’’خاموش ہوں تو خاموش رہنے دو، چھیڑا تو بہت مہنگا پڑے گا‘‘، شیخ آصف کا اپوزیشن کو دوٹوک انتباہ



’’خاموش ہوں تو خاموش رہنے دو، چھیڑا تو بہت مہنگا پڑے گا‘‘، شیخ آصف کا اپوزیشن کو دوٹوک انتباہ


127 کروڑ کے ترقیاتی بجٹ پر اپوزیشن میں کھلبلی؟ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ اور بدعنوانی برداشت نہیں ہوگی، شیخ آصف نے مخالفین کو للکار دیا 



مالیگاؤں : 4 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) اسلام پارٹی کے سینئر رہنما و سابق ایم ایل اے شیخ آصف نے اپوزیشن جماعتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی خاموشی کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے انتباہی لہجے میں کہا کہ اگر ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے، غیر قانونی مطالبات کرنے یا بدعنوانی کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔
مالدہ شیوار میں منعقدہ ایک عوامی پروگرام میں شیخ آصف نے کہا کہ شہر کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد کسی فرد یا جماعت سے سیاسی دشمنی نہیں بلکہ مالیگاؤں میں بنیادی سہولیات کو بہتر بنانا اور ہر علاقے تک ترقیاتی کام پہنچانا ہے۔پروگرام کے دوران مقامی شخصیات اشفاق بھائی، مشتاق بھائی اور ان کے ساتھیوں نے اسلام پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔شیخ آصف نے نئے اراکین کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اشفاق بھائی نے پارٹی میں شامل ہوتے وقت کسی عہدے یا ذاتی فائدے کا مطالبہ نہیں کیا، بلکہ اپنے علاقے میں سڑک، گٹر، شادی ہال اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کی بات کی، جو عوامی خدمت کے جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔

شیخ آصف نے میونسپل کارپوریشن کے تحت جاری ترقیاتی کاموں اور 127 کروڑ روپے کے بجٹ و ٹینڈرس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد شہر میں ترقیاتی سرگرمیوں کو رفتار ملی ہے۔ ان کے مطابق مختلف علاقوں میں بنیادی سہولیات سے متعلق کام مسلسل جاری ہیں۔انہوں نے اپوزیشن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں اور بجٹ کی منظوری سے بعض سیاسی مخالفین میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ برسوں تک عوامی مسائل حل نہیں کر سکے، وہ اب ترقیاتی کاموں پر سوال اٹھا رہے ہیں۔


شیخ آصف نے ترقیاتی کاموں کی شکایتوں کی دھمکی دے کر مبینہ طور پر رقم وصول کرنے والے عناصر کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ’’جب تک شیخ آصف بیٹھا ہے، بدعنوانوں کو ایک روپیہ بھی نہیں ملے گا۔‘‘انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا ناجائز دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عوامی مفاد کے منصوبوں کو شفاف طریقے سے آگے بڑھانا ان کی ترجیح ہے۔اپوزیشن کو براہِ راست نشانہ بناتے ہوئے شیخ آصف نے کہا کہ وہ بلاوجہ سیاسی محاذ آرائی کے حق میں نہیں ہیں، لیکن اگر کوئی ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے یا عوام کے مفاد سے کھیلنے کی کوشش کرے گا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جذباتی فیصلوں کے بجائے سیاسی شعور اور بیداری کا مظاہرہ کریں اور شہر کی ترقی، بنیادی سہولیات اور عوامی مسائل کو ترجیح دینے والی سیاست کا ساتھ دیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے