کرناٹک حکومت حجاب پر پابندی کا فرمان واپس لے، حجاب پر پابندی قطعی منظور نہیں، صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو محضر نامہ روانہ


کرناٹک حکومت حجاب پر پابندی کا فرمان واپس لے، حجاب پر پابندی قطعی منظور نہیں، صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو محضر نامہ روانہ 

کرناٹک BJP حکومت کیخلاف فلک شگاف نعروں کے بیچ راشٹروادی اسٹوڈنٹس ونگ کے زیر اہتمام سیکڑوں باحجاب طالبات کا اولڈ آگرہ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ 




مالیگاؤں : 7 جنوری (بیباک نیوز اپڈیٹ) بی جے پی حکومت مردہ باد مرد باد، قانون ہمارا کہتا ہے پردہ ہمارا حق ہے،حجاب پر پابندی منظور نہیں، منظور نہیں،کرناٹک بی جے پی حکومت مردہ باد، آزادی ہمارا حق ہے، حجاب ہم نہیں چھوڑیں گے، ہم ہندوستانی ناری پھول بھی ہیں چنگاری بھی جیسے فلک شگاف نعروں کے ساتھ مالیگاؤں شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی کی اسٹوڈنٹس ونگ نے شہر کے اولڈ آگرہ روڈ پر ایک احتجاجی جلوس نکال کر کرناٹک بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر آصف شیخ رشید کی کی قیادت اور میئر طاہرہ شیخ و خواتین ونگ کی صدر یاسمین سید و شاہینہ انصاری کی سرپرستی میں اسٹوڈنٹس ونگ کی سیکڑوں طالبات و خواتین نے کرناٹک حکومت کے حجاب پر پابندی والے فرمان کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا ۔

اس موقع پر میئر طاہرہ شیخ رشید نے کہا کہ ہم اسلام کی بیٹیاں، حوا کی بیٹیاں، مریم کی بیٹیاں، رابعہ بصری کی بیٹیاں ہیں اور جمہوری قانون کے مطابق اس ملک میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے ۔ہم کرناٹک حکومت کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حجاب پر پابندی قطعی طور پر ہمیں منظور نہیں، میئر طاہرہ شیخ نے کہا کہ ڈریس کوڈ کے نام پر مسلمانوں کو حراساں کرنا بند کیا جائے، ہمیں ڈریس کوڈ قطعی منظور نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اسلام کی بیٹیاں ہیں ہم باحجاب رہیں گے ۔سرکار کے کسی بھی غیر جمہوری فرمان کو ہم قطعی طور پر نہیں مانیں گے ۔اگر ہمارے حقوق پر شب خون مارا گیا تو پھر ہم اس سے بڑا اندولن کریں گے چاہے پھر جو کچھ بھی ہوجائے ۔اسٹوڈنٹس ونگ کی جانب سے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو  مالیگاؤں سرکاری انتظامیہ کی معرفت محضر نامہ روانہ کیا گیا ۔اور مطالبہ کیا ہے کہ صدر جمہوریہ کرناٹک حکومت کے اس غیر جمہوری فیصلہ پر قدغن لگائے اور مسلم سماج کو قانون کے مطابق انصاف دینے کیلئے راہ ہموار کرے ۔

اولڈ آگرہ روڈ پر این سی پی بھون سے سوپر مارکیٹ تک یہ احتجاجی مارچ نکالا گیا اور کرناٹک حکومت کیخلاف مسلم خواتین نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔یہاں لیڈیز ونگ کی صدر یاسمین سید نے کہا کہ ہم اس دھرنے سے کرناٹک حکومت کو آگاہ کرتے ہیں کہ وہ اپنا فرمان واپس لے۔حجاب پر پابندی ہمیں قطعی منظور نہیں ہے ۔اس موقع پرشاہینہ انصاری، فاطمہ ہارون، صبا کوثر، نجمہ آپا، تبسم شیخ سمیت اسٹوڈنٹس ونگ کے صدر نعیم مرزا، اسلم انصاری،نائب شرجیل انصاری، شکیل جانی بیگ، عبدالقیوم، مجاھد ساگر، منان بیگ،مشرف رنگاڑی، فاروق قریشی، شریف منصوری، کلیم چائے پتی والا، وغیرہ موجود تھے ۔اسکول و کالج کی طالبات نے فلک شگاف نعرہ لگایا اور حجاب پر پابندی عائد کرنے کیخلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔یہاں اسکول کی طالبات نے ایک نظم "میں مسلم قوم کی بیٹی ہوں، میں پردہ کرتی ہوں، اللہ کے حکموں کی پرواہ کرتی ہوں" پیش کر حجاب کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔

خیال رہے کہ کرناٹک حکومت نے کالج آور اسکول میں مسلم طالبات کو حجاب نہ استعمال کرنے اور ڈریس کوڈ نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے پورے ملک مسلمانوں میں شدید ناراضگی کا ماحول ہے ۔ملک بھر میں کرناٹک حکومت کے غیر جمہوری فرمان کیخلاف مسلم طالبات سڑکوں پر نکل کر احتجاج کررہے ہیں ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے