فرقہ پرستی و سیاسی بدنظری کے سبب مسکان خان کے اعزاز میں ہونے والا استقبالیہ اجلاس ملتوی



فرقہ پرستی و سیاسی بدنظری کے سبب مسکان خان کے اعزاز میں ہونے والا استقبالیہ اجلاس ملتوی


پولس انتظامیہ نے لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیش کرتے ہوئے جلسہ کی اجازت نہیں دی، آئندہ اعلان کیا جائے گا :شیخ آصف

مالیگاؤں : 11 مارچ (پریس ریلیز)  محض 27 سیکنڈ میں ملک بھر میں  اپنی شجاعت اور بہادری سے پہچانے جانے والی کرناٹک کی بہادر مسلم طالبہ مسکان خان نے ملک میں آباد خواتین اور طالبات کو خود اعتمادی، ہمت، حوصلوں کی بلندی پر پہنچا دیا ہے ۔اپنے حقوق اور پردہ کی حفاظت کیلئے مسکان خان نے بروقت ہمت و حکمت کا وہ نادر نمونہ پیش کیا جسکی تعریفیں اپنے تو اپنے غیر بھی کرنے پر مجبور ہوگئے ۔نعرہ تکبیر اللہ اکبر کی صدا بلند کرنے والی اسی بہادر مسلم طالبہ مسکان خان کا مالیگاؤں شہر میں انسانیت بچاؤ سنگھرش سمیتی کے بینر تلے شہری اعزاز کا انعقاد کیا جانے والا تھا جسکی تیاریاں تقریبا مکمل ہوچکی تھی اور مسکان خان و انکے اہل خانہ نے مالیگاؤں آنے کی دعوت قبول بھی کرلی تھی لیکن بھلا ہو ان فرقہ پرستوں کا جنہوں نے اس مسئلہ کو مذہبی و سیاسی عینک سے دیکھ کر سنگین بنا دیا ۔

تفصیلات کے مطابق آج جب  انسانیت بچاؤ سنگھرش سمیتی کے رضا کاروں نے آزاد نگر پولس اسٹیشن میں استقبالیہ جلسہ کی اجازت طلب کرنے کی عرضی داخل کی تو پولس انتظامیہ نے اول تو ٹال مٹول کی پالیسی اپنائی ۔مگر رضا کاروں نے جلسہ کی اجازت کیلئے کوششیں کرتے رہیں اور بلا آخر اس معاملے میں آصف شیخ رشید کو بذات خود ایڈیشنل ایس پی  سے رجوع ہونا پڑا اور پولس انتظامیہ نے یہی جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ مسکان خان کا استقبالیہ اجلاس ملتوی کردیں ۔مسکان کی مخالفت میں شہر میں کچھ فرقہ پرست عناصر و سیاسی کارکن احتجاج کی تیاری کررہے ہیں جس سے شہر کا امن و امان خراب ہوسکتا ہے ۔ایڈیشنل ایس پی کھانڈوی نے شیخ آصف سے درخواست کی کہ وہ آئندہ جب بھی حالات سازگار ہونگے مسکان کا استقبال کریں لیکن فی الحال یہ اجلاس ملتوی کردیں ۔پولس انتظامیہ کی جانب سے آزاد نگر پولس نے ایک مکتوب جاری کرتے ہوئے انسانیت بچاؤ سنگھرش سمیتی کے صدر آصف شیخ کو اطلاع دی ہے کہ وہ مسکان خان کے اعزاز میں ہونے والے اجلاس کی اجازت نہیں دے سکتے ۔اس ضمن میں شیخ آصف نے عوام کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال یہ استقبالیہ اجلاس ملتوی کیا جاتا ہے اور آئندہ اسکی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے