یوپی الیکشن میں سماجوادی پارٹی کی کامیابی کیلئے مالیگاؤں سے سیکولر فرنٹ کا قافلہ روانہ ہوگا




یوپی الیکشن میں سماجوادی پارٹی کی کامیابی کیلئے مالیگاؤں سے سیکولر فرنٹ کا قافلہ روانہ ہوگا


بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے اور ایم آئی ایم کے سیاسی کردار کو عوام کے سامنے لانے کیلئے اہم پیش رفت


سماجوادی پارٹی کے قومی ترجمان راجکمار بھاٹی سے مالیگاؤں کے ذمہ داران کی اہم ملاقات، اترپردیش کے سیاسی حالات اور آئندہ حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال


مالیگاؤں: سماجوادی پارٹی کے یومِ تاسیس کے موقع پر دہلی سے ممبئی تشریف لائے پارٹی کے قومی ترجمان راجکمار بھاٹی سے مالیگاؤں سماجوادی پارٹی کے ذمہ داران پر مشتمل ایک وفد نے ریاستی صدر ابو عاصم اعظمی کی موجودگی میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، اترپردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات اور سیکولر طاقتوں کو متحد کرتے ہوئے انتخابی میدان میں مؤثر کردار ادا کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔اس اہم ملاقات میں مالیگاؤں سماجوادی پارٹی کی صدر شانِ ہند نہال احمد، مستقیم ڈگنیٹی، اطہر حسین اشرفی، مولانا زاہد ندوی، مومن معین اختر، عبدالرحمن انصاری سمیت دیگر ذمہ داران موجود رہے۔ملاقات کے دوران مالیگاؤں میں سیکولر طاقتوں کے اتحاد اور حالیہ بلدیاتی سیاست کے تجربے پر بھی گفتگو ہوئی۔ مستقیم ڈگنیٹی نے بتایا کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں سیکولر فرنٹ تشکیل دے کر مختلف سیکولر قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا، جس کے ذریعے فرقہ پرست سیاسی طاقتوں کو اقتدار سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مالیگاؤں کے اس تجربے کو اب اترپردیش میں بھی ایک وسیع سیاسی مہم کی شکل دینے کی تیاری کی جارہی ہے۔

مستقیم ڈگنیٹی نے بتایا کہ سیکولر فرنٹ میں شامل سماجوادی پارٹی اور اسلام پارٹی (انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر) کی جانب سے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے دوران سیکولر سیاست کے حق میں مہم چلانے اور سماجوادی پارٹی کی حمایت کیلئے مالیگاؤں سے ایک خصوصی قافلہ یوپی روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے اسمبلی انتخابات قومی سیاست کے اعتبار سے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ اسی تناظر میں مالیگاؤں سے جانے والا سیکولر فرنٹ کا قافلہ اترپردیش میں عوام کے درمیان پہنچ کر سماجوادی پارٹی کی انتخابی مہم میں اپنا کردار ادا کرے گا اور سیکولر ووٹوں کو منتشر ہونے سے بچانے کی کوشش کرے گا۔شانِ ہند نہال احمد نے کہا کہ قومی صدر اکھلیش یادو کے مشن کو کامیاب بنانے کیلئے مالیگاؤں کے ذمہ داران اور کارکنان اترپردیش میں میدانِ عمل میں اترنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور مالیگاؤں سے یوپی جانے والا قافلہ اسی مقصد کے تحت اپنا سیاسی و تنظیمی کردار ادا کرے گا۔
ملاقات میں اترپردیش میں بی جے پی اور ایم آئی ایم کے سیاسی کردار پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ مستقیم ڈگنیٹی نے الزام عائد کیا کہ ایم آئی ایم کی سیاست مسلم ووٹوں کی تقسیم کا سبب بنتی ہے، جس کا سیاسی فائدہ بی جے پی کو پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر فرنٹ کی مہم کا ایک اہم مقصد عوام کے درمیان ایم آئی ایم کے سیاسی کردار اور اس کے اثرات کو اجاگر کرنا بھی ہوگا۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ "ٹیم اے" بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے ساتھ "ٹیم بی" کے طور پر ایم آئی ایم کے سیاسی کردار کو بھی عوام کے سامنے لانا ضروری ہے۔ ان کے مطابق اترپردیش میں سیکولر ووٹوں کی تقسیم کو روکنے اور عوام تک سیکولر سیاست کا پیغام پہنچانے کیلئے مالیگاؤں سیکولر فرنٹ کی جانب سے زمینی سطح پر کام کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی صدر ابو عاصم اعظمی اور قومی ترجمان راجکمار بھاٹی سے ہونے والی تفصیلی گفتگو کے بعد یوپی الیکشن کے حوالے سے مالیگاؤں کی سطح پر باقاعدہ تیاری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بہت جلد مالیگاؤں شہر میں سیکولر فرنٹ کی ایک اہم میٹنگ منعقد کی جائے گی، جس میں اترپردیش روانہ ہونے والے قافلے کی تیاری، انتخابی علاقوں، ذمہ داران اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اترپردیش جانے والے قافلے میں شامل ذمہ داران کے نام آصف شیخ رشید، مستقیم ڈگنیٹی اور شانِ ہند نہال احمد کی مشاورت سے طے کیے جائیں گے، جس کے بعد قافلے میں شامل ذمہ داران کے ناموں کا باقاعدہ طور پر میڈیا کے سامنے اعلان کیا جائے گا۔مالیگاؤں سے اترپردیش تک سیکولر فرنٹ کے اس قافلے کا مقصد صرف انتخابی دورہ کرنا نہیں بلکہ سیکولر قوتوں کو متحد کرنا، سماجوادی پارٹی کی انتخابی مہم میں عملی کردار ادا کرنا، بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے سیاسی سطح پر کوشش کرنا اور ایم آئی ایم کے سیاسی کردار کو عوام کے سامنے اجاگر کرنا بتایا گیا ہے۔مالیگاؤں میں سیکولر فرنٹ کی آئندہ میٹنگ کے بعد اترپردیش روانگی کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی، جس کے ساتھ ہی یوپی میں مالیگاؤں کے سیاسی و تنظیمی وفد کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے