امارت شرعیہ ہند کے پانچویں امیر کے لئے نمائندہ اجلاس میں مولانا محمود مدنی کی تجویز پر اتفاق رائے سے مولاناسید ارشد مدنی صاحب امیر الہند منتخب ،مفتی سلمان منصور پوری نائب امیر الہند منتخب
نئی دہلی: 3 جولائی (راست)
آج مورخہ تین جولائی سنیچر کو صبح دس بجے مدنی ہال دفتر جمعیۃ علماء ہند نئی دہلی میں امارت شرعیہ ہند کی مجلس شوریٰ، ملک کے ارباب حل وعقد اور مشاہیر علماء کرام کا ایک نمائندہ اجلاس امیرالہند خامس کے انتخاب کے سلسلے میں مفتی سید عفان منصورپوری کی تلاوت اور قاری احمد عبداللہ کی نعت پاک سے ہوا، اجلاس کی صدارت دارالعلوم دیوبند کے مہتمم حضرت مولانا مفتی ابو القاسم صاحب نعمانی دامت برکاتہم نے اور نظامت مفتی سید محمد سلمان منصور پوری مدظلہ نے کی جبکہ مولانا محمد سلمان بجنوری استاذ دارالعلوم دیوبند نے دستور امارت شرعیہ ہند کی روشنی میں امیر الہند کے اوصاف اور انتخاب کے طریقہ کار و اصول و ضوابط حاضرین کے گوش گزار کیا، بعدہ صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید محمود اسعد مدنی دامت برکاتہم نے امیر الہند خامس کے لیے ضروری اوصاف کا ذکر کرتے ہوئے بڑے وقیع الفاظ میں انتہائی بشاشت و فراخ دلی کے ساتھ تجویز پیش کی کہ صدر جمعیت علماء ہند حضرت اقدس مولانا سید ارشد مدنی صاحب اس وقت سب سے زیادہ موزوں شخصیت ہیں۔ اس لئے میں ان کا نام نامی پیش کرتا ہوں، اس کے بعد حضرت مولانا عبد العلیم صاحب فاروقی لکھنوی دامت برکاتہم، حضرت مولانا نعمت اللہ اعظمی صاحب دامت برکاتہم مولانا رحمت اللہ صاحب کشمیری دامت برکاتہم، مفتی احمد دیولا صاحب،
مولانا سید اسجد مدنی صاحب، مولانا بدر الدین اجمل صاحب،مولانا سید اشہد رشیدی صاحب،
وغیرہم نے تائیدی تقاریر کیں جبکہ اجلاس میں شریک علماء و زعماء ملت نے بیک آواز تائید اور اتفاق کا اظہار فرمایا ۔
حضرت مولانا سید ارشد صاحب دامت برکاتہم نے اپنی عمر،صحت وغیرہ کے لحاظ سے معذرت پیش کی، جس میں پس و پیش کے بعد صدر اجلاس مہتمم دار العلوم حضرت مولانا مفتی ابو القاسم صاحب دامت برکاتہم نے حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب دامت برکاتہم کے نام کا اعلان فرمایا اور حضرت کے اعذار کے تدارک کے لیے فرمایا کہ مولانا مفتی سلمان منصورپوری دامت برکاتہم کو نائب امیر الہند بنا لیا جائے ۔
حضرت مفتی صاحب نے اس کے بعد حضرت مولانا سید ارشد صاحب سے مصافحہ فرمایا ۔
اس کے بعد سب نے مصافحہ کرنا شروع کر دیا ۔
مصافحہ کا سلسلہ روک کر حضرت امیر الہند سید مولانا ارشد مدنی صاحب نے مختصر خطاب فرمایا ۔اور اس میں مولانا مفتی سلمان منصورپوری کے متعلق نائب امیر الہند ہونے کا اعلان بھی فرمایا ۔
آخر میں بحکم امیر الہند حضرت مفتی ابو القاسم صاحب دامت برکاتہم نے دعا فرمائی
اور بقیہ تمام حاضرین حضرات نے مصافحہ فرمایا ۔
نوٹ: اس مجلس میں مصافحہ سمع و طاعت کی بیعت کے لیے تھا، اس طرح کی تفصیلات شریک اجلاس نمائندہ امارت شرعیہ ہند مولانا شفیق احمد القاسمی مالیگانوی نے دی ہے، انہوں نے بتایا امیر الہند اول محدث کبیر ابو المآثر حضرت مولانا حبیب الرحمٰن اعظمی صاحب رحمۃ اللہ علیہ امیر الہند ثانی جانشین شیخ الاسلام فدائے ملت حضرت مولانا سید اسعد مدنی صاحب رحمۃ اللہ علیہ
امیر الہند ثالث مہتمم دارالعلوم دیوبند مولانا مرغوب الرحمٰن صاحب رحمۃ اللہ علیہ، امیر الہند رابع صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا قاری سید عثمان صاحب منصور پوری رحمۃ اللہ علیہ تھے جبکہ آج مورخہ تین جولائی 2021 بروز سنیچر امیر الہند خامس، صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی صاحب دامت برکاتہم کو متفقہ طور پر منتخب کیا گیا۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com