​کانگریس کے تنظیمی ڈھانچہ کو مضبوط بنانے شوبھا تائی بچھاؤ کی آمد،عمران انجینئر کو صدارتی مکتوب تفویض


​کانگریس کے تنظیمی ڈھانچہ کو مضبوط بنانے شوبھا تائی بچھاؤ کی آمد،عمران انجینئر کو صدارتی مکتوب تفویض



​مالیگاؤں: 28 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) کانگریس پارٹی کے ایک اہم اجلاس میں تنظیمی اصلاحات، عوامی مسائل اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔اجلاس میں پارٹی کے سینئر عہدیداروں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر عمران بھائی انجینئر کو  صدر کے عہدے کا مکتوب رکن پارلیمنٹ شوبھا بچھاؤ کے ہاتھوں تفویض کیا گیا اور انہیں چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔کانگریس بھون قدوائی روڈ پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شوبھا تائی بچھاؤ نے پارٹی کے تمام پروگراموں میں خواتین کی شرکت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 50 فیصد ووٹرز خواتین ہیں اور ان کے لیے 50 فیصد ریزرویشن بھی موجود ہیں۔ لہذا آئندہ تمام میٹنگوں میں خواتین کی موجودگی کو یقینی بنانا تمام عہدیداروں اور اراکین کی اخلاقی اور تنظیمی ذمہ داری ہے۔


موصوفہ نے اپنے خطاب میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی ناکامیوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پٹرول، ڈیزل اور گیس سلنڈر کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جبکہ نوجوانوں کو روزگار کے موقع فراہم کرنے کے وعدے محض ہوائی ثابت ہوئے۔ اس کے علاوہ NEET اور MPSC جیسے اہم امتحانات کے پیپرز لیک ہونے اور طالب علموں کے ساتھ غیر منصفانہ رویے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مظلوم طلباء کے حق میں آواز بلند کی گئی۔اجلاس میں دیہی علاقوں اور بالخصوص مالیگاؤں و دھولیہ کے کسانوں اور بنکروں (پاورلوم صنعت) کی زبوں حالی پر گفتگو کی گئی۔ مسلسل نقصان سے پریشان کسانوں کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ پنچنامے جلد سے جلد مکمل کیے جائیں اور پنچنامہ کر کے کسانوں کے تمام قرضے معاف کیے جائیں۔ ساتھ ہی پاورلوم انڈسٹری کی مندی دور کرنے کے لیے حکومت کے سامنے مسائل اٹھانے اور ایک وفد نئی دہلی بھیجنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔


اجلاس میں SIR اور ووٹر لسٹوں سے متعلق جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے تمام کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ ہر بوتھ کی سطح پر کام کریں تاکہ کوئی بھی مستحق شہری اپنے ووٹ کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بلاک اور ہر وارڈ میں کانگریس کے کام کو آگے بڑھانے اور عوام تک پارٹی کا پیغام پہنچانے کے لیے تمام عہدیدار باقاعدگی سے ماہانہ میٹنگوں کا انعقاد کریں۔اس موقع پر مجلس اتحاد المسلمین اور دیگر پارٹیوں کو چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں کا شوبھا تائی بچھاؤ اور عمران انجینئر کے ہاتھوں استقبال کیا گیا۔یہاں عمران انجینئر نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی و بنیادی مسائل پر کام کرتے ہوئے پارٹی کو مضبوط کیا جائے گا ۔اسی طرح اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے