سُرانہ جیولرس پر انکم ٹیکس کا چھاپہ، 26 کروڑ نقد سمیت 90 کروڑ کی پراپرٹی ضبط ، ناسک، ناگپور ، جلگاؤں انکم ٹیکس کی کارروائی


سُرانہ جیولرس پر انکم ٹیکس کا چھاپہ، 26 کروڑ نقد سمیت 90 کروڑ کی پراپرٹی ضبط ، ناسک، ناگپور ، جلگاؤں انکم ٹیکس کی کارروائی 



سات گاڑیوں میں بھر کر نقد رقم لے جائے گئی، دیواروں میں چھپا کر رکھے گئے تھے کروڑوں روپے، نوٹوں کی گنتی میں لگے 14 گھنٹے 





ناسک : 26 مئی (بیباک نیوز اپڈیٹ) ناسک کے سُرانہ جیولرس پر محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے مارے گئے ۔چھاپے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فرنیچر کو توڑ کر کرنسی نوٹوں کی دیواریں بنائی گئی تھی۔ اس چھاپے میں نقدی گننے میں 14 گھنٹے لگے۔ پھر اس نقدی کو لے جانے کے لیے سات گاڑیاں استعمال کی گئیں۔  

محکمہ انکم ٹیکس کے ذریعہ مارے گئے چھاپوں میں تقریباً 26 کروڑ روپئے نقد اور 90 کروڑ روپئے کے بے حساب اثاثوں کے دستاویزات ضبط کئے گئے ہیں۔ گزشتہ تین دنوں سے محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم جال بچھائے ہوئے تھی۔ اس کے بعد ٹیم کو بڑی کامیابی ہاتھ لگی ۔نوٹوں کے بنڈل گننے میں تقریباً 14 گھنٹے لگے ۔


اس کارروائی میں ناگپور، جلگاؤں اور ناسک کی انکم ٹیکس ٹیم نے اپنی کارکردگی پیش کی۔ اس آپریشن میں 50 سے 55 افسران موجود تھے۔ اس آپریشن میں سُرانہ جیولرس کے مالک کے بنگلے، مکان اور آفس کی جانچ پڑتال کی گئی۔ اسی طرح پرائیویٹ لاکرز اور بینکوں میں موجود لاکرز کو بھی چیک کیا گیا۔ 

 یہ چھاپہ ناسک کے کالج روڈ پر واقع جیولر کے بنگلے اور منماڑ کے ایک گھر پر جمعرات کی شام تقریباً 6 بجے مارا گیا۔ اس کارروائی میں پین ڈرائیو اور ہارڈ ڈسک بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔مزید تحقیقات انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران کررہے ہیں ۔جیولرس کے مالک سرانہ کے زمین کے کاغذات کی بھی جانچ کی جارہی ہیں ۔اب تک انکم ٹیکس حکام نے 116 کروڑ روپے کے اثاثوں اور دستاویزات کو ضبط کیا ہے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے