راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ کا نام تبدیل کر 'میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ' کردیا گیا
نئی دہلی، 06 اگست(یواین آئی) کھیل میں ہندوستان کے سب سے بڑے اعزاز کھیل رتن نہیں، بلکہ میجر دھیان چند کھیل ہوگا. ہندوستان ہاکی ٹیموں کے ٹوکیو اولمپک میں شاندار مظاہرہ کے بعد اس اعزاز کا نام عظیم ہاکی کھلاڑی کے نام پر رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے. اس سے پہلے یہ معروف ایوارڈ سابق وزیراعظم راجیوگاندھی کے نام پر راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ تھا وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک کو فخر کرنے کا موقع فراہم کرنے والے لمحات کے درمیان کئی ہم وطنوں کی یہ بھی درخواست آئی ہے کہ کھیل رتن ایوارڈ کا نام میجر دھیان چند جی کے نام سے وقف کیا جائے۔ لوگوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے اب اس کا نام بدل کر میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ رکھا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ میجر دھیان چند، ہندوستان کے صف اول کے کھلاڑیوں میں شامل تھے جو ہندوستان کے لیے اعزاز اور فخر کا باعث بنے۔ یہ ہر لحاظ سے مناسب ہوگا کہ ہمارے ملک کا سب سے بڑا کھیل اعزاز ان کے نام سے موسوم کیا جائے۔
اولمپک کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی سے ہم سب انتہائی مسرور ہیں۔خاص طور سے ہاکی میں ہمارے بیٹوں اور بیٹیوں نے جس طرح کی قوت ارادی کا مظاہرہ کیا ہے، جیت کے تئیں جس طرح کی وارفتگی اورجوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے، وہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیےبہت زیادہ حوصلہ افزاہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com