​ایس آئی آر کی نوٹس اور سماعت پر عوام گھبرائیں نہ، اپنے ضروری کاغذات کے ساتھ حاضر رہیں: مستقیم ڈگنیٹی


​ایس آئی آر کی نوٹس اور سماعت پر عوام گھبرائیں نہ، اپنے ضروری کاغذات کے ساتھ حاضر رہیں: مستقیم ڈگنیٹی 



سماجوادی پارٹی آفس پر نوٹس سے متعلق عوام کی رہنمائی کیلئے سینٹر کا آغاز 



​مالیگاؤں: 26 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) شہر میں ایس آئی آر (SIR) مہم کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جس کے تحت نوٹس کی تقسیم اور سماعت کا اہم کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں عوام کو انتظامیہ کی جانب سے نوٹسیں موصول ہو رہی ہیں۔ اس صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے مستقیم ڈگنیٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نوٹس ملنے پر کسی بھی قسم کی گھبراہٹ، خوف یا پریشانی کا شکار نہ ہوں، بلکہ حکمت اور بیداری کے ساتھ اپنے تمام ضروری کاغذات مکمل کریں۔​انہوں نے تفصیلی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ نوٹسیں تمام لوگوں کو نہیں بلکہ صرف ان لوگوں کو جاری کی جا رہی ہیں جن کے ریکارڈ میں 'ان میپنگ' (Unmapping) یا 'نو میپنگ' کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ نوٹس کے ساتھ کل 13 ضروری دستاویزات (کاغذات) کی ایک فہرست فراہم کی گئی ہے، جس میں سے مطلوبہ شرائط کے مطابق دستاویزات پیش کرنا لازمی ہے۔ اگر کسی شخص کے پاس 1 سے 12 نمبر تک درج بنیادی دستاویزات جیسے برتھ سرٹیفکیٹ (جنم داخلہ)، پاسپورٹ یا دیگر سرکاری کاغذات موجود نہ ہوں تو وہ آخری متبادل کے طور پر 'آدھار کارڈ' پیش کر سکتا ہے۔ تاہم، صرف آدھار کارڈ کافی نہیں ہوگا بلکہ اس کے ساتھ کوئی ایک سپورٹنگ ڈاکومنٹ جیسے بجلی کا بل (لائٹ بل)، راشن کارڈ، پین کارڈ یا ایل سی (LC) وغیرہ منسلک کرنا ضروری ہوگا۔
​انہوں نے بتایا کہ اگر نوٹس حاصل کرنے والے شہری کی پیدائش 1987ء سے پہلے کی ہے، تو اسے فراہم کردہ 12 کاغذات کی فہرست میں سے کوئی ایک ذاتی ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ اگر فہرست میں شامل کوئی بنیادی کاغذ موجود نہ ہو، تو وہ اپنا آدھار کارڈ اور اس کے ساتھ ایک سپورٹنگ ڈاکومنٹ (مثلاً لائٹ بل، راشن کارڈ، پین کارڈ یا ایل سی) جمع کروا سکتا ہے۔اسی طرح اگر نوٹس موصول ہونے والے فرد کی پیدائش 1987ء اور 2024ء کے درمیانی عرصے کی ہے، تو اسے 12 کاغذات کی فہرست میں سے خود کا اور اپنے والد یا والدہ کا ثبوت پیش کرنا لازمی ہوگا۔ کاغذات کی عدم دستیابی کی صورت میں آدھار کارڈ کے ساتھ سپورٹنگ ڈاکومنٹ (لائٹ بل، راشن کارڈ، پین کارڈ یا ایل سی وغیرہ) دینا ہوگا۔اور اگر نوٹس حاصل کرنے والے کی پیدائش 2024ء کے بعد کی ہے، تو اسے فہرست میں سے خود کا، والد یا والدہ کا، اور دادا یا دادی کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ بنیادی ثبوت نہ ہونے کی صورت میں آدھار کارڈ کے ساتھ لائٹ بل، راشن کارڈ یا دیگر سپورٹنگ دستاویزات منسلک کرنا ضروری ہوگا۔

​مستقیم ڈگنیٹی نے مزید معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ہیرنگ کے عمل کو آسان بنانے کے لیے شہر میں مختلف سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ جس شخص کے نام پر نوٹس جاری ہوا ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود ذاتی طور پر متعلقہ آفیسر کے سامنے حاضر ہو کر اپنے تمام دستاویزات پیش کرے اور پوچھے گئے سوالات کے اطمینان بخش جوابات دے۔ انہوں نے ناموں میں ہونے والی معمولی غلطیوں (مثلاً Sk کی جگہ مکمل Sheikh یا Mohd کی جگہ مکمل Mohammad) کے حوالے سے عوام کو اطمینان دلایا کہ ایسی معمولی انتظامی یا سپیلنگ کی غلطیوں سے پریشان ہونے کی بالکل ضرورت نہیں ہے، یہ معاملے ہیرنگ کے دوران درست کر لیے جائیں گے۔عوام کی رہنمائی اور کاغذی کارروائی میں مدد کے لیے مستقیم ڈگنیٹی نے اعلان کیا کہ اگر کسی بھی شہری کو نوٹس کے تعلق سے کوئی پیچیدگی یا مسئلہ درپیش ہو، تو وہ آگرہ روڈ پر واقع سماجوادی پارٹی کے مرکزی دفتر میں رات 10:00 بجے سے 1:00 بجے کے درمیان رابطہ کر سکتے ہیں۔ وہاں وہ خود اور ان کی تکنیکی ٹیم شہریوں کی مکمل مدد اور رہنمائی کے لیے موجود رہے گی۔انہوں نے اعادہ کیا کہ سماجوادی پارٹی ایس آئی آر کی اس تمام مہم میں عوام کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے