آصف شیخ اور مفتی اسماعیل ہوئے بغل گیر، خوشگوار ملاقات میں ہوئی سرگوشیاں ، سوشل میڈیا و سیاسی گلیاروں میں نئی بحث کا آغاز


آصف شیخ اور مفتی اسماعیل ہوئے بغل گیر، خوشگوار ملاقات میں ہوئی سرگوشیاں ، سوشل میڈیا و سیاسی گلیاروں میں نئی بحث کا آغاز 


مفتی اسماعیل اور شیخ آصف کے تاثرات ، کیا یہ ملاقات سیاسی اتحاد کا پیش خیمہ ثابت ہوگی؟ 


مالیگاؤں : 30 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر میں ان دنوں شادیوں کا سیزن چلا رہا ہے اور روزانہ درجنوں شادیوں کی تقاریب منعقد ہورہی ہیں ۔ایسی ہی ایک شادی کی تقریب مشہور سماجی خادم شفیق اینٹی کرپشن کے یہاں اے ٹی ٹی ہائی اسکول گراؤنڈ پر منعقد ہوئی ۔ شفیق اینٹی کرپشن کی بیٹی کی شادی میں شہر کے رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی اور انکے سیاسی حریف سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید بھی پہنچے ۔جہاں ان دونوں لیڈران کی خوشگوار ملاقات ہوئی جسکا ویڈیو شوسل میڈیا پر گشت کررہا ہے ۔اس ویڈیو پر صارفین بالخصوص عوام کا رد عمل بھی بڑا دلچسپ سامنے آرہا ہے۔عوام ان دونوں لیڈران کی ملاقات سے خوش ہیں ۔مفتی اسماعیل اور شیخ آصف بغل گیر ہوئے اور انکے درمیان طویل گفتگو بھی ہوئی ۔اب سوال یہ پیدا ہورہا ہے کہ ان لیڈران کی گفتگو کا موضوع کیا تھا؟ 

اس سلسلے میں نمائندہ بیباک سے گفتگو کرتے ہوئے رکن اسمبلی مفتی اسماعیل نے کہا کہ میری ذاتی دشمنی یا عداوت کسی سے نہیں ہے ہم اسلام کے پیروکار ہیں ہماری تعلیم ہے کہ ہر ایک سے حسن سلوک سے پیش آئیں ۔انہوں نے کہا کہ شہر کے دیگر سیاسی لیڈران سے بھی میری ملاقات ہوتے رہتی ہے ۔ہمارا کام ہے کہ ہم اسلام کے شعار کو عام کریں اور مل جل کر رہیں ۔مفتی اسماعیل نے شوسل میڈیا صارفین کے ردعمل پر نمائندہ بیباک کو تاثر دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی طور پر نظریاتی اختلاف ضرور ہیں لیکن ہم ایکدوسرے سے بخوشی ملتے ہیں اور سیاسی طور پر آئندہ جو بھی فیصلہ ہوگا اس پر کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا ۔وہیں اس ضمن میں نمائندہ بیباک سے گفتگو کرتے ہوئے این سی پی لیڈر آصف شیخ رشید نے کہا کہ ہماری روایات اور تہذیب رہی ہیں کہ سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے ایکدوسرے سے خوشگوار ملاقات کیجائے ۔راستے میں یا کسی تقریب میں سیاسی حریف سے ملاقات ہوجائے تو ہم ان سے پورے اسلامی تشخص کیساتھ ملاقات کرتے ہیں ۔انسانیت اور دوستی کا پیغام عام کرتے ہیں ۔سیاسی اتحاد پر بھی آصف شیخ کا موقف یہی رہا کہ ابھی کہنا قبل از وقت ہوگا ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مفتی اسماعیل اور شیخ آصف کی ملاقات چونا بھٹی کے خانوادہ حاجی عبدالرحمن (سیف میڈیکل) والے کے یہاں شادی کی تقریب میں خوشگوار ماحول میں ہوئی تھی جسکا فوٹو بھی خوب وائر ہوا تھا ۔اس تصویر کے وقت راقم بھی موجود تھا ۔


شوسل میدیا پر اس ملاقات کو بھی بہتر بتایا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ ان دنوں بڑے لیڈران کی ملاقات شہر کی ترقی کیلئے بھی ہوجائے تو کتنا ہی اچھا ہوگا ۔عوام نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مفتی اسماعیل اور شیخ آصف شہر کی ترقی کیلئے بھی ایکساتھ مل جائیں تو یہ شہر کیلئے اچھا فیصلہ ہوگا ۔شادی کی تقریب میں ہوئی اس خوشگوار ملاقات کی وجہ سے سیاسی گلیاروں میں نئی بحث کا آغاز ہوا ہے اور زیادہ تر کا کہنا ہے کہ ان لیڈران کو ایکساتھ مل کر شہر کی ترقی کیلئے آگے آنا چاہیے ۔خیال رہے کہ اس سے قبل 2007 کے کارپوریشن چناؤ کے نتائج کے بعد مفتی اسماعیل اور شیخ رشید کے اتحاد سے کارپوریشن پر حکومت سازی کا دور بھی شہریان نے دیکھا۔آج مفتی اسماعیل اور شیخ رشید کی بھی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔اب آج جب ایک شادی کی تقریب میں ان لیڈران کی خوشگوار ملاقات کا ویڈیو شوسل میڈیا پر وائرل ہوا تو عوام کے ذہنوں پر پرانی یاد تازہ ہوگئی اور برجستہ اظہار کیا جارہا ہے کہ شاید اس مرتبہ بھی کارپوریشن چناؤ کے نتائج کے بعد ہی سہی مفتی اسماعیل اور شیخ رشید و آصف شیخ کی اتحادی حکومت کارپوریشن پر قابض ہوجائے ۔اگر ایسا فیصلہ آج ہوتا ہے تو مہا گٹھ بندھن کی پارٹیاں کس طرح کا ردعمل اور لائحہ عمل ظاہر کریں گے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے