یوگی آدتیہ ناتھ انتہائی ناکارہ اور گھٹیا وزیرِ اعلٰی ، مولانا محمود مدنی کی سخت تنقید

یوگی آدتیہ ناتھ انتہائی ناکارہ اور گھٹیا وزیرِ اعلٰی ،  مولانا محمود مدنی کی سخت تنقید 
 
بھارت کو افغانستان میں طالبان کے حوالے سے واضح حکمت عملی اپنا کر اہم کردار ادا کرنا چاہیے 

لکھنؤ: 29 ستمبر (سمیر چودھری کی رپورٹ) جمیعتہ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید محمود مدنی نے اتر پردیش کی یوگی سرکار پر تنقید کرتے  ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو انتہائی ناکارہ اور گھٹیا وزیراعلٰی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست میں نفرت پھیلانے کا کام کیا ہے جس سے نہ صرف مسلمانوں بلکہ ملک کا نقصان ہو رہا ہے۔ مولانا محمود مدنی بدھ کے روز لکھنؤ میں واقع ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔

مولانا محمود مدنی نے آئندہ یوپی میں ہونے والے الیکشن میں مسلمانوں کی حمایت کے متعلق سوالات کا صاف طور پر کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ انہوں نے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو اور اسد الدین اویسی کے تعلق سے کئے گئے سوال پر بھی راست طور پر کوئی جواب نہیں دیا لیکن مولانا مدنی نے یوگی آدتیہ ناتھ کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
  مدنی نے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو 'انتہائی نااہل وزیراعلیٰ' قرار دیا۔ مولانا محمود مدنی نے اترپردیش میں آدتیہ ناتھ حکومت کو جمہوریت کا دشمن قرار دیا اور کہا کہ آج مسلمان کرتا پاجائمہ اور ٹوپی پہننے سے ڈرتے ہیں۔
مدنی نے کہا کہ مسلمانوں کی حالت بدلنا ضروری ہے، ملک میں مسلمانوں کے بارے میں ایک طرح کا دوہرا معیار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مدنی نے کہا کہ بھارت کو افغانستان میں طالبان کے حوالے سے واضح حکمت عملی کے ساتھ سامنے آنا چاہیے۔ مدنی نے کہا ، "بھارت کو امریکہ کی پالیسی سے ہاتھ ملانا بند کرنا چاہیے۔ جو بھی ملک امریکہ کے پروپیگنڈے کی پیروی کرتا ہے اسے بری طرح نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ بھارت کو افغانستان میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کا مسئلہ صرف مسلمانوں اور اسلام کو بدنام کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔ محمود مدنی نے کہا کہ اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے مسلمانوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سیکولر کہی جانے والی پارٹیوں پر نشانہ سادھتے ہوئے یہ بھی کہا کہ جو مسلمانوں کے ساتھ ہونے کی بات کرتے ہیں دراصل وہ بھی مسلمانوں کے ساتھ نہیں ہیں۔
طالبان کے متعلق کیے گئے ایک سوال کے جواب میں مولانا محمود مدنی میڈیا پر بھی کافی ناراض ہوئے اور کہا کہ میڈیا نے مسلمانوں کو ذلیل کرنے کے لیے پانچ سوال ایسے تیار کر رکھے ہیں جو سب سے کرتے ہیں اور اس قوم کو ذلیل ورسوا کرنے کی کوشش کرتے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ میڈیا کو اصل دشمنی اسلام سے ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ مسلمان کے نام پر لوگوں کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے اور مسلمانوں سے ڈرا کر لوگوں کو بیوقوف بنا کر ان کا ووٹ حاصل کیا جا رہا ہے اور اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے مسلمانوں کی طرف رخ کو موڑ دیا جاتا ہے۔سی اے اے کا ذکر کرتے ہوئے مولانا محمود مدنی نے کہا کہ اتر پردیش کی یوگی حکومت مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کرتی ہے۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے