ورلڈ بینک:ایک ہزار کروڑ روپئے کے مجوزہ پروجیکٹ پر پھیلائی جانے والی افواہوں کا جواب یکم نومبر کو دیا جائے گا



ورلڈ بینک:ایک ہزار کروڑ روپئے کے مجوزہ پروجیکٹ پر پھیلائی جانے والی افواہوں کا جواب یکم نومبر کو دیا جائے گا



اردو گھر میں جمبو جیٹ پریس کانفرنس،مستقیم ڈگنیٹی نے میئر، ڈپٹی میئر کے علاوہ آصف شیخ سمیت شہر کے دانشوران اور ماہرین کو شرکت کی دعوت دی



مالیگاؤں: 30 اکتوبر(بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر کی ترقی کے لیے ورلڈ بینک کی جانب سے متوقع ایک ہزار کروڑ روپئے کے پروجیکٹ اور قرض کے معاملے میں شہر بھر میں جاری چہ مگوئیوں، غلط فہمیوں اور مبینہ گمراہ کن پروپیگنڈے کو دور کرنے کے مقصد سے سیکولر فرنٹ کے ترجمان اور سماجوادی کے گٹ نیتا مستقیم ڈگنیٹی نے یکم نومبر کو ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پریس کانفرنس دوپہر 3 بجے اردو گھر میں منعقد ہوگی، جس میں مجوزہ منصوبے سے متعلق حقائق اور تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جائیں گی۔مستقیم ڈگنیٹی نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ورلڈ بینک اور حکومت کے نمائندوں نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کا دورہ کیا تھا، جہاں شہر کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے ایک اہم فلاحی منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دورے کے بعد سے شہر میں مجوزہ ایک ہزار کروڑ روپئے کے پروجیکٹ اور قرض کو لے کر مختلف قسم کی باتیں گردش کر رہی ہیں۔ان کے مطابق بعض افراد کی جانب سے حقائق جانے بغیر عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے اور غلط فہمیاں پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


انہوں نے اس مبینہ منفی پروپیگنڈے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ خود ساختہ ماہرینِ معاشیات بن کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔کہیں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مجوزہ قرض کی وجہ سے شہر کی عوام پر 16 ہزار روپئے کا بوجھ پڑے گا تو کہیں پانچ لاکھ روپئے تک قرض کا بوجھ عائد ہونے کی بات کہی جا رہی ہے۔ مستقیم ڈگنیٹی نے سوال اٹھایا کہ آخر ان دعوؤں کی بنیاد کیا ہے اور کیا ان کے حق میں کوئی مستند دستاویزی ثبوت موجود ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ بغیر کسی ٹھوس معلومات اور کاغذی ثبوت کے اس طرح کے دعوے کرنا عوام میں بے جا خوف پیدا کرنے کے مترادف ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن میں موجود ذمہ دار عہدوں پر فائز افراد سے بھی یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی معاملے پر عوامی سطح پر اظہارِ خیال کرنے سے قبل مکمل معلومات اور حقائق کی تصدیق کریں، تاکہ عوام میں غیر ضروری الجھن پیدا نہ ہو۔ شہر کی ترقی سے متعلق کسی بھی منصوبے پر اختلافِ رائے ہوسکتا ہے، لیکن اس کی بنیاد مستند معلومات ہونی چاہیے، نہ کہ افواہوں اور قیاس آرائیوں پر۔مستقیم ڈگنیٹی کے مطابق یکم نومبر بروز اتوار دوپہر 3 بجے اردو گھر میں منعقد ہونے والی اس پریس کانفرنس میں میئر، ڈپٹی میئر، میونسپل کارپوریشن کے برسرِ اقتدار نمائندوں اور مالیگاؤں سیکولر فرنٹ کے ذمہ داران کو مدعو کیا گیا ہے، جبکہ سابق رکن اسمبلی آصف شیخ کو بھی خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اس موقع پر ورلڈ بینک کے مجوزہ پروجیکٹ، قرض کی نوعیت اور اس سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالنے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے شہر کے دینی و تعلیمی اداروں کے ذمہ داران، ڈاکٹرس، انجینئرس، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس (سی اے)، سماجی کارکنان، دانشوران اور تمام بیدار شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم پریس کانفرنس میں ضرور شرکت کریں۔ان کا کہنا ہے کہ جس کسی کے ذہن میں بھی اس منصوبے یا مجوزہ قرض کے تعلق سے کوئی سوال، شبہ یا اعتراض ہے، وہ اس اجلاس میں شریک ہوکر اپنی معلومات میں اضافہ کرے اور متعلقہ ذمہ داران سے براہِ راست وضاحت حاصل کرے۔مستقیم ڈگنیٹی نے امید ظاہر کی کہ اس پریس کانفرنس کے ذریعے عوام کے سامنے حقیقی صورتِ حال واضح ہوگی اور ورلڈ بینک کے مجوزہ ترقیاتی منصوبے سے متعلق پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ مالیگاؤں کی ترقی کے معاملات کو سیاسی بیان بازی اور بے بنیاد افواہوں کے بجائے حقائق، شفافیت اور سنجیدہ گفتگو کی بنیاد پر آگے بڑھایا جانا چاہیے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے