دیندار رشتے کا انتخاب خوشگوار ازدواجی زندگی کا ضامن



دیندار رشتے کا انتخاب خوشگوار ازدواجی زندگی کا ضامن

از : مفتی محمد ناظم ملی (9028247891 )


مالیگاؤں : 19 اگست (راست ) میرے عزیز دوست مفتی محمد عامر یاسین ملی صاحب کا شمار شہر مالیگاؤں کے ان متحرک اور باصلاحیت علماء میں ہوتا ہے جو امامت و خطابت جیسی ذمہ داریوں سے آگے بڑھ کر دینی و اصلاحی کاوشوں میں مصروف رہتے ہیں، مفتی صاحب نے گزشتہ دنوں رشتہ نکاح جیسے حساس موضوع پر ایک کتاب تالیف کی، جو اپنے موضوع پر ایک مفید اور رہنما کتاب ہے، الحمد للہ یہ کتاب مقبول ہوئی اور شہر کے عوام و خواص خصوصا اہلکار حضرات نے اس کتاب کی سراہنا کی اور اسے وقت کی ضرورت قرار دیا ۔ گزشتہ دنوں صوبہ گجرات کے معروف عالم دین اور مشہور خطیب قاری احمد علی فلاحی صاحب زید مجدھم مالیگاؤں تشریف لائے تھے، ان کی خدمت میں یہ کتاب پیش کی گئی تو حضرت قاری صاحب نے بھی کتاب اور اس کے مؤلف مفتی محمد عامر یاسین ملی صاحب کی تحسین کرتے ہوئے دعائیہ کلمات سے نوازا ۔ یقینا یہ کتاب لائق مطالعہ ہے، اور رشتے نکاح کے سلسلے میں اسلامی ہدایات اور بے اعتدالیوں کو اجاگر کرتے ہوئے قارئین کو غور و فکر کرنے پر آمادہ کرنے والی ہے۔دعا گو ہوں کہ اللہ پاک اس کتاب کو اصلاح معاشرہ کا ذریعہ بنائے اور مؤلف کتاب کو اجر سے نوازے ۔

ذیل میں قاری احمد علی فلاحی صاحب اور اہلکار سوسائٹی المعروف اگوا کمیٹی مالیگاؤں کے تاثرات نقل کررہا ہوں جس کے ذریعے کتاب کا تعارف ہوگا اور اس کی افادیت مزید واضح ہوگی ۔

(1) تاثرات
از: مقرر شعلہ بیاں حضرت مولانا قاری احمد علی فلاحی صاحب زید مجدھم
(بہ موقع تقریب اجتماعی نکاح منعقدہ 5 فروری 2020ء بہ مقام نیشنل کمپاؤنڈ مالیگاؤں )
محترم حضرات و خواتین! ہمارے مولانا مفتی محمد عامر صاحب نے رشتہ نکاح طے کرنے کا آسان طریقہ نامی یہ بہترین کتاب لکھی ہے،وقت کی کمی کے سبب میں نے اس کو سرسری طور پر دیکھا ہے، لیکن میرا جی چاہتا ہے کہ اسے خوب پڑھوں، اس کتاب کا مطالعہ کرکے ازدواجی زندگی کو تابناک اور مستقبل کو روشن کیا جاسکتا ہے، کتاب کے مضامین سے اندازہ ہوا کہ مولانا مفتی محمد عامر صاحب علمی آدمی ہیں، اللہ تعالی ان کی اس علمی کاوش کو قبول فرمائے اور موصوف کو دن دوگنی رات چوگنی ترقیات سے مالامال فرمائے ۔ آمین!
(2) تاثرات
از : جناب نورانی درگاہی صاحب (صدر )
قاری مختار حسن فروغ صاحب ( سکریٹری )
اہلکار سوسائٹی المعروف بہ اگوا کمیٹی مالیگاؤں
زیرنظرکتاب غالبا شہری سطح پر اپنے موضوع پر پہلی کتاب ہے، جس میں رشتہ نکاح سے متعلق ایک طرف معاشرتی صورتحال اور اس سلسلے میں لوگوں کی جانب سے ہورہی کوتاہیوں کو واضح کیا گیا ہے تو دوسری طرف اس موضوع سے متعلق اسلامی تعلیمات و ہدایات بھی انتہائی آسان اور مؤثر انداز بیان کی گئی ہیں ۔

اس کتاب کے مؤلف مفتی محمد عامر یاسین ملی صاحب نے کوشش کی ہے کہ اس موضوع سے متعلق کوئی بھی گوشہ کتاب میں درج کرنے سے رہ نہ جائے، چنانچہ انہوں نے ہم لوگوں سے اور دیگر تجربہ کار اہل کار حضرات خصوصا ماسٹر محمد ہارون جامعی صاحب سے اس سلسلے میں رابطہ کرکے معلومات وحقائق جمع کرنے کی کوشش کی ہے، اور یہی چیز اس کتاب کی مقبولیت کی وجہ بھی ہے کہ گزشتہ محض دو مہینے کے عرصے میں اس کے دو ایڈیشن ختم ہوچکے ہیں اور اب تیسرا ایڈیشن شائع ہو کر منظر عام پر آرہا ہے ۔

ہم لوگ مالیگاؤں اہلکار سوسائٹی المعروف بہ اگوا کمیٹی مالیگاؤں کی جانب سے موصوف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس مفید اور رہنما کتاب کی تالیف کے ذریعے ایک حساس مسئلے کے حل کے سلسلے میں جہاں عوام الناس کی رہبری کی ہے، وہیں ایک طریقہ سے اہلکار حضرات کا کام بھی قدرے آسان کرنے کی کوشش کی ہے۔

عوام و خواص سے گزارش ہے کہ اس کتاب کا مطالعہ کریں۔ اہلکار حضرات سے بھی درخواست ہے کہ رشتہ نکاح کی تلاش میں اپنے پاس آنے والے افراد کو اس کتاب کا مطالعہ کرنے کی ترغیب دیں تاکہ رشتہ نکاح سے متعلق ہورہی بے اعتدالیوں اور کوتاہیوں کا بڑی حد تک ازالہ ہوسکے۔ واللہ الموفق وھوالمستعان
ہم دعا گو ہیں کہ اللہ پاک مؤلف کو اجر سے نوازے اور اس کتاب کو مزید قبولیت بخشے!
(نوٹ: یہ کتاب شہر کے معروف بکڈپوز پر دستیاب ہے۔)
*****

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے