تعلیم یافتہ مستورات سے انتخابی منشور کی تجاویز طلب ، آصف شیخ کی دُختر ڈاکٹر نمرہ کی کنوینر شپ میں آنچل ونگ کا آغاز
مالیگائوں ، 26اگست(پریس ریلیز) مالیگاؤں کی خواتین کے جملہ مسائل سے واقفیت اور اس کے حل کیلئے سنجیدہ کوشش کرنے کے مقصد سے آصف شیخ رشید کی دُختر نیک اختر ڈاکٹر نمرہ شیخ کی کنوینر شپ میں غیر سیاسی پلیٹ فارم آنچل ونگ کا افتتاح کل شام ڈائمنڈ لانس میں شہر کی پڑھی لکھی خواتین کی کثیر تعداد کی موجودگی میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت سابق میئر طاہرہ شیخ رشید نے کی اور کہا کہ شیخ رشید مرحوم کے خانوادہ میں خدمت خلق کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہے ۔ اس موقع پر آنچل ونگ کی کنوینر ڈاکٹر نمرہ آصف شیخ نے خواتین کی تعلیم و صحت کو لے کر سنجیدہ کام کرنے کی ضرورت جتلائی ۔ اور کہا کہ مجھ تک جو بھی کام آئے گا میں اپنے والد کی مدد سے حل کراونگی۔ آپ نے شہر میں ہیلتھ سینٹراور سرکاری دواخانوں کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں مستورات کی طرف سے جو مشورے اور تجاویز آئیں گی ہم اسے انتخابی منشور میں شامل کرائیں گے اور مالیگائوں کی خواتین کو بہتر تفریحی سہولیات، بہتر رہائشی نظم ، بہتر صحت ، بہتر تعلیم و تربیت کیلئے کوشاں رہیں گے ۔
اس موقع پر مہمانانِ خصوصی خواتین نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ جن میں ایڈوکیٹ عرفانہ حمدانی نے شہر میں NEET-UPSC-MPSCسینٹربرائے گرلز کی مانگ رکھی ۔ شہر کی سینئرمعلمہ اور عالمہ و مبلغہ محترمہ تسلیمہ آپا ، اور عالمہ قاریہ سعدیہ آپا ، ثمیہ آپا اور ڈاکٹر اُم کلثوم صدیقی نے بھی اپنے تاثرات پیش کئے ۔ اور خدمت خلق کے اسلامی تصور پر گفتگو کرتے ہوئے مرحوم شیخ رشید اور شیخ آصف کے ملی و سماجی کاموں کی سراہنا کی ۔ اس موقع پر جے اے ٹی کیمپس کی فہمیدہ آپا اور تسنیم حیات زوجہ نہال احمد انصاری نے بھی لڑکیوں کی تعلیم کے لحاظ سے اپنی تجاویز رکھیں اور آصف شیخ کو ایک تعلیم پسند لیڈر قرار دیا۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے اس پروگرام میں ڈاکٹر فریدہ انصاری ، ڈاکٹر طیبہ انصاری ، شگفتہ بیوٹی پارلر کی روحِ رواں رفعت نسرین کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ حیات کی خواتین ، ڈاکٹرس ، ٹیچرس ، عالمائیں اور کالج کی طالبات نے خصوصیت سے شر کت کی ۔ اور اپنی تجاویزمشورے فیڈ بک فارم کے ذریعے سینکڑوں کی تعداد میں رکھے ۔ اس موقع پر آصف شیخ رشید نے خواتین کیلئے کئے گئے اپنے اہم کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے مستقبل میں بھی کچھ انوکھے پروجیکٹ مستورا ت کیلئے لانے کا وعدہ کیا ۔آپ نے ہل اسٹیشن ، اُردو گھر ، درسی کتب ، کمپیوٹر لیب، ٹاپرس طالبات کو لیپ ٹاپ کا انعام اور معلمات کو مثالی معلمہ ایوارڈس جیسی سابقہ کاوشات کو یاد دلاتے ہوئے مستورات سے کہا کہ آپ کے مشوروں کو ہم انتخابی منشور کا حصہ بنائیں گے آپ نے وعدہ کیاکہ عنقریب شہر میں ایک مثالی کوچنگ سینٹرکی تعمیرشروع ہوگی ۔ جہاں NEET-JEEکے علاوہ دیگر مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کم سے کم فیس پر کرائی جائے گی۔
رسم شکریہ ادا کرتے ہوئے آنچل ونگ کی کنوینر ڈاکٹر نمرہ شیخ نے بتایا کہ آج تو ہم نے تعلیم یافتہ مستورات کی تجاویز و مشورے لئے ہیں آئندہ ہفتہ سے مختلف محلوں میں آنچل ونگ کی خواتین خود پہنچ کر مستورات سے مل کر ان کے مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گی اور مستقبل کا لائحہ عمل طئے کیا جائے گا۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com