موسلا دھار بارش سے دھولیہ کے بیشتر علاقے زیر آب ، ساکنان اپنے گھروں میں محصور، کئی مکانات منہدم
دھولیہ میڈیکل کالج کا رابطہ منقطع ، طلباء اساتذہ بھی کالج میں پھنسے ، ایم ایل اے فاروق شاہ کی کوششوں سے راحت رسانی کے کاموں میں تیزی
دھولیہ : 19 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) دھولیہ شہر سمیت اطراف کے علاقے میں گزشتہ کچھ دنوں سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ اتوار کی شام اور رات شہر میں تیز بارش ہوئی۔ جس کی وجہ سے دیو پور سمیت شہر کے کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ اس دوران دیو پور میں لالہ سردار ہائی اسکول کے نزدیک کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔جس سے بھاری نقصان کی اطلاع ہے۔
آج صبح سویرے اس صورتحال کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس دوران علاقے کے شہری اکٹھے ہو گئے اور پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی۔ دھولیہ شہر کے والواڑی علاقے میں دیٹھنکن نگر میں کئی گھروں میں پانی بھر گیا ہے ۔ اس کے علاوہ کئی مکانات بھی منہدم ہوئے اور بیشتر مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے دی گئی پیش گوئی کے مطابق رات گئے دھولیہ میں ہونے والی تیز بارش کے باعث ہر طرف پانی ہی پانی کی صورتحال نظر آرہی ہے۔ شہر کے دیو پور علاقے میں پانی کی بڑی مقدار کے باعث شہری محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ دھولیہ شہر کے ایم ایل اے ڈاکٹر فاروق شاہ اور بی جے پی کارپوریٹر ناگسین بورسے نے جے سی بی کی مدد سے دیو پور علاقے میں راحت رسانی کے کام انجام دیئے۔
سماجی کارکنوں نے دھولیہ میونسپلٹی سے والواڑی گاؤں کے شمشان گھاٹ سے ضلع اسپورٹس کمپلیکس تک نالے میں جمع ہونے والی گال کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ دھولیہ میونسپل کارپوریشن کی طرف سے اس کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے کئی شہریوں کے مکانات گر گئے اور کافی نقصان پہنچا۔ اگر دھولیہ میونسپل کارپوریشن نے سماجی کارکنوں کے مطالبات پر بروقت توجہ دی ہوتی تو آج یہ صورتحال پیدا نہیں ہوتی۔ اس لیے سماجی کارکنان اب مطالبہ کر رہے ہیں کہ بلدیہ والواڑی شمشان سے ضلع اسپورٹس کمپلیکس تک نالے کو گہرا کرے اور جلد از جلد کانٹے دار جھاڑیوں کو ہٹائے۔
دوسری جانب دھولیہ اے سی پی ایم میڈیکل کالج کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے، کئی طلباء اور اساتذہ اس میڈیکل کالج میں ہی محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔انتظامیہ راحت رسانی کے کاموں میں جٹی ہوئی ہیں ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com