تعمیر و ترقی کے نئے ابواب کا اضافہ کرنے والے سابق ایم ایل اے و سابق میئر شیخ رشید کی 40 سالہ سیاسی و تعمیری خدمات کا اعتراف کرنے کا فیصلہ
پروقار شہری استقبالیہ دینے انصار جماعت خانہ گراؤنڈ پر 14 اکتوبر کو اجلاس ، استقبالیہ کمیٹی کی مشورتی میٹنگ و پریس کانفرنس سے مخاطبت
مالیگاؤں : 14 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر میں اپنے سیاسی کرئیر سے تعمیر و ترقی کے نئے ابواب کا اضافہ کرنے والے سابق ایم ایل اے و سابق میئر شیخ رشید کی 40 سالہ سیاسی و تعمیری خدمات کا اعتراف کرنے کیلئے شہریان مالیگاؤں کیجانب سے ایک استقبالیہ پروگرام کی قرارداد آج منظور کی گئی ۔ نئے فاران ہاسپٹل کے سامنے واقع سکینہ فنکشن ہال میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ارکان اور سابق و موجودہ کارپوریٹرس کی موجودگی و سلیم پلاسٹک والے کی صدارت میں منعقدہ اس مشورتی میٹنگ میں تعمیر و ترقی پسند و عوامی لیڈر شیخ رشید کی خدمات کا اعتراف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مالیگاؤں شہر آج سے قبل پسماندگی کے خول میں ڈوبا ہوا تھا ۔کسی کو ایم ایل اے فنڈ کا علم نہیں تھا، تعمیر و ترقی کی سیاست کرنے کی بجائے دوسرے لیڈران نے شہر کو جذباتی سیاست کی نذر کردیا اور اقتدار کا مزہ لیکر شہر کو مزید پستی و تنزلی کے غار میں ڈھکیل دیا لیکن اسی تاریکی میں شہر نے تعمیر و ترقی کے لئے بلند ہونے والی آواز شیخ رشید کی سنی اور جوق در جوق عوام نے شیخ رشید کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے انہیں مسند اقتدار پر پہنچایا ۔شیخ رشید نے بھی عوامی توقعات پر کھرا اترتے ہوئے شہریان کے مسائل حل کئے، روڈ گٹر، گرنا ڈیم اسکیم ،پانی کی ٹنکیوں کا اضافہ، پانی کے کوٹہ میں اضافہ، سمینٹ روڈ کی تعمیر ،بنکروں کے بجلی بل کی معافی، کروڑوں روپے سبسیڈی، پاورلوم مزدوروں کے مسائل اور انہیں انکا حق دلانے سمیت عوامی و فلاحی کاموں کو انجام دیکر عوام کے دلوں میں مقبولیت حاصل کی ۔شیخ رشید نے اپنی نمائندگی کا لوہا منواتے ہوئے مالیگاؤں شہر میں تعمیر و ترقی کے روشن ابواب کا اضافہ کیا یہی وجہ ہے کہ آج مالیگاؤں کی عوام حتیٰ کہ اپوزیشن سیاسی جماعتوں کو بھی دبے لفظوں میں ہی سہی اس بات کا اعتراف کرنا پڑتا ہے کہ تعمیر و ترقی کیلئے شیخ رشید خانوادہ ہی قابل ذکر ہیں ۔اسطرح کا اظہار ایک پریس کانفرنس میں استقبالیہ کمیٹی کے ارکان نے کیا ۔
اس موقع پر شکیل بیگ نے کہا کہ مالیگاؤں شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی اور شہریان مالیگاؤں کی جانب سے ایک مشورتی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا اور اس میٹنگ میں طئے کیا گیا ہے کہ شہری سطح پر شیخ رشید کی خدمات کا اعتراف کرنے کیلئے ایک استقبالیہ تقریب منعقد کی جائے گی اس کے لئے ایک خاص استقبالیہ کمیٹی کی تشکیل دی گئی ہے اور اس کمیٹی میں شیخ رشید خانوادہ کو چھوڑ کر شہریان کو شامل کیا گیا ۔انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ آئندہ ماہ 14 اکتوبر کو انصار جماعت خانہ گراؤنڈ پر شام سات بجے سے رات دس بجے تک شہری استقبالیہ دیا جائے گا ۔اس موقع پر عرفان علی عابد علی نے کہا کہ یہ پروگرام ایک تاریخی ہوگا کیونکہ اس پروگرام میں شیخ رشید کی تعمیری سیاست کی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا ۔
