مہاراشٹر میں آئے ٹی کا چھاپہ ، اسٹیل ، ٹیکسٹائل تاجر اور رئیل اسٹیٹ ڈیولپرس کے مکانوں اور آفس سے 390 کروڑ روپے ضبط
فلمی انداز "دلہن ہم لے جائیں گے" طرز پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی چھاپہ ماری ، 120 گاڑیاں ، 260 آفیسران اور پانچ ٹیمیں ایکٹیو
جالنہ / اورنگ آباد : 11 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) مہاراشٹر کے جالنہ اور اورنگ آباد میں کچھ کاروباری گروپوں سے تعلق رکھنے والے مختلف احاطوں پر ٹیکس چوری پر کئے گئے چھاپوں کے دوران، محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم نے تقریباً 390 کروڑ روپے کی "بے نامی" جائیدادیں ضبط کیں۔اسطرح کی اطلاع متعلقہ حکام نے دی۔
ضبط کیے گئے اثاثوں میں 56 کروڑ روپے کی نقدی اور 32 کلو سونا، موتی اور ہیرے شامل ہیں۔ جن کی مالیت 14 کروڑ روپے ہے۔ چھاپے کے دوران اہلکاروں نے جائیداد کے کچھ دستاویزات اور ڈیجیٹل ڈیٹا بھی برآمد کئے ۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اسٹیل، کپڑا اور رئیل اسٹیٹ ڈیولپرس کا کاروبار کرنے والے دو کاروباری گروپوں کے رہائشی اور آفس احاطے میں یکم سے 8 اگست کے درمیان چھاپے مارے گئے۔چھاپوں کے دوران ضبط کی گئی نقدی کو گننے میں انکم ٹیکس حکام کو تقریباً 13 گھنٹے لگے۔
انتہائی رازدارانہ طریقہ سے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے یہ کارروائی انجام دی ۔فلمی طریقہ سے آفیسران آتے تھے تاکہ کسی کو شک نہ لگے ۔انہوں نے اپنی گاڑیوں پر بھی ویڈنگ کے اسٹیکر لگائے ہوئے تھے ۔8 دنوں تک چلنے والی کارروائی کی کسی کو کانوں کان خبر بھی نہیں پہنچ سکی اور انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کا چھاپہ مار آپریشن کامیاب ہو گیا ۔اس کے علاوہ "دلہن ہم لے جائیں گے" اور "سنیت ویڈس پرینکا" جیسے اسٹیکرز بھی گاڑیوں میں رکھے گئے تھے۔ ایسا اس لیے کیا گیا تاکہ کسی پر شک نہ ہو اور اسے رنگے ہاتھوں پکڑا جا سکے۔
دونوں اضلاع میں ان کاروباری گروپوں کے ذریعہ مبینہ ٹیکس چوری کے بارے میں اطلاعات موصول ہونے کے بعد، محکمہ انکم ٹیکس نے تلاشی مہم کے لیے ریاست بھر سے 260 اہلکاروں کی پانچ ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ حکام نے بتایا کہ آپریشن میں 120 سے زائد گاڑیاں استعمال کی گئیں۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com