غزہ کے ہسپتال پر حملے کی آگ صیہونیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی، اسرائیل کے جنگی جرم پر خاموشی جائز نہیں : صدر ایران
صیہونی حکومت کا غزہ کے ہسپتال پر حملے میں 500 سے زائد افراد جاں بحق، اسلامی ممالک نے شدید مذمت کی
عالمی برادری اسرائیل کی وحشیانہ بمباری پر دہرے سلوک کو بند کرے ، اسرائیل کا حملہ انسانی و عالمی قوانین کے خلاف
غزہ :18 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ / ایجنسی)غزہ میں صیہونی حکومت کے اس وحشیانہ حملے تقریباً 500 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ۔اس حملے کے بعد ایران، اردن، بحرین، مراکش، سعودی عرب، قطر ، عمان ، متحدہ عرب امارات ، الجزائر ، لبنان، مصر، ترکیہ، پاکستان جیسے اسلامی اور عرب ممالک نیز اسپین، روس، فرانس اور جرمنی جیسے بہت سے مغربی ممالک نے المعمدانی ہسپتال پر صیہونی حکومت کی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے المعمدانی ہسپتال پر صیہونی حکومت کے حملے کے خلاف اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ المعمدانی ہسپتال پر حملے کی آگ صیہونیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی ۔صدر ایران نے مزید کہا کہ اس جنگی جرم پر کسی بھی آزاد انسان کی خاموشی جائز نہیں ہے اور ایران بھی ملت اسلامیہ کی طرح سوگوار ہے اور بدھ کے دن عام سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کر کے اس جرم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ وحشیانہ جارحیت تمام عالمی قوانین منجملہ انسانی قوانین کے منافی ہے اور یہ وحشیانہ جارحیت ریاض کے لئے ناقابل قبول ہے۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہرے معیارات سے اجتناب کرے اور صیہونی حکومت کے مجرمانہ اقدامات کے خلاف اپنی مرضی کے بین الاقوامی قوانین پرعملدرآمد سے باز رہے۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی مکمل ذمےداری صیہونی حکومت پرعائد ہوتی ہے۔عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط نے بھی صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کی ہے۔
خلیج فارس تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نے بھی ایک بیان میں صیہونی حکومت کے حالیہ جرائم اور المعمدانی ہسپتال میں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔مصر کی الازہر یونیورسٹی نے بھی صیہونی حکومت کے تازہ مظالم کی مذمت کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ عرب اور اسلامی قوم کو خود غرض اور سینہ زور مغرب پر انحصار کرنے کی اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔ فلسطینیوں کو اس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ مغرب والے اپنے تمام تر فوجی وسائل کے باوجود آپ کے مقابلے میں کمزور اور بزدل ہیں۔وہیں قطر کی وزارت خارجہ نے بھی المعمدانی ہسپتال پر صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے وحشیانہ قتل عام اور عام شہریوں پر ظلم قرار دیا ہے۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غاصب اسرائیل کو عام شہریوں پر مزید مظالم ڈھانے سے روکنے کے سلسلے میں اپنی ذمےداری نبھائے۔یمن کی قومی نجات حکومت کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں المعمدانی ہسپتال پر صیہونی حکومت کی بمباری کی مذمت کی ہے۔ بیان میں مزید آیا ہے کہ غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت جاری رہنے کے خطے کی سلامتی اور استحکام پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
شام کی حکومت نے بھی غزہ میں المعمدانی ہسپتال پر صیہونی حکومت کے حملے کے خلاف اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی ظالم فوجیوں نے اس حملے میں جس جرم کا ارتکاب کیا ہے وہ عصر حاضر میں بدترین اور خونریز ترین نسل کشی ہے۔شامی حکومت کے بیان میں مزید آیا ہے کہ دمشق حکومت غزہ کے سیکڑوں بے گناہ افراد کی نسل کشی کو ایک وحشیانہ اقدام جانتی ہے۔دوسری جانب اسلامی جمہوریہ عراق، اردن یمن ، قطر اور لبنان سمیت مختلف اسلامی اور عرب ممالک کے باشندوں نے المعمدانی ہسپتال پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالیں۔واضح رہے کہ دنیا کے مختلف ممالک کے حکام اور تنظیموں کی جانب سے المعمدانی ہسپتال پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے اور سب کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت اس سلسلے میں جوابدہ ہے۔یاد رہے کہ المعمدانی ہسپتال پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے میں اب تک ایک ہزار سے زیادہ افراد شہید ہوچکے ہیں۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے بہت سے افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com