اعجاز عمر نے کہا کہ اہالیان شہر کی جانب سے انصار جماعت خانہ گراؤنڈ میں ایک عظیم الشان استقبال کیا جائے گا ۔موصوف نے کہا کہ شہریان کو ایم ایل اے فنڈ کا پتہ بتانے والے شیخ رشید ہی ہیں اور اس دور اندیش لیڈر نے ہی گرنا ڈیم پانی کی اسکیم منظور کروایا اور آج الحمدللہ مالیگاؤں پانی کی تکلیف سے محفوظ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کے فنڈ سے سمینٹ روڈ کی تعمیر کا سلسلہ بھی پہلی بار شیخ رشید نے ہی شروع کیا ۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید ہی واحد لیڈر ہیں جنہوں نے عوام کے سکھ دکھ، شادی ، بیماری وغیرہ میں ساتھ دیا ۔یعنی شیخ رشید کے ہر کام قابل ستائش ہیں ۔اعجاز عمر نے کہا کہ شہریان تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اس پروگرام میں شرکت کریں اور شیخ رشید کی حوصلہ افزائی کریں ۔ایڈوکیٹ ہدایت اللہ نے کہا کہ شیخ رشید کی خدمات انگنت ہے ۔انہوں نے پاورلوم صنعت کو بحرانی سے نکال کر 54 کروڑ روپے کی سبسیڈی منظور کروائی اور آج مالیگاؤں میں پاورلوم جاری و ساری ہیں اس لئے بنکر طبقہ، مزدور طبقہ اور عوام اس استقبالیہ پروگرام کو کامیاب بنائیں ۔سید مسلم کارپوریٹر نے کہا کہ شیخ رشید کو اللہ پاک نے عوامی خدمات کیلئے چنا اور انہیں بیش بہا صلاحیت عطا کی ہے اسی کے چلتے وہ مالیگاؤں کی خدمات کررہے ہیں ۔آگرہ روڈ کی تعمیر بھی شیخ رشید کی حکمت عملی سے ہی مکمل ہورہی ہیں ۔اسلم انصاری نے کہا کہ شیخ رشید کی خدمات کا استقبال کرنے کیلئے شہری استقبالیہ دیا جارہا ہے کیونکہ شیخ رشید کے کام عوام کھلی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں ۔اس استقبالیہ تقریب میں شیخ رشید اپنے سیاسی کرئیر کے اتار چڑھاؤ اور تعمیر و ترقی کے لئے کئے جانے والے کاموں کو پیش کریں گے ۔حافظ انیس اظہر نے کہا کہ شیخ رشید ہی ایسے لیڈر ہیں جنہوں نے اندھیرے میں روشن مستقبل کو اجاگر کیا اور مالیگاؤں شہر میں تعمیر و ترقی کا آغاز ہوا ۔انہوں نے کہا کہ بندے کا شکر ادا کرنا ہمارا فرض ہے کیونکہ یہ ہماری تہذیب بھی ہے اور شریعت بھی ہے اس لئے ہمارا فرض ہے کہ ہم کام کرنے والے کی خدمات کا اعتراف کریں ۔شیخ رشید نے اپنے مال سے اپنی جان سے اور اپنے اعمال سے عوام کی خدمات کی ہیں ہم انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں اور عوام سے اس استقبالیہ پروگرام میں شرکت کی گزارش کرتے ہیں ۔اسی دن شام میں خواتین ونگ کا اجلاس عام بھی طلب کرتے ہوئے شیخ رشید کے 40سالہ سیاسی سفر کی تفصیلات اجاگر کی جائے گی اوت انکا استقبال کیا جائے گا ۔
اس موقع پر کارپوریٹر اسلم انصاری، شکیل جانی بیگ
اعجاز عمر، عرفان علی عابد علی، ظفر احمد، ایڈوکیٹ ہدایت اللہ، شریف میمن، فاروق قریشی، وٹھل بروئے، صغیر ممبر، تراب ممبر، نذیر سیٹھ پھلی والے، منان بیگ، عتیق بیٹری والا، حافظ انیس اظہر، مستقیم انجینئر،یاسمین سید، منموہن شیواڑے، فقیر محمد، اخلاق شاہ، شفیق باکسر،نعیم پٹیل، فرید قریشی، عزیز ملا، کلیم چائے پتی والا، رضوان ممبر، فاروق قریشی، عتیق بیٹری والا،مزمل پاٹنے والے، بابو سنگھانیہ، وکیل قریشی سمیت سیکڑوں افراد موجود تھے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com