فرار ملزمان کو پولس کب گرفتار کریگی؟ذاتیات پر کیچڑ اچھالنے والوں کو آصف شیخ کا دوٹوک پیغام


فرار ملزمان کو پولس کب گرفتار کریگی؟ ذاتیات پر کیچڑ اچھالنے والوں کو آصف شیخ کا دوٹوک پیغام 



کچھ لوگ نام کے دبنگ لیکن اصل میں بلیک میلر ہیں،ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پر مستقیم ڈگنیٹی کا انتباہ 



مالیگاؤں: 25 ستمبر(بیباک نیوز اپڈیٹ)مالیگاؤں میں سیاسی سرگرمیوں کے درمیان اسلام پارٹی کے بانی اور سابق ایم ایل اے آصف شیخ نے فرار ملزمان کی گرفتاری اور شہر میں امن و امان کے معاملے پر پولیس انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔جمعہ کو مالدہ شیوار، وارڈ نمبر 21 میں وزیر خان روڈ کی تعمیر کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے آصف شیخ نے کہا کہ شہر میں کوئی بھی فرار ملزم آزادانہ طور پر گھومتا ہوا نظر نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے پولس محکمہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرار ملزمان کا شہر میں آزادانہ گھومنا قابل قبول نہیں ہے اور پولیس انتظامیہ کو اس معاملے میں سخت کارروائی کرنی چاہیے۔آصف شیخ نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر فرار ملزمان کو تحفظ فراہم کرکے سیاسی اور ذاتی مفادات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کی امن و امان کی ذمہ داری پولس انتظامیہ کی ہے اور اگر فرار ملزمان شہر میں آزادانہ گھومتے رہے تو اس معاملے کی شکایت اعلیٰ پولس حکام سے کی جائے گی۔

انہوں نے پولس سے غیر جانب دارانہ کارروائی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی عملداری اور شہر کے امن کو ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے۔ آصف شیخ نے اپوزیشن لیڈروں اور انکے ورکروں کو ذاتی نوعیت کے الزامات اور مبینہ طور پر مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ مواد کے ذریعے بدنام کرنے کی کوششوں کے خلاف بھی سخت الفاظ استعمال کیے۔ انہوں نے کہا کہ اسے دھمکی سمجھیں یا مشورہ، اگر کوئی ذاتیات پر کیچڑ اچھالنے یا AI مواد کا استعمال کرکے بدنام کرنے کی کوشش کرے گا تو اسے اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔آصف شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ذاتیات پر بات کرے تو ورکر اسے وہیں توڑ دیں،باقی معاملات وہ خود دیکھیں گے۔پہلے ذاتیات پر بولنے والوں کو سبق سکھائیں اسکے بعد شیخ آصف کے پاس آئیں ۔
آصف شیخ نے شہر کی دینی تنظیموں سے ایک مرتبہ پھر اپیل کی کہ وہ مالیگاؤں کی تعمیر و ترقی کے لیے آگے آئیں اور جاری ترقیاتی کاموں میں تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ اسلام پارٹی اور سماج وادی پارٹی بنام مالیگاؤں سیکولر فرنٹ شہر کے عوامی مسائل اور بنیادی سہولیات کے لیے کام کر رہا ہے اور عوام کو اس کا ساتھ دینا چاہیے۔اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے آصف شیخ نے کہا کہ اگر ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو پرانی میونسپل کارپوریشن کی فائلیں کھولی جائیں گی اور مختلف کاموں کی انکوائری کرائی جائے گی۔انہوں نے الزام لگایا کہ بعض عناصر نہیں چاہتے کہ مالیگاؤں ترقی کرے، جبکہ ان کے مطابق سیکولر فرنٹ بغیر کسی تفریق کے شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام کر رہا ہے۔آصف شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 127 کروڑ روپے کے بجٹ سے شہر میں مختلف سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واڈیا اسپتال کا آئندہ جمعہ افتتاح کیا جائے گا، جبکہ علی اکبر اسپتال کا کام بھی مکمل کرکے اسے عوام کے لیے شروع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ شہر کی تعمیر و ترقی کے عمل میں اپنا تعاون جاری رکھیں۔


افتتاحی تقریب سے سماج وادی پارٹی کے مقامی رہنما مستقیم ڈگنیٹی نے بھی خطاب کیا اور اپوزیشن پر سخت تنقید کی۔وارڈ کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض مخالفین سیاسی مفادات کے لیے سرگرم ہیں اور شہریوں کے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ شہری ترقی، صفائی، پانی اور بنیادی سہولیات جیسے مسائل کے بجائے بعض لوگ ذاتی اور سیاسی مفادات کی سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارا کام شہر کی خدمت کرنا ہے، روزی روٹی نہیں۔‘‘ انہوں نے بعض مخالفین پر شدید الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ خود کو دبنگ ظاہر کرتے ہیں، جبکہ ان کے مطابق ان کا اصل مفاد میونسپل کارپوریشن سے جڑا ہوا ہے جو بلیک میلر ہیں۔

مستقیم ڈگنیٹی نے سماج وادی پارٹی اور اسلام پارٹی کے اتحاد مالیگاؤں سیکولر فرنٹ کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد شہر کے مفاد اور اقلیتی حقوق کے تحفظ کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مخالفین پر الزام لگایا کہ وہ ووٹ بینک کی سیاست تک محدود ہیں اور شہری مسائل حل کرنے کے بجائے تقسیم کی سیاست کو فروغ دیتے ہیں۔انہوں نے عوام سے سیکولر فرنٹ کا ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گرووار وارڈ سمیت پورے مالیگاؤں کو ترقی کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔ مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ وہ شہر کے مفاد کو ذاتی مفاد سے بالاتر رکھتے ہوئے کام کرتے رہیں گے اور مخالفین کی جانب سے کیے جانے والے پروپیگنڈے کا جواب بھی دیا جائے گا۔افتتاحی تقریب میں مشرف رنگاڑی ۔نسیم خان راکیل والے سمیت سیکڑوں افراد موجود تھے ۔اس موقع پر آصف شیخ اور مستقیم ڈگنیٹی نے اپنے خطاب میں مخالفین کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہر میں ترقیاتی کاموں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے