چوتھے ملزم ایڈوکیٹ خالد کی ضمانت رد ، نجمہ بانو ،شبانہ بانو اور سید ساجد کو عدالتی تحویل
جنم داخلہ معاملہ میں حالات سنگین، اب پورے شہر کو بیدار ہونے کی ضرورت ، آصف شیخ و مستقیم ڈگنیٹی کی اپیل
جمعہ کو شہیدوں کی یادگار پر مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کا انقلابی دھرنا ،عوام شرکت کریں
مالیگاؤں : 6 فروری (بیباک نیوز اپڈیٹ) جنم داخلہ معاملہ میں ایس آئی ٹی کے ذریعے گرفتار کئے گئے سید ساجد، نجمہ بانو اور شبانہ بانو کو جمعرات کو عدالت میں پیش کیا گیا ۔جہاں معزز جج نے تینوں ملزمین کو عدالتی تحویل میں رکھے جانے کا حکم صادر کیا، وہیں پولس نے اس معاملے میں مزید ایک ملزم کی ریمانڈ رپورٹ عدالت میں پیش کی ۔اس ریمانڈ رپورٹ میں پولس نے چوتھے ملزم ایڈوکیٹ خالد یوسف کا نام شامل کیا ہے ۔اس طرح کی تفصیلات ایڈوکیٹ عارف شیخ ،ایڈوکیٹ عبد العظیم خان اور آصف شیخ و مستقیم ڈگنیٹی نے میڈیا نمائندوں کو دی ۔اس موقع پر آصف شیخ نے کہا کہ ملزمین کے کاغذات میں بے ترتیبی کے سبب انہیں گرفتار کیا گیا تھا جنہیں آج عدالت نے ایم سی آر دے دیا ہے لیکن چوتھے ملزم کے طور پر انکے کاغذات بنانے کے الزام میں خالد یوسف نامی وکیل کا نام پولس نے ریمانڈ رپورٹ میں شامل کیا ہے ۔آصف شیخ نے بتایا کہ یہ افسوس ناک بات ہے کہ اب وکیل بھی شک کے دائرے میں ارہے ہیں اور ان پر بھی کیس درج ہورہا ہے ۔جنم داخلہ معاملہ میں انتہائی سنگین حالات بنائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دوسری جانب اسکولی طلباء کا جنم داخلہ نہیں بن رہا ہے جس سے انکا تعلیمی نقصان ہورہا ہے اور اس سلسلے میں ہم نے ایس آئی ٹی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں 6 فروری تک انتباہ دیا تھا کہ طلباء کے جنم داخلے بنا کر دیئے جائیں ورنہ سات فروری کو شہیدوں کی یادگار پر دھرنا دیا جائے گا ۔آصف شیخ نے اس دھرنے میں پورے شہر کی عوام سے بیداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شرکت کی اپیل کی ۔یہاں مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ حالات انتہائی سنگین ہوتے جارہے ہیں اب اس معاملے میں پورے شہر کو بیدار ہونے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنم داخلہ معاملہ میں ایڈوکیٹ خالد یوسف نے اپنا وکیل پتر داخل کیا لیکن پولس نے اسے بھی ملزم بنایا ہے ۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ اب وکیل بھی محفوظ نہیں ہے ۔ایسے حالات میں ہم نے بار کونسل سے بھی اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مورخہ 7 فروری بروز جمعہ کو دوپہر میں تین بجے شہیدوں کی یادگار پر انقلابی دھرنا دیا جارہا ہے اور اس دھرنے میں وکلاء بھی شرکت کررہے ہیں ۔مستقیم ڈگنیٹی نے شہریان سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس دھرنے میں شرکت کریں ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com