ٹیچر بھرتی معاملہ میں پاتھرے کو کرائم برانچ نے کورٹ میں پیش کیا،مزید دو دن کی پولس تحویل
پاتھرے سے کون کون سے افراد رابطے میں تھے؟جعلی دستاویزات کے نیٹ ورک کی تفتیش تیز،کئی اہم راز کھلنے کا امکان
ناسک/مالیگاؤں: 6 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مہاتما پھولے تعلیمی ادارے سے منسلک مبینہ جعلی اساتذہ و ملازمین کی بھرتی کے معاملے میں ناسک دیہی اکنامک آفینس ونگ کی کارروائی میں اہم ملزم کیرتی شیکھر راؤ پاتھرے کو گرفتار کیے جانے اور دو دنوں کی پولس تحویل کے بعد دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے مزید تفتیش کے لیے اس کی پولس کسٹڈی طلب کی۔
پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے ملزم سے مزید پوچھ تاچھ ضروری ہے۔بالخصوص یہ معلوم کرنا باقی ہے کہ مبینہ جعلی بھرتی کے پورے عمل میں پاتھرے نے کن افراد کے ساتھ مل کر کام کیا، جعلی دستاویزات کس طرح تیار کیے گئے اور انہیں متعلقہ اداروں کی منظوری کے نام پر کس طرح استعمال کیا گیا۔پاتھرے نے آن لائن پیمنٹ کس سے لی اور کسے ٹرانسفر کیا؟ پولس کے مطابق پاتھرے پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر جعلی ملازمین کی بھرتی کے لیے دسویں اور بارہویں جماعت کی فرضی مارک شیٹس، منترالیہ، محکمۂ تعلیم، ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور تعلیمی افسران کے دفاتر سے متعلق جعلی منظوری کے احکامات سمیت دیگر دستاویزات تیار کرنے یا فراہم کرنے میں کردار ادا کیا۔
تفتیش کا ایک اہم پہلو مبینہ طور پر تیار کی گئی جعلی شالارتھ آئی ڈی سے بھی جڑا ہوا ہے۔پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ شالارتھ آئی ڈی حاصل کرنے یا منظور کرانے کے لیے کون کون سے افراد رابطے میں تھے اور اس پورے عمل میں کس کا کیا کردار تھا۔یہ معاملہ ابتدائی طور پر چھاؤنی پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا، تاہم کیس کی سنگینی اور مالی و انتظامی پہلوؤں کے پیش نظر بعد میں اکنامک آفینس ونگ نے تفتیش اپنے ہاتھ میں لے لی۔ اب کرائم برانچ کی جانب سے دستاویزات، رابطوں اور مبینہ مالی لین دین سمیت مختلف پہلوؤں کی چھان بین کی جا رہی ہے۔پولس کو شبہ ہے کہ اس معاملے میں صرف جعلی دستاویزات تیار کرنے تک ہی معاملہ محدود نہیں ہو سکتا، بلکہ مبینہ طور پر ایک منظم طریقۂ کار کے تحت جعلی بھرتیوں کو قانونی شکل دینے کی کوشش کی گئی ہو۔ اسی لیے پاتھرے سے مزید پوچھ تاچھ کو تفتیش میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
اب سب کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ پولیس کی مزید تفتیش میں پاتھرے سے کیا معلومات سامنے آتی ہیں اور کیا اس معاملے میں مزید افراد کے نام بھی سامنے آتے ہیں۔ پولیس کی تفتیش جاری ہے، جبکہ معاملے میں ملوث افراد کے خلاف الزامات کی حتمی حقیقت تفتیش اور عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوگی۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com