بلبل ہند، معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کی آواز خاموش، 92 سال کی عمر انتقال وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سمیت ملک کی مشہور شخصیات کا اظہار غم


بلبل ہند، معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کی آواز خاموش، 92 سال کی عمر انتقال 


وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سمیت ملک کی مشہور شخصیات کا اظہار غم



ممبئی: 6 فروری (بیباک نیوز اپڈیٹ) بلبل ہند، ہندی سنیما کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر کی آواز اب ہمیشہ کیلئے خاموش ہو گئی ہے ۔وہ 92 سال کی عمر میں دنیا کو الوداع کہہ گئیں ۔ لتا منگیشکر  کورونا  سے متاثر تھیں، جس کے بعد انہیں ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ گلوکارہ کی حالت دیکھ کر ڈاکٹروں نے انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کیا تھا۔ بلبلِ ہند کہی جانے والی لتا منگیشکر کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ان کی بھانجی رچنا نے کی تھی۔ اے این آئی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ ‘لتا دیدی کی حالت اس وقت ٹھیک ہے’۔ رچنا کا مزید کہنا تھا کہ ان کی عمر کے پیش نظر انہیں احتیاطی وجوہات کی بنا پر آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ براہ کرم ہماری رازداری کا احترام کریں اور دیدی کے لیے دعا کریں۔

 منگیشکر کو اس سے قبل نومبر 2019 میں بھی سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس وقت گلوکارہ کی چھوٹی بہن اوشا نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ گلوکارہ کو وائرل انفیکشن ہے۔ اب شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے ٹویٹ کرکے ان کی وفات کی اطلاع دی ہے اور مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بھی اسپتال پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ـ پی ایم مودی نے بھی ان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہےـ

واضح رہے کہ 92 سالہ گلوکارہ نے کئی زبانوں میں ہزاروں نغمے گانے کا ریکارڈ بنایاہے۔انہوں نے  1000 سے زیادہ ہندی فلموں میں گانے ریکارڈ کیے ہیں۔ لتا منگیشکر 28 نومبر 1921 کو پیدا ہوئیں۔ انہوں نے ہندی سنیما کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ لتا منگیشکر کو ہندوستانی سنیما میں نمایاں خدمات انجام دینے  کے لئے پدم بھوشن، پدم وبھوشن، دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سمیت کئی قومی فلم ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔ ان کا نام گنیز ورلڈ بک ریکارڈ میں بھی شامل ہے۔ 

انہوں نے  بہت چھوٹی عمر میں ہی گانا شروع کر دیا تھا۔ اس وقت لتا منگیشکر ملک کی سب سے بڑی ہستیوں میں سے ایک تھیں۔ اس نے نہ صرف اپنے جادوئی فن سے سب کو قائل کیا ہے بلکہ اپنی حیرت انگیز شخصیت سے سب کی پسندیدہ بھی رہیں۔انکے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ ٹھاکرے سمیت ملک بھر کی شخصیات نے اپنے غم کا اظہار کیا ہے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے