محمد علی روڈ کو ڈی پی آر کے مطابق 50 فٹ کشادہ کیا جائے، بڑھتی آبادی اور ٹریفک کے پیش نظر توسیع ناگزیر



محمد علی روڈ کو DPR کے مطابق 50 فٹ کشادہ کیا جائے، بڑھتی آبادی اور ٹریفک کے پیش نظر توسیع ناگزیر




شہر و بیرون شہر کی ہزاروں عوام کی گزر گاہ،قدوائی روڈ و محمد علی روڈ کی تعمیر و توسیع اور آرائش وقت کی اہم ضرورت 




مالیگاؤں: 11 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ)مالیگاؤں شہر کی مشہور و معروف شاہراہ محمد علی روڈ کو بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے دباؤ کے پیش نظر کشادہ کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے کہ اس اہم سڑک کو ڈی پی آر (ڈیولپمنٹ پلان) کے مطابق 50 فٹ چوڑا کیا جائے، تاکہ عوام کی آمد و رفت آسان ہوسکے اور ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جاسکے۔محمد علی روڈ شہر کی اہم اور مصروف ترین سڑکوں میں شمار ہوتی ہے۔ عام دنوں میں بھی اس شاہراہ پر گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی بڑی تعداد رہتی ہے، جبکہ تہواروں کے ایام میں بیرون شہر سے آنے والے افراد کی آمد کے باعث یہاں ٹریفک کا دباؤ مزید بڑھ جاتا ہے۔ایسے حالات میں سڑک کی موجودہ چوڑائی عوام کے لیے دشواریوں کا سبب بنتی ہے۔خصوصاً سردار چوک سے الحدیث مسجد، نیّا پورہ تک سڑک کے تنگ ہونے کے باعث آمد و رفت میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔عوامی مطالبے کے مطابق محمد علی روڈ کے دونوں جانب ہونے والی مبینہ اتی کرمن کے باعث سڑک کی اصل چوڑائی متاثر ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی پی آر کے مطابق اس سڑک کی چوڑائی 50 فٹ مقرر ہے، لیکن موجودہ صورت حال میں بیشتر مقامات پر اس کی چوڑائی تقریباً 35 سے 40 فٹ ہی نظر آتی ہے۔ایسے میں کارپوریشن کے متعلقہ محکمہ کی جانب سے سڑک کی پیمائش، ریکارڈ کی جانچ اور تجاوزات کی نشاندہی کرتے ہوئے قانونی ضابطوں کے مطابق کارروائی کرنے کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے قدوائی روڈ سمیت شہر کی دیگر اہم شاہراہوں اور ڈی پی روڈ کی تعمیر و ترقی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اسی طرز پر محمد علی روڈ کی توسیع کے لیے بھی باقاعدہ منصوبہ بندی کی جائے، تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی پریشانیوں سے نجات مل سکے۔عوام کا کہنا ہے کہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم سڑکوں کو کشادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس سلسلے میں وارڈ نمبر 13 کے کارپوریٹرس سے بھی مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کو باضابطہ یادداشت پیش کریں اور محمد علی روڈ کی توسیع کے لیے مؤثر پہل کریں۔ متعلقہ حکام کو چاہیے کہ ڈی پی آر کے مطابق سڑک کی اصل چوڑائی کی تصدیق کرکے تجاوزات کے مسئلے کا قانونی حل نکالیں اور توسیعی منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں، تاکہ شہر کی اس اہم شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور عوام کو آمد و رفت میں سہولت حاصل ہوسکے۔حالانکہ برسر اقتدار نے پہلے ہی کہا تھا کہ ہم شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے اہم اور سخت فیصلے لینگے تاکہ عوام کو کچھ وقت کی تکلیف کے بعد مستقل راحت مل سکے ۔اور اسی لیے برسر اقتدار سخت فیصلے لیکر شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے کوشاں نظر ارہا ہے ۔اسی ضمن میں عوام کا مطالبہ ہے کہ محمد علی روڈ کو بھی کشادہ کیا جائے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے