کربلا آج بھی لوگوں کو حوصلہ، حق گوئی، بیباکی اور استقامت کا پیغام دیتا ہے آج سے ذکر شہدائے کربلا پروگرام کا آغاز
سنی دعوت اسلامی مالیگاؤں کے زیراہتمام 25 سالوں سے جاری 10 روزہ پروگرام کی تفصیلات اجاگر
حضرت مولانا سید امین القادری صاحب قبلہ کے سلسلہ وار خطاب، پریس کانفرنس سے مخاطبت
مالیگاؤں (پریس ریلیز) 18/جولائی بروز منگل بعد نماز عشا سنّی جامع مسجد یارسول اللہ کے برکاتی ہال میں عالمی تحریک سنی دعوت اسلامی کی جانب سے شہر بھر میں ذکر شہدائے کربلا کے ہونے والے دس روزہ پروگرامات کے سلسلے میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔جس میں حافظ غفران اشرفی نے پروگرامات کے مقاصد اور ابتدائی دن کی محافل کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ سواد اعظم اہلسنّت و جماعت کی عالمگیر تحریک سنّی دعوت اسلامی گزشتہ تین دہائیوں سے شہر میں دینی،ملی،سماجی اور رفاعی کاموں کے لیے ہمہ تن مصروف ہے۔اِس میں متعدد شعبہ جات ہیں ان تمام شعبہ جات میں دعوت و تبلیغ کے ذریعہ سال میں کئی سالانہ سلسلہ وار محافل جن میں میلادالنبی، شب برات، معراج النبی اور ذکر شہدائے کربلا کا انعقاد ہوتا ہے۔ ذکر شہدائے کربلا کی ابتدائی محفل کمال پورہ اسپیشل بیکری کے سامنے چند افراد کے ذریعہ شروع ہوئی اور ایک چھوٹی سی گلی سے شروع ہونے والی محفل آج عالمی شہرت کی حامل بن گئی ہے جسے الیکٹرانک میڈیا کے ذریعہ سے پوری دنیا کے لوگ براہ راست سماعت کرتے ہیں۔کربلا جب بھی بیان کیا جاتا ہے تو لوگوں کو حوصلہ، ہمت، استقامت اور باطل سے بے باکی کے ساتھ نبرد آزمائی کا جذبہ ملتا ہے۔ ماہ محرم کی محافل سے لوگوں میں گناہوں سے بچنے کی ترغیب، سماج کی اصلاح، عقائد و اعمال کی اصلاح کا پیغام دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں مرد و خواتین اپنی زندگی میں انقلابی تبدیلی لانے کی کوشش کرتے ہیں۔ امسال ٢۵ سالہ دس روزہ محافل شہر کے الگ الگ مقامات پر منعقد ہورہی ہیں جن میں آل رسول حضرت علامہ مولانا الحاج سید محمد امین القادری صاحب قبلہ (نگراں سنی دعوت اسلامی) واقعات کربلا کو گزشتہ ٢۵ برسوں سے بیان کرتے چلے آرہے ہیں اور ان شاء اللہ امسال بھی احادیث کی معتبر کتب، روایات صحیحہ اور اکابرین کی کتب تواریخ سے بیان فرمائیں گے۔پریس کانفرنس میں قاری نور محمد صاحب نے پروگرامات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے شہریان سے ان دس روزہ پروگرامات میں شرکت کی خصوصی درخواست کی۔ رضوان میمن نے پروگرامات کی تیاریوں سے متعلق آگاہی دی۔ جب کہ نعیم نوری صاحب نے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے اراکین کا شکریہ ادا کیا اخیر میں حافظ مقصود اشرف صاحب نے دعا فرمائی۔ پریس کانفرنس میں قاری عبدالسلام قادری سمیت سنی دعوت اسلامی کے ذمہ داران حاضر تھے۔
۱۰ روزہ پروگرامات کی تفصیلات:- پہلا پروگرام: 20 جولائی 2023ء یکم محرم الحرام بروز جمعرات، نزد مسجد نجم النساء کے پاس، 60 فٹی روڈ۔ دوسرا پروگرام: 21 جولائی 2023ء بروز جمعہ دو محرم الحرام، رضا چوک، نزد رضا مسجد گولڈن نگر۔ تیسرا پروگرام: 22 جولائی 2023ء تین محرم الحرام بروز سنیچر باب عثمان غنی، ڈپو مین روڈ، گلشیر نگر۔ چوتھا پروگرام: 23 جولائی 2023ء چار محرم الحرام بروز اتوار غوثِ اعظم روڈ، انور شعبان نگر۔ پانچواں پروگرام: 24 جولائی 2023ء پانچ محرم الحرام بروز پیر نزد غریب نواز ہال، ہڈکو کالونی۔ چھٹا پروگرام: 25 جولائی 2023ء چھ محرم الحرام بروز منگل اشرفُ الفقہا چوک، نزد مسجد کلثوم اشرفی، رمضان پورہ۔ ساتواں پروگرام: 26 جولائی 2023ء سات محرم الحرام بروز بدھ جیلانی چوک، آزاد نگر۔ آٹھواں پروگرام: 27 جولائی 2023ء آٹھ محرم الحرام بروز جمعرات نور باغ چوک، نور باغ۔ نواں اور دسواں پروگرام: 28 اور 29 جولائی 2023ء نو اور دس محرم الحرام بروز جمعہ، سنیچر ATT ہائی اسکول گراؤنڈ، قدوائی روڈ مالیگاؤں۔ تمام پروگرامات بعد نماز مغرب سے رات ۱۰ بجے تک ہونگے، بارش ہونے کی صورت میں بھی پروگرام طے شدہ مقام پر ہی ہونگے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com