طالبات کو برقعہ پہن کر امتحان دینے کی اجازت نہ دی گئی تو نتیش رانے اور وزیر تعلیم دادا بھسے کیخلاف سخت احتجاج کا انتباہ
کریٹ سومیا کی سرکاری دفاتر میں آمد پر روک لگائی جائے، سومیا گو بیک کا نعرہ
آصف شیخ و مستقیم ڈگنیٹی کی قیادت میں مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کا گاندھی مجسمہ پر احتجاج
مالیگاؤں : 31 جنوری (بیباک نیوز اپڈیٹ) روہنگیائی اور بنگلہ دیشیوں کی پناہ گاہ کا سنگین الزام مالیگاؤں شہر پر عائد کرنے اور ایس آئی ٹی کی تشکیل و جانچ پڑتال کے بعد بھی اگر شکایت کنندہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر کریٹ سومیا مالیگاؤں میں سرکاری دفاتر پر ارہے ہیں تو یہ مالیگاؤں شہر کی بدنامی اور خود وزیر دادا بھسے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔کریٹ سومیا کی سرکاری دفاتر میں آمد پر روک لگائی جائے ۔ہمیں ایس آئی ٹی کی جانچ پڑتال ہر پورا اعتماد ہے ۔لیکن کریٹ سومیا کون ہوتا ہے جو بار بار اس معاملے میں مالیگاؤں آکر شہر کو بدنام کررہا ہے؟ کریٹ سومیا کے گمراہ کن الزامات کیخلاف آج ہم نے مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کے بینر تلے گاندھی مجسمہ پر خاموش احتجاج درج کیا ۔اس طرح کے جملوں کا اظہار آج صبح آصف شیخ رشید نے کیا ۔انہوں نے کہا کہ مالیگاؤں شہر صرف مسلمانوں کا شہر نہیں ہے بلکہ اس شہر و تعلقہ میں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سب مل کر رہتے ہیں ۔اگر اس شہر کو فرقہ پرست عناصر بدنام کرینگے تو یہ شہر برباد ہوجائے گا ۔یہاں کمپنیاں نہیں آئے گی، روزگار نہیں بڑھے گا ۔تعلیم و آمد و رفت کا جدید انتظام نہیں ہوسکے گا ۔اس شہر کی ہمہ جہت ترقی اور شفاف شبیہ چاہتے ہیں تو شہر و تعلقہ کے تمام ہندو مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اس بدنامی کیخلاف مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کا ساتھ دیں ۔اس موقع پر آصف شیخ نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ابھی حال ہی میں نتیش رانے کا متنازعہ بیان دیکھنے کو ملا کہ دسویں اور بارہویں بورڈ امتحانات میں مسلم طالبات کو برقعہ پہن کر امتحانات دینے کی اجازت نہ دی جائے ۔اس بیان پر وزیر تعلیم دادا بھسے نے گول مول جواب دیا ہے ۔آصف شیخ نے مزید کہا کہ دادا بھسے مالیگاؤں میں مسلمانوں کے بیچ پیدا ہوئے ہیں اور ہندوستانی قانون نے تمام شہریوں کو حقوق دیئے ہیں کہ وہ اپنی مذہبی شناخت کیساتھ زندگی گزارے تو پھر نتیش رانے کون ہوتے ہیں جو برقعہ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں؟ آصف شیخ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ مالیگاؤں آؤٹر کے ایم ایل اے و وزیر تعلیم دادا بھسے برقعہ پر پابندی نہیں لگائیں گے اور طالبات کو اجازت دینگے کہ وہ برقعہ پہن کر امتحانات میں دینے جائیں ۔آصف شیخ نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم سے ہمارا جمہوری حق چھینا گیا اور طالبات کو برقعہ پہننے کی اجازت نہ دی گئی تو پھر ہم مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کی جانب سے مالیگاؤں شہر میں نتیش رانے اور وزیر تعلیم دادا بھسے و سرکار کیخلاف سخت احتجاج کرینگے اور ہمارا حق لیکر رہیں گے ۔
اس احتجاج کے دوران مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ کریٹ سومیا کا الزام غلط ہے ۔ایس آئی ٹی جانچ کررہی ہیں تو کریٹ سومیا کا اب کوئی کام نہیں باقی رہتا ۔انہیں مالیگاؤں آنے کی کوئی ضرورت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ دادا بھسے کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے کہ کریٹ سومیا بار بار مالیگاؤں آکر جانچ و تفتیش میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ کریٹ سومیا پر ہمیں بھروسہ نہیں ہے ۔انکی آمد پر روک لگائی جائے اور انہیں سرکاری دفاتر میں آنے سے منع کیا جائے ۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ نتیش رانے کا بیان بھی دہلی اسمبلی چناؤ کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔ہم اس بیان کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔اس موقع پر مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کے رضاکاروں نے کریٹ سومیا گو بیک، کریٹ سومیا کی دادا گیری نہیں چلے گی جیسے فلک شگاف نعرے لگائے ۔یہاں مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کے سیکڑوں رضاکار موجود تھے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com