مردہ باد، مردہ باد کریٹ سومیا مردہ باد، انقلاب زندہ باد، ہم وہ انقلاب ہیں ظلم کا جواب ہیں کے فلک شگاف نعروں کیساتھ شہیدوں کی یادگار پر انقلابی دھرنا
کمشنر،ہیلتھ آفیسر، تحصیل دار و نائب تحصیلدار اور ایف ڈی او کو بھی گرفتار کیا جائے ، آج کا احتجاج ٹریلر ہے، پکچر ابھی باقی ہے، ظلم و ناانصافی کیخلاف آخری دم تک لڑائی لڑینگے :آصف شیخ
سیاست کرنا ہمارا مقصد نہیں،یہاں کوئی بھی بنگلہ دیشی نہیں، ہم اس بدنامی کا داغ ہر حال میں دھوئیں گے؛ مستقیم ڈگنیٹی
بی جے پی اور اسکی دلال پارٹیاں مذہب کے نام پر حالات خراب کررہے ہیں ۔کریٹ سومیا کو یہاں آکر ناٹک کرنے کی بجائے ملک کے وزراء سے استعفیٰ مانگنا چاہیے: شان ہند
مالیگاؤں : 7 فروری (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر پر بنگلہ دیشی اور روہنگیائی کے جنم داخلوں کا الزام لگا کر صرف مسلم اکثریتی شہر کو بدنام کیا جارہا ہے، کریٹ سومیا اور سرکار کے اس ظلم و ناانصافی کیخلاف ہم آخری دم تک لڑتے رہیں گے ۔آج مالیگاؤں شہر کی دو خواتین جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید ہیں یہ ہمارے لئے بڑے افسوس کی بات ہے ۔آج کا احتجاجی دھرنا صرف دھرنا نہیں بلکہ یہ ایک ٹریلر ہے پکچر ابھی باقی ہے ۔اس طرح کے جملوں کا اظہار آصف شیخ نے کیا ۔موصوف مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کی جانب سے شہیدوں کی یادگار پر منعقدہ انقلابی دھرنا سے خطاب کررہے تھے ۔آصف شیخ نے کہا کہ سب سے پہلے سرکار جنم داخلوں پر لگی پابندی کو ہٹائے ۔آج بچے اسکول میں داخلہ لینے کیلئے ترس رہے ہیں۔انکا تعلیمی نقصان ہورہا ہے ۔مالیگاؤں شہر کو زبردستی نشانہ بنا کر بدنام کیا جارہا ہے یہ سب بند ہونا چاہئے ۔آصف شیخ نے کہا کہ کریٹ سومیا اور ایس آئی ٹی سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں ۔بی جے پی مالیگاؤں ہائی والوں کو ڈرا نہیں سکتی ۔ہمیں قانون سے لڑنا آتا ہے ۔آصف شیخ نے کہا کہ ایس آئی ٹی مالیگاؤں کارپوریشن کے کمشنر و ہیلتھ آفیسر اور تحصیل دار و نائب تحصیلدار کیساتھ ساتھ ایف ڈی او پر بھی مقدمہ درج کریں اور انہیں بھی جیل میں ڈالے ۔مالیگاؤں میں جن لوگوں کا جنم داخلہ بنا ہے وہ بالکل درست اور خالص ہندوستانی ہے، لیکن اگر سرکار انہیں کاغذات کی چھیڑ چھاڑ میں گرفتار کررہی ہیں تو پھر سرکاری آفیسران کو بھی گرفتار کرے ۔آصف شیخ نے کہا کہ ہم غریبوں پر ظلم برداشت نہیں کرینگے، ہمیں انصاف کیلئے لڑنا آتا ہے ۔آصف شیخ نے کہا کہ اس سلسلے میں آئندہ پیر یا منگل کو ہم منترالیہ جائیں گے اور اشتہارات وزیر اعلیٰ و نائب وزیر اعلیٰ اور سرکاری اعلیٰ حکام سے ملاقات کرینگے ۔انہوں نے آئندہ ہفتہ سنیچر کو ایک پریس کانفرنس لیکر آئندہ کی حکمت عملی ظاہر کرنے کا بھی اعلان کیا ۔آصف شیخ نے پولس انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ آنے والے دنوں میں شب برات اور پھر رمضان المبارک شروع ہورہا ہے، ان ایام میں شہریان کے ساتھ تعاون کریں ۔یہ مسلمانوں کا سب سے بڑا تہوار عید الفطر آنے والا ہے اس لئے اس کا خاص خیال رکھا جائے ۔
اس دھرنے میں سماجوادی پارٹی کے لیڈر مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ مالیگاؤں شہر میں ایک بھی بنگلہ دیشی و روہنگیائی نہیں ہے، بچے داخلے کیلئے ترس رہے ہیں، ماں جیل میں قید ہیں اور بچے دھرنے میں احتجاج کررہے ہیں، آج اگر شہریان نے بیداری کا مظاہرہ نہیں کیا تو آنے والے دن بڑے خطرناک ہوسکتے ہیں ۔مستقبل میں بیرون شہر روزگار اور تعلیم کیلئے جانے والے ہمارے بچوں اور بچیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔اس لئے آج باخبر رہنا ضروری ہے ۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ جس طرح ناسک پولس نے خفیہ آپریشن کیا اور ناسک میں بنگلہ دیشیوں کو گرفتار کیا ۔اسی طرح مالیگاؤں پولس بھی کیوں پریس کانفرنس لیکر بیان نہیں دیتی مالیگاؤں میں ایک بھی بنگلہ دیشی نہیں ہے، یہاں صرف شور مچایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاست کرنا ہمارا مقصد نہیں ہے ۔سیاست کیلئے ہمارے پاس بہت مواقع ہیں لیکن ہم اس بدنامی اور شہر کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والوں کو سبق سکھا کر رہیں گے اور ہم اس بدنامی کا داغ ہر حال میں دھوئیں گے ۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ اس معاملے میں اب پورے شہر کو آگے آنا ہوگا۔
اس احتجاجی مظاہرے میں سماجوادی پارٹی کی صدر شان ہند نے کہا کہ بی جے پی اور اسکی دلال پارٹیاں مالیگاؤں میں مذہب کے نام پر حالات خراب کررہے ہیں ۔کریٹ سومیا کو مالیگاؤں میں آکر ناٹک کرنے کی بجائے ملک کے وزیر دفاع و وزیر داخلہ سے استعفیٰ مانگنا چاہیے۔شان ہند نے کہا کہ اگر آج مالیگاؤں شہر کی عوام پر ظلم ہورہا ہے اور اگر کوئی نمائندہ خاموش رہتا ہے تو وہ ظالم کی حمایت کررہا ہے ۔جنم داخلہ معاملہ میں کریٹ سومیا اور بی جے پی اور انکے دلال جو مالیگاؤں کا ماحول خراب کررہے ہیں ہم انکی مذمت کرتے ہیں ۔آج ایم ایل اے و ایم پی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا کام کرے لیکن ظالموں کی حمایت میں خاموش رہ کر دلالی کررہے ہیں۔شان ہند نے کہا کہ ایجنسیاں اپنا کام صحیح کریں اور بارڈر پر دھیان دیں ۔مالیگاؤں شہر شفاف ہے یہاں ایک بھی بنگلہ دیشی نہیں ہے ۔انہوں نے مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کی ہر تحریک کو حمایت دیتے ہوئے کاندھے سے کاندھا ملانے کا اعلان کیا ۔اس موقع پر صابر گوہر، فاروق فردوسی وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اس دھرنے میں مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کے ارکان نے مردہ باد، مردہ باد کریٹ سومیا مردہ باد، انقلاب زندہ باد، ہم وہ انقلاب ہیں ظلم کا جواب ہے کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین نے اس دھرنے میں شرکت کی اور اپنی بیداری کا ثبوت دیا ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com