قبرستان معاملہ : وزیر داخلہ دیویندر فرنویس کا فرمان ، ضلع کلکٹر انکوائری آفیسر نامزد ،جانچ شروع
ایڈیشنل کلکٹر آفس میں پولس ، کارپوریشن اور محصول محکمہ کی اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقاد ،آصف شیخ کی شرکت
میٹنگ میں تین اہم فیصلے، پولس و کارپوریشن انتظامیہ کو ہدایات جاری
مالیگاؤں : 28 فروری (بیباک نیوز اپڈیٹ)ہیرا پورہ قبرستان کی زمین کو لیکر معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے ۔حاصل تفصیلات کے مطابق آصف شیخ، سابق رکن قانون ساز اسمبلی، مالیگاؤں سنٹرل اسمبلی حلقہ نے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ و وزیر داخلہ کو شکایت کی تھی کہ مالیگاؤں کارپوریشن کی حدود سنگمیشور سروے نمبر 120،117 اور 121 کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا جارہا ہے اور اس زمین کو غیر قانونی طور پر خرید و فروخت کیا جارہا ہے لہٰذا اس جانب توجہ دیکر کارروائی کی جائے ۔آصف شیخ کی اس شکایت کی روشنی میں وزارت داخلہ مہاراشٹر حکومت نے ناسک ضلع کلکٹر کو جانچ کر فوری کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔اسی سلسلے میں ناسک ضلع کلکٹر نے مالیگاؤں کی ایڈیشنل کلکٹر مایا پٹولے مکتوب روانہ کرتے ہوئے میٹنگ کے انعقاد کا آرڈر دیا ۔اس ضمن میں آج ایڈیشنل کلکٹر آفس میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقاد مایا پٹولے کی صدارت میں ہوا جس میں پولس انتظامیہ، محصول اور کارپوریشن انتظامیہ اور شکایت کنندہ آصف شیخ نے شرکت کی۔
مایا پٹولے نے میٹنگ میں ہیرا پورہ قبرستان کی ریزرویشن زمین کے متعلق گفت و شنید کرتے کیا اور کارپوریشن کے ڈیولپمینٹ پلان کے مطابق سنگمیشور سروے نمبر 117، 120 اور 121 ریزرویشن نمبر 378 کی زمین مسلم قبرستان کے لیے مختص ہے اور اس جگہ کی غیر قانونی خرید و فروخت اور تعمیرات کی جارہی ہے۔تاہم اس معاملے میں تین اہم فیصلے لئے گئے ۔ان میں ایڈیشنل کلکٹر نے کارپوریشن اور پرشاشک کو ہدایات دی کہ وہ ہیرا پورہ قبرستان کیلئے ریزرو کی گئی زمین کے مالک کو طلب کرتے ہوئے بات چیت کر اسکی قیمت ادا کرے اور دوسرا فیصلہ یہ لیا گیا کہ اس ریزرو زمین کو قبرستان کے لئے قابل استعمال بنانے کیلئے یہاں کئے گئے غیر قانونی تعمیر پر روک لگا کر انہیں مسمار کیا جائے اس کے علاوہ تیسرا فیصلہ یہ لیا گیا کہ پولس انتظامیہ کارپوریشن کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے مذکورہ ریزرویشن اراضی کیلئے پولس بندوبست فراہم کرے، کارپوریشن انتظامیہ پولس بندوبست کی نگرانی میں مذکورہ قبرستان کی زمین کیلئے فوری طور کارروائی کریں اور اس کارروائی کے تمام ریکارڈ مذکورہ محکمہ کو پیش کریں ۔اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر مایا پٹولے ،ایڈیشنل ایس پی انیکیت بھارتی، کارپوریشن سے جادھو، نگر رچنا و محصول محکمہ کے اعلی افسران اور آصف شیخ موجود تھے ۔اس سلسلے میں سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے نمائندہ بیباک کو بتایا کہ ہم نے گزشتہ 15 فروری کو وزیر داخلہ دیویندر فرنویس سے ملاقات کرتے ہوئے جو شکایت پیش کی تھی اس میں کارپوریشن ڈیولپمنٹ پلان، کارپوریشن جنرل بورڈ میٹنگ کا ٹہراؤ ،منظور شدہ نقشہ اور دیگر قانونی تفصیلات بھی پیش کی تھی اس ضمن میں وزیر داخلہ دیویندر فرنویس نے ناسک ضلع کلکٹر کو حکم جاری کرتے ہوئے مذکورہ معاملہ میں کارروائی کرنے کیلئے آفیسر نامزد کیا ہے اور اس ضمن میں کلکٹر کی نمائندہ ایڈیشنل کلکٹر مایا پٹولے نے آج میٹنگ طلب کرتے ہوئے کارروائی شروع کردی ہے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com