مفتی اسمٰعیل کی کارکردگی پر مستقیم ڈگنیٹی کا سخت حملہ، نعمانی پل کی تعمیر میں پر ون ٹو ون پنچایت کا چیلنج
نعمانی پل بناؤ کمیٹی کا اعلان، مفتی اسمٰعیل کو نعمانی بریج کی تعمیر سے دستبردار ہونا چاہیے: ڈگنیٹی
تیسری ٹرم کے باوجود شہر میں کوئی نمایاں کام نہیں ہوا، عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے عملی ترقی پر توجہ دی جائے: سماج وادی کی پریس کانفرنس
مالیگاؤں:9 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) سماج وادی پارٹی کے گٹ نیتا مستقیم ڈگنیٹی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقامی رکن اسمبلی مفتی اسمٰعیل کی تین ادوار پر مشتمل سیاسی کارکردگی کو نشانہ بنایا اور نعمانی پل کے معاملے پر ان سے ون ٹو ون پنچایت کا چیلنج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل تین بار عوامی نمائندگی ملنے کے باوجود مالیگاؤں میں کوئی ایسا نمایاں تعمیری یا بنیادی کام نظر نہیں آتا جسے کامیابی قرار دیا جا سکے۔مستقیم ڈگنیٹی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ تعلیم، صحت اور بنکر برادری کے مسائل پر محض سیاست کی گئی ہے، جبکہ ان شعبوں میں کسی طویل مدتی منصوبے یا روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا بیدار نوجوان سوشل میڈیا اور یوٹیوب کے دور میں پرانے بیانات اور وعدوں کا حساب مانگ رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ نعمانی پل سے متعلق ماضی کے دعووں کی ویڈیوز عوام کے سامنے لائی جا رہی ہیں تاکہ سچائی واضح ہو سکے۔سماج وادی پارٹی کے رہنما نے نعمانی پل کے معاملے پر ایم ایل اے کے سابقہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2019 سے اس پل کے حوالے سے مسلسل وعدے کیے جا رہے ہیں۔ 2022 میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اگلی