جمعرات سے شہر میں پندرہ روزہ کورونا ویکسینیشن مہم کا آغاز ، ضلع کلکٹر گنگا دھرن دیو راجن کا مالیگاؤں دورہ و جائزہ اجلاس


جمعرات  سے شہر میں پندرہ روزہ کورونا ویکسینیشن مہم کا آغاز ، ضلع کلکٹر گنگا دھرن دیو راجن کا مالیگاؤں دورہ و جائزہ اجلاس 


مالیگاؤں میں ویکسینیشن کا گراف انتہائی کم ، فیصد بڑھانے کلکٹر کی ہدایات ،جہاں ویکسینیشن کم وہاں کورونا پابندیاں برقرار 


شاپنگ مال، پاورلوم کارخانہ، بازار، اسکول کالج پر خصوصی توجہ، ویکسینیشن کیلئے کارپوریشن، محصول اور پولس انتظامیہ کو ٹیم ورک کی ہدایات 



مالیگاؤں : 16 مارچ (بیباک نیوز اپڈیٹ) ناسک ضلع کے نئے رجوع کلکٹر گنگا دھرن دیو راجن نے آج مالیگاؤں کا دورہ کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن پہنچ کر جائزہ میٹنگ طلب کی ۔اس موقع پر میونسپل میئر طاہرہ شیخ ، اسٹینڈنگ چیئرمین ظفر احمد ،میونسپل کمشنر گوساوی ، نائب کمشنر راجو کھیرنار ،ہیلتھ آفیسر سپنا ٹھاکرے سمیت کارپوریشن حکام کے علاوہ پرانت آفیسر وجئے آنند شرما ،تحصیلدار راجپوت ،ایڈیشنل کلکٹر مایا پٹولے ،ایڈیشنل ایس چندرکانت کھانڈوی ،قلعہ پی آئے و دیگر محکمہ کے اعلیٰ حکام موجود تھے ۔


ضلع کلکٹر گنگا دھرن دیو راجن نے کارپوریشن کانفرنس ہال میں کورونا اور دیگر امور پر جائزہ طلب کیا اور درکار ضروری اقدامات کی ہدایات دی ۔موصوف نے میونسپل کمشنر آفس میں پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے گزشتہ ہفتہ 4 مارچ کو ریاست بھر سے مشروط طور پر تمام پابندیاں ختم کردی ہیں ۔کلکٹر گنگا دھرن دیو راجن نے کہا کہ سرکاری احکامات کی روشنی میں ایسے علاقے جہاں ویکسینیشن کا گراف کم ہے وہاں پابندیاں ختم نہیں ہوئی بلکہ اسے برقرار رکھتے ہوئے ان پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے ۔


کلکٹر نے کارپوریشن انتظامیہ محصول محکمہ اور پولس انتظامیہ سے طلب کردہ احوال کی روشنی میں بتایا کہ مالیگاؤں شہر میں اب بھی ویکسینیشن کا فیصد بہت ہی کم ہے ۔اعداد و شمار بتاتے ہوئے کلکٹر نے کہا کہ مالیگاؤں شہر میں کورونا کی پہلی خوراک لینے والوں کی تعداد صرف 61 فیصد ہے جبکہ اب تک یہ گراف سو فیصد ہوجانا چاہیے تھا ۔موصوف نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ کورونا کی دوسرے خوراک لینے والے شہریان کی تعداد بھی انتہائی کم یعنی صرف 19 فیصد ہی ہوسکی ہے جو کہ تشویشناک ہے ۔گنگا دھرن دیو راجن نے کہا کہ مالیگاؤں ویکسینیشن کے معاملے میں بہت زیادہ پیچھے ہے اسے پورا کرنے کیلئے کوششیں کہ جانی چاہیے ۔


اس ضمن میں گنگا دھرن دیو راجن نے کہا کہ کارپوریشن، محصول محکمہ اور پولس حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 17 مارچ بروز جمعرات سے ہی عوامی بیداری مہم شروع کریں اور کورونا کی دونوں خوراک لینے کیلئے عوام سے اپیل کریں ۔انہوں نے بتایا کہ جمعرات سے مالیگاؤں شہر میں خصوصی ویکسینیشن مہم شروع کی جارہی ہیں ۔جس میں عوامی تعاون ضروری ہے۔کلکٹر نے یہ بھی بتایا کہ ویکسینیشن مہم میں تمام میڈیم کے اسکول، کالج، بازار، شاپنگ مال اور پاورلوم کارخانوں میں کورونا ویکسینیشن مہم چلائی جائے گی ۔موصوف نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ جن شہروں کا ویکسینیشن کم سے کم ہے وہاں پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔لہذا مالیگاؤں میں پابندیوں کو ختم کرنے کیلئے ویکسینیشن کا گراف بڑھانا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کی مہم پندرہ دنوں تک جاری رکھی جائے گی اور مارچ آخر تک ویکسینیشن سو فیصد کرنے کا ٹارگیٹ لیا گیا ہے ۔موصوف نے کہا کہ ایسے علاقے جہاں ویکسینیشن کم ہیں وہاں عوامی سرگرمیوں پر پابندی برقرار رکھی جائے گی ۔لہذا شہریان مالیگاؤں کارپوریشن کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے کورونا مدافعتی ٹیکہ لینے میں بیداری کا مظاہرہ کریں ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے