عالمی یوم اردو پر ضلع اردو پترکار سنگھ کا قابل ستائش قدم
اردو میڈیا سینٹر پر بزم اردو کا انعقاد ، ادباء ، شعراء اور صحافیوں کا استقبال
مالیگاؤں : 10 نومبر (پریس ریلیز) شاعر مشرق علامہ اقبال کی یوم پیدائش پر ہر سال 9 نومبر کو عالمی سطح پر یومِ اردو کے بطور منایا جاتا ہے۔ بیک وقت دنیا کے مختلف خطوں میں منائے جانے کی وجہ سے 9 نومبر عالمی یومِ اردو سے موسوم کیا جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے گزشتہ کل بعد نماز عشاء رات 9 بجے ضلع اردو پترکار سنگھ کے زیر اہتمام اردو میڈیا سینٹر پر بعنوان بزم اردو کا انعقاد کیا گیا۔اس پروگرام کی صدارت اردو ضلع اردو پترکار سنگھ کے صدر محمد اسماعیل شیخ نے کی۔
اس موقع پر شہر کے معروف ڈرامہ نگار سراج دلار سر ، ادیب و قلم کار سلیم جہانگیر، مشہور افسانہ نگار ہارون اختر، کہنہ مشق شاعر انیس نیّر، صحافی افتخار احمد (کرائم رپورٹر) اور نوجوانوں کے نمائندہ شاعر فرحان دل کے علاوہ اردو میڈیا سینٹر پر اپنی بےلوث خدمات انجام دینے والے اعجاز احمد نے شرکت کی۔ان تمام شخصیات کو اردو ادب کیلئے ان کی خدمات کے عوض شال، قلم اور گلوں کا نذرانہ پیش کیا گیا۔سنیئر و بزرگ صحافی لطیف جعفری کی عدم شرکت کے باوجود انہیں تحائف پیش کر استقبال کیا گیا ۔اسی کے ساتھ اردو صحافیوں اور اردو اخبارات کے نمائندوں کا بھی استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈرامہ نگار و سابق مدرس سراج دلار نے اردو زبان و ادب کی اہمیت اور ضرورت بتاتے ہوئے کہا کہ آج عالمی یوم اردو کے موقع پر میڈیا سینٹر پر اس تقریب کا انعقاد قابل ستائش ہے۔انہوں نے اردو داں طبقہ کے ساتھ ساتھ ان غیر مسلم اور غیر اردو طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی آئندہ تقریبات میں مدعو کرنے کا مشورہ دیا جو اردو زبان و ادب سے شغف رکھتے ہیں اور کسی نہ کسی درجہ میں اردو زبان کی خدمت کرتے ہیں۔اس کے علاوہ میڈیا سینٹر پر اردو زبان سکھانے کا نظم کرنے کا مشورہ بھی موصوف سراج دلار سر نے دیا۔
افسانہ نگار ہارون اختر نے کہا کہ ہندوستان کی کرنسی پر دس زبانوں میں روپے کی قیمت درج کی گئی ہے جس میں اردو بھی شامل ہے لیکن دسویں نمبر پر اردو زبان ہونے سے ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ اردو بنیاد کا پتھر ہے اسلئے سب سے نیچے درج کی گئی ہے۔ تاہم شیخ زاہد سر (بیباک) نے نظامت کے فرائض انجام دیئے جبکہ صابر گوہر نے اس تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔مختار عدیل (انقلاب) اور یوسف ترجمان نے رسم شکریہ ادا کیا۔ صحافیوں میں احسان الرحیم، شہزاد اختر( میدانِ صحافت)، منصور اکبر، مختارعدیل، خلیل عباس (شامنامہ) شکیل پترکار، جمال احمد (شہریار)، پترکار جمال شیخ، عزیر الرحمن، شیخ احمد منّا، عبداللہ انصاری (ای ٹی وی بھارت)، ریحان اختر (دی رپورٹرس ویو) عزیز انصاری،مزمل سیف نیوز، امتیاز خلیل ،جاوید فیصل اور دیگر معززین شہر اور اخبارات و میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com