مالیگاؤں میں معاشی بحران،تین لاکھ پچیس ہزار پاور لوم کی گڑگڑاہٹ بند



مالیگاؤں میں معاشی بحران،3 لاکھ 25 ہزار پاور لوم کی گڑگڑاہٹ بند



ریاستی و مرکزی حکومت سے پاور لوم بنکروں و مزدوروں کے مفاد میں ٹھوس قدم اٹھانے کا مطالبہ 



​مالیگاؤں: 6 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ)صنعتی شہر مالیگاؤں میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش شدید معاشی بحران، سوت کی قیمتوں میں مسلسل غیر یقینی اتار چڑھاؤ اور کپڑے کی فروخت میں کمی کے باعث پاورلوم مالکان کی مختلف تنظیموں نے مشترکہ طور پر بڑا فیصلہ لیا ہے۔ شہر کے تقریباً 3 لاکھ 25 ہزار پاورلوم کی گڑ گڑاہٹ آج سے سات دنوں کے لیے مکمل طور پر خاموش رہے گی۔​پاورلوم مالکان اور صنعت سے وابستہ تنظيموں کا کہنا ہے کہ کاٹن اور دیگر خام مال کی قیمتوں میں غیر متوقع اضافے کے مقابلے میں تیار کپڑے کی مناسب قیمت اور ڈیمانڈ نہیں مل رہی ہے۔ اس کی وجہ سے پاورلوم مالکان کو فی میٹر کپڑے کی پیداوار پر بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اس بحرانی صورتحال سے نکلنے اور حکومت کی توجہ مبذول کرانے کے لیے یہ بند پکارا گیا ہے۔

​اس سات روزہ بند کے باعث مالیگاؤں کی مقامی معیشت شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔صنعت سے براہ راست اور بالواسطہ جڑے لاکھوں مزدوروں اور کاریگروں کی روزی روٹی پر اس کا براہ راست اثر پڑے گا۔پاورلوم ایسوسی ایشن نے مرکزی و ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سوت کی قیمتوں کو مستحکم کرنے اور پاورلوم صنعت کو بحران سے نکالنے کے لیے فوری طور پر ٹھوس اقدامات اور پالیسیاں وضع کی جائیں۔اسی طرح اس بند کو لیکر مزدوروں کے مفاد میں بھی آواز بلند کی جارہی ہے کہ آیا اس بند کے چلتے مزدوروں کا بھی معاشی طور پر خیال رکھا جائے تاکہ مستقبل میں بنکر اور مزدور کا رشتہ بلا کسی عذر کے ساتھ ساتھ چلتا رہے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے