مالیگاؤں کے تعلیمی اداروں میں ایس آئی ٹی کی دستک، گھنٹوں کاغذات کی باریک بینی سے جانچ
ناسک ایس آئی ٹی کی کارروائی تیز،اسکولوں میں دستاویزات کی جانچ سے تعلیمی حلقوں میں تشویش
مالیگاؤں/ناسک: 4 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مہاراشٹر بھر میں سامنے آنے والے مبینہ شالارتھ آئی ڈی گھوٹالے کے پس منظر میں ریاستی حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں برسرِ ملازمت تدریسی و غیر تدریسی عملہ اور ان سے متعلق دستاویزات کی جانچ کا عمل شروع کیا گیا ہے۔اسی سلسلے میں ناسک ڈویژن کے مختلف اضلاع میں بھی جانچ کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے، جبکہ ناسک ضلع کے لیے خصوصی ایس آئی ٹی کے ذریعے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق جلگاؤں ضلع میں شالارتھ آئی ڈی اور تعلیمی شعبے سے متعلق معاملات میں بڑے پیمانے پر مبینہ بے ضابطگیوں کے انکشافات کے بعد تحقیقات مزید تیز کی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ناسک پولس کمشنر کی نگرانی میں بھی ایس آئی ٹی کے ذریعے مختلف معاملات کی جانچ جاری ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ادھر گزشتہ تقریباً ایک ہفتے سے ناسک ایس آئی ٹی نے مالیگاؤں کے مختلف تعلیمی اداروں کا رخ کیا ہے۔ شہر کے اردو اور مراٹھی میڈیم اسکولوں میں ایس آئی ٹی کی جانب سے دستاویزات اور ریکارڈ کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹیم کی جانب سے ملازمین کی تقرری، منظوری، اپروول اور دیگر متعلقہ دستاویزات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔تحقیقات کے دوران نام اور سرکاری ریکارڈ میں اسپیلنگ کے معمولی فرق سے لے کر تقرری اور منظوری کے عمل تک مختلف پہلوؤں کی جانچ کی جا رہی ہے۔متعلقہ دستاویزات قانونی ضوابط کے مطابق تیار اور منظور کیے گئے ہیں یا نہیں؟ ، اس بات کو بھی خصوصی طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے اور جاری ہفتے کے دوران شہر کی کئی چھوٹی بڑی اسکولوں میں ایس آئی ٹی کی ٹیموں نے پہنچ کر کئی گھنٹوں تک ریکارڈ اور کاغذات کی جانچ کی ہے۔ بعض تعلیمی اداروں اور اساتذہ سے متعلق دستاویزات و ریکارڈ پولیس نے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سے بھی حاصل کیے ہیں، جنہیں کراس چیکنگ کے عمل سے گزارے جانے کی اطلاع ہے۔ایس آئی ٹی کی اس کارروائی کے بعد مالیگاؤں کے تعلیمی حلقوں، اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین میں تشویش کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ تاہم، اب تک کسی مخصوص تعلیمی ادارے یا ملازم کے خلاف کارروائی یا بے ضابطگی ثابت ہونے کی باضابطہ اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔شہر میں جاری اس جانچ کے بعد اب تعلیمی حلقوں کی نظریں ایس آئی ٹی کی آئندہ کارروائی پر مرکوز ہیں۔ اہم سوال یہ ہے کہ مالیگاؤں میں جاری تحقیقات کے دوران شالارتھ آئی ڈی یا تقرریوں سے متعلق کوئی بڑی بے ضابطگی سامنے آتی ہے یا تمام ریکارڈ قانونی اور درست پائے جاتے ہیں؟ ایس آئی ٹی کی مکمل جانچ کے بعد ہی اس معاملے کی اصل تصویر واضح ہونے کی توقع ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com