکن مقامی افراد بھی نوکری پیشہ اور تجارتی شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ممبئی میں ٹریفک کے سبب افطاری کرنے کیلئے آسانی سے اپنے مقام پر پہنچنا بہت مشکل ہوتا ہے ۔اسی لئے اکثر لوگ گھر جاتے ہوئے راستے میں کہیں بھی افطار کے وقت ہوتے ہی افطار کرنے لگتے ہیں، یہ کچھ دیر کیلئے ہوتا ہے اس کے بعد سب اپنی اپنی راہ لیتے ہیں، لیکن اس جانب وزیر نتیش رانے کو اعتراض ہوا اور انہوں نے نریمان پوائنٹ اسمبلی کے سامنے فٹ پاتھ پر افطار کرنے سے منع کردیا ہے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com