بکرا مارکیٹ کیلئے میونسپل کارپوریشن زمین الاٹ کرے، شیخ آصف کی قیادت میں بکرا قصاب و کھاٹک جماعتوں کے مشترکہ وفد کی میونسپل حکام سے ملاقات و مطالبہ
مالیگاؤں : 11 جون (پریس ریلیز) مالیگاﺅں شہر میں بکرا مارکیٹ کیلئے مستقل جگہ کا انتظام نہ ہو نے سے بکرا فروخت کرنے والے تاجروں اور خریداروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا رہا ہے ۔ہر سال بقرعید کے ایام میں بکرا تاجر روڈ راستوں پر جگہ جگہ بکرا فروخت کرتے ہیں جس سے عوام کو اور خود بکرا فروخت کرنے والوں کو شدید مشکلات درپیش ہوتی ہیں اسے دیکھتے ہوئے گزشتہ جمعہ کو مالیگاؤں شہر کے سابق رکن اسمبلی و راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر آصف شیخ کی قیادت میں بکرا قصاب اور کھاٹک جماعتوں کے مشترکہ وفد نے میونسپل حکام سے ملاقات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شہر میں میونسپل کارپوریشن بکرا مارکیٹ کا نظم کرے ۔دونوں جماعتوں کو مشترکہ طور پر ایک جگہ الاٹ کی جائے ۔تاکہ شہر میں بکرے کی خرید و فروخت کو آسان بنایا جائے ۔شہر و بیرون شہر میں تاجر برادری بکرا فروخت کرنے اس مارکیٹ کا رخ کرسکے اور خریدار حضرات کو بھی بکرا خریدنے کیلئے آسانیاں پیدا ہوسکے ۔بکرا قصاب اور کھاٹک جماعتوں کے ذمہ داران نے آصف شیخ کی قیادت میں ملاقات کرتے ہوئے میونسپل نائب کمشنر راجو کھیرنار اور ایم ٹی ایس کے آفیسران سے مذکورہ مطالبہ کیا اور ایک میمورنڈم بھی دیا ۔اس موقع پر راجو کھیرنار نے یقین دہانی کرائی کہ میونسپل کارپوریشن اس معاملے میں سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مثبت فیصلہ جلد ہی لیگا ۔شیخ آصف نے اس مکتوب کی ایک کاپی میونسپل میئر طاہرہ شیخ کو بھی روانہ کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ جنرل بورڈ میٹنگ میں عنوان شامل کرتے ہوئے بکرا قصاب اور کھاٹک جماعتوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تعاون کا مظاہرہ کیا جائے ۔اس وفد میں اشفاق کھاٹک، الیاس کھاٹک ،الہی بھائی، للو بھائی، پاپا، اشفاق بھائی سمیت بکرا قصاب اور کھاٹک جماعتوں کے ذمہ داران موجود تھے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com