مسلمان اسوہء رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنائیں اور تحفظِ ناموسِ رسالت کا عہد کریں، جشنِ ولادت کے موقع پر سید عبدالقادر جیلانی میاں و عُلمائے اسلام کا پیغام
حکومتی گائیڈ لائن اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ 102 جلوسِ عیدِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا پروقار اختتام
مالیگاؤں: 19 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) عیدِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پُرمسرت موقع پر امسال مالیگاؤں میں 102 سالہ جلوسِ عید میلاد النبی آل انڈیا سُنی جمیعۃ العلماء کے زیرِ اہتمام اسلامپورہ دارالعلوم حنفیہ سنیہ سے پوری شان و شوکت سے نکالا گیا۔ کرونا وباء سے متعلق حکومتی گائیڈ لائن کے تحت امسال بھی نکلنے والے جلوسِ مبارکہ میں محض پانچ مخصوص سواریوں کا انتظام کیا گیا اور علامتی طور پر جلوسِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ رنگ برنگے غباروں اور پھولوں سے سجی کھُلی جیپ کے پیچھے مزید چار کاروں میں قائدِ جلوس، شہزادہء غوثِ اعظم، سید عبدالقادر جیلانی میاں کے ساتھ مفتی واجد علی یارعلوی، مفتی نعیم رضا مصباحی اور مولانا عبداللہ حنفی تشریف فرما رہے جبکہ دیگر سواریوں میں موجود علمائے اہلسنت اور عمائدین شہر میں مفتی نورالحسن مصباحی، مفتی عرفان رضا مصباحی، مولانا مدثر حسین ازہری، حافظ شاہد رضا، حافظ مفتی افتخار جامعی، حافظ ساجد حسین اشرفی، حافظ رفیق عطاری، مولانا قاری فیضان رضا اشرفی و دیگر علماء و عمائدین اہلسنت شامل رہے۔ جلوس کی ابتدا سے قبل ہی شہر کے مختلف علاقوں سے نوجوانوں، بزرگوں اور بچوں پر مشتمل درجنوں افراد کا جھنڈ جوق در جوق دارالعلوم حنفیہ سنیہ پہنچ کر جلوس میں شامل ہونے کی کوشش کرتا رہا جس کے سبب یہاں موجود ذمہ داران کی جانب سے بار بار یہ اعلان کیا جاتا رہا کہ حکومتی گائیڈ لائن کے مطابق امسال بھی علامتی جلوسِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا جارہا ہے، لہذا مسلمان اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کا جشن امسال بھی محض علماء کرام کا استقبال کرکے منائیں اور جلوس میں شامل ہونے کی کوشش نہ کریں، غرباء و مساکین کی امداد کرکے رسولِ اعظم کی بارگاہ میں خراجِ عقیدت پیش کریں اور دنیا کو یہ بتادیں کہ مسلمان اپنے علماء و عمائدین کی باتوں کو دل وجان سے سنتی اور مانتی ہے۔ یہاں دارالعلوم حنفیہ سنیہ کے پاس جلوس عید میلاد کی برآمدگی سے قبل اس اعلان کو بھی بار بار دوہرایا گیا کہ جن سُنی اداروں کے ذمہ داران کو والینٹئر پاس دیا گیا ہے وہ علمائے کرام کے کاروں کے آس پاس موجود رہیں اور حکومتی گائیڈ لائن پر عمل درآمد کروانے کی عوام و خواص سے گزارش کرتے رہیں، اس کے باوجود ابتدا سے ہی نوجوان، بچے اور بزرگوں کے مختلف جتھے جلوس مبارکہ میں شامل ہونے کے لئے بے چین دیکھے گئے، جس کے سبب جلوس عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے متعینہ وقت سے معمولی تاخیر سے نکالا گیا۔ یہاں جلوس کی برآمدگی سے قبل قاضی شہر مفتی واجد علی یارعلوی نے دعا فرمائی اور مسلمانوں کو نصیحت فرمائی کہ مسلمان آج جشنِ ولادتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشی میں خصوصی طور پر سیرتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل آوری کا مظاہرہ کریں اور عہد کریں کہ اپنی زندگی کا ہر لمحہ اسلام و سنت کے مطابق بسر کریں گے۔ اس سے قبل پولس انتظامیہ اور خفیہ محکمہ کی جناب سے دارالعلوم حنفیہ سنیہ اور اطراف کے علاقوں میں ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ سیکیورٹی چیک کی گئی، یہاں انتظامات سنبھالنے اور جلوس کو منظم کرنے میں آل انڈیا سنی جمیعۃ العلماء کے مولانا احمد رضا ازہری، قاری ہارون رضوی، عقیل رضوی، عمران رضوی، عرفان تابانی، حافظ سراج رضوی اور شہر کی مختلف سنی تنظیموں کے اراکین موجود رہے.
ہر سال کی روایت کے مطابق امسال بھی شہر بھر میں شبِ ولادتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا خصوصی اہتمام کیا گیا، رات بھر شہر کے گلی کوچوں، چوک چوراہوں پر نوجوان اپنے نبی کی ولادت کی خوشی میں اپنے علاقوں کو خوبصورت سجاوٹ اور برقی قمقموں سے جگمگانے میں لگے رہے تو صبحِ صادق کے وقت شہر کی تقریبا تمام ہی سنی مساجد، مدارس اور مختلف اداروں میں میلادِ رسول کی محفلیں منعقد کی گئیں، نعت خوانی اور درود و سلام کی کثرت کا اہتمام کیا گیا، فجر کی نماز کے بعد شہر کی مختلف مساجد میں حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے موئے مبارک کی زیارت کروائی گئی، نوری مشن، رضا اکیڈمی، آل انڈیا سنی جمیعۃ العلماء، انٹرنیشنل اعلی حضرت فاؤنڈیشن اور دیگر تنظیموں کی جناب سے غرباء و مساکین میں امدادی کٹ تقسیم کی گئی، مختلف اسپتالوں میں پہنچ کر مریضوں کی عیادت کی گئی اور ان میں بسکٹ پھل فروٹ وغیرہ تقسیم کئے گئے۔
جلوسِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم اسلامپورہ سے نکل کر امام احمد رضا روڈ، بس اسٹینڈ اور سخاوت چوک ہوتا ہوا مرزا غالب روڈ، مومن پورہ، بہادر شاہ ظفر روڈ سے دوبارہ جب اسلامپورہ انصار روڈ، قدوائی روڈ، سید نشاط روڈ، محمد علی روڈ، مشاورت چوک اور مولانا ابوالکلام آزاد روڈ، امن چوک ،خوشامد پورہ، رضا چوک ،چندنپوری گیٹ میں داخل ہوا تو جگہ جگہ مختلف اداروں کی جانب سے قائدین جلوس و شرکاء جلوس کا شاندار استقبال کی گیا، یہاں موجود عوام بچے بوڑھے نوجوانوں میں مٹھائیاں، چاکلیٹ کے پیکٹ، ڈارئے فروٹ کے پیکٹ تقسیم کئے گئے، مائیک کے ذریعہ نعتوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے سرکار کی آمد مرحبا، عید میلاد النبی زندہ باد، نعرہء تکبیر و رسالت کے فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے. مجموعی طور پر جلوسِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد اس سال بھی اپنی پوری شان و شوکت سے اور کرونا گائیڈ لائن کی پابندی کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اپنی اختتامی منزل کی جانب رواں دواں رہا ۔جلوس مبارکہ کی اختتامی تقریب اے ٹی ٹی ہائی اسکول گراؤنڈ پر منعقد کی گئی ۔ جہاں سے آن لائن طریقے سے فیس بک، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے دیگر ذراۂع کا استعمال کرتے ہوئے علماء اسلام عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام شہر کے مسلمانوں تک پہنچائیں ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com