مالیگاؤں کارپوریشن میں بدعنوانی کی گونج ، آصف شیخ کی شکایت پر وزارت شہری ترقیات سے میونسپل کمشنر کو مکتوب


مالیگاؤں کارپوریشن میں بدعنوانی کی گونج ، آصف شیخ کی شکایت پر وزارت شہری ترقیات سے میونسپل کمشنر کو مکتوب 


ٹھیکہ داروں کے کاموں کی جانچ کر احوال حکومت کو روانہ کرنے کا حکم ، بلوں کی ادائیگی پر روک لگانے کا مطالبہ 




مالیگاؤں : 15 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے محکمہ تعمیرات میں درج ذیل ٹھیکہ دار کئی سالوں سے ترقیاتی کاموں کے نام پر بڑے پیمانے پر بدعنوانی کر رہے ہیں۔ان میں 1) ارباز عبدالرحیم خان (اے جی شیخ) 2) پوجا مزور کنسٹرکشن 3) قریشی سمیل خان جمیل خان 4) محمد علی شفیق احمد۔ حکومت مہاراشٹر اور میونسپل کارپوریشن فنڈ کے ترقیاتی کاموں کے ٹینڈر کے مطابق مذکورہ ٹھیکہ دار بھی ٹینڈرنگ کے عمل میں حصہ لیتے ہیں۔ انہیں کام کی ذمہ داریاں بھی دی جارہی ہیں۔ لیکن مذکورہ ٹھیکہ دار میونسپل کارپوریشن کے تعمیرات عامہ کے انجینئر کی ملی بھگت سے بوگس بلوں کا ریکارڈ بنا کر کام کیے بغیر ہی محکمہ اکاؤنٹس کو ادائیگی کے لیے اپنی فائل جمع کرا دیتے ہیں۔  چونکہ مذکورہ معاملہ انتہائی تشویشناک ہے، اس لیے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے محکمہ تعمیرات میں مذکورہ بالا ٹھیکہ داروں کے نام پر کئے گئے کاموں کی جانچ ضروری ہے۔ ہم درخواست کرتے ہیں کہ چیف انجینئر، پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ، ناسک کے ذریعے انکوائری کا حکم دیا جائے اور تب تک ان ٹھیکہ داروں کے بلوں کی ادائیگی کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔اس طرح کا مطالبہ مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے حکومت مہاراشٹر کے محکمہ شہری ترقیات سے 24 اگست کو کیا تھا ۔

اس ضمن میں مہاراشٹر حکومت کے وزارت شہری ترقیات کے ایگزیکٹو آفیسر ایم کے باغوان نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کے نام مکتوب جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ مذکورہ شکایت کی بنیاد پر درج بالا ٹھیکہ داروں کے کاموں اور کارپوریشن انجینئر کے کاموں کی جانچ شفاف طریقے سے کی جائے اور اس انکوائری کا مکمل احوال حکومت مہاراشٹر کے وزارت شہری ترقیات کو روانہ کیا جائے۔یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ تب تک کسی بھی ٹھیکہ دار کے بلوں کو ریلیز نہ کرتے ہوئے انکے بلوں کی ادائیگی پر روک لگائی جائے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے