رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر شہر میں صاف صفائی، پانی سپلائی اور روشنی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا مطالبہ، مستقیم ڈگنیٹی کی قیادت میں سماج وادی وفد کی کارپوریشن کمشنر سے ملاقات



رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر شہر میں صاف صفائی، پانی سپلائی اور روشنی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا مطالبہ ، مستقیم ڈگنیٹی کی قیادت میں سماج وادی وفد کی کارپوریشن کمشنر سے ملاقات



مالیگاؤں : 27 فروری (بیباک نیوز اپڈیٹ) رمضان المبارک کی مقدس ساعتیں قریب آتے ہی سماج وادی پارٹی کے ایک نمائندہ وفد نے پارٹی کے رہنما مستقیم ڈگنیٹی صاحب کی قیادت میں میونسپل کارپوریشن کمشنر رویندر جادھو سے خصوصی ملاقات کی۔ وفد نے اس دوران رمضان المبارک کے دوران عوامی سہولیات اور انتظامات سے متعلق اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی اور چند اہم مطالبات بھی پیش کیے۔

وفد نے رمضان المبارک کے دوران شہر میں خصوصی صفائی مہم چلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ روزانہ صبح کے اوقات میں ہونے والی معمول کی صفائی کے ساتھ ساتھ افطار کے بعد بھی شہر کے اہم علاقوں، مساجد کے اطراف، گلیوں اور بازاروں میں اضافی صفائی عملہ متعین کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی گندگی اور بدبو کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ رمضان میں عوامی مقامات پر صفائی اور کچرے کی بروقت نکاسی یقینی بنانا نہایت ضروری ہے، کیونکہ اس دوران بازاروں میں رش بڑھ جاتا ہے اور عوام رات دیر تک خریداری اور عبادات میں مصروف رہتے ہیں۔

اسی کے ساتھ پانی سپلائی کے لیے باقاعدہ شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ بھی کارپوریشن سے کیا گیا 
وفد نے اس اہم مسئلے کی جانب بھی کمشنر صاحب کی توجہ مبذول کرائی کہ رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں پانی کی فراہمی نہ ہو کیونکہ خواتین سحری اور افطار کے کھانے کی تیاری میں مصروف رہا کرتی ہیں اس وقت پانی فراہمی سے خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔  
رمضان کے دوران پانی کی فراہمی کا شیڈول جاری کیا جائے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ عوام کو دشواریوں سے بچایا جا سکے۔

اسکے علاوہ لائٹ کے انتظامات بہتر بنانے کی اپیل بھی کی گںئ چونکہ رمضان کے دوران عبادات کا خاص اہتمام ہوتا ہے اور رات کے اوقات میں عوامی آمدورفت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے، اس لیے وفد نے مطالبہ کیا کہ تمام اہم شاہراہوں، مساجد کے راستوں، بازاروں اور گلیوں میں اسٹریٹ لائٹس کو فوری درست کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں اضافی لائٹس نصب کی جائیں۔ خاص طور پر تراویح اور شب بیداری کے دوران مکمل روشنی کا انتظام انتہائی ضروری ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی یا عدم تحفظ کا احساس نہ ہو۔
میونسپل کارپوریشن کمشنر جناب رویندر جادھو صاحب نے وفد کے تمام نکات اور مطالبات کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو طلب کرکے رمضان المبارک کے دوران خصوصی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے۔ کمشنر صاحب نے یقین دلایا کہ رمضان کے دوران شہر میں صفائی، پانی اور روشنی کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

سماج وادی پارٹی کے اس وفد میں مستقیم ڈگنیٹی صاحب کے ساتھ پارٹی کے سینئر کارپوریٹر اور سماجی شخصیات شامل تھیں، جن میں کارپوریٹر عبدالباقی راشن والے، حاجی رئیس، ستارہ فیضان، رجو، الطاف ماما، ابو شعیب نہالی، شہزاد ماسٹر، ابواللیث انصاری، امین مقادم، طارق مچھلی والے، وسیم شیخ، اقبال انصاری قلعہ، اسماعیل پلمبر، انیس سیٹھ، منتظم ڈگنیٹی، حسن لکی، اعجاز پاپے، اوصاف انصاری، اسرائیل بھائی اور دیگر معززین شامل تھے۔

سماج وادی پارٹی کے وفد نے امید ظاہر کی کہ کارپوریشن انتظامیہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں عوامی سہولیات کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی نہ کرے گی اور عوام کو صاف ستھرا ماحول، معیاری پانی کی سپلائی اور سڑکوں پر روشنی فراہم کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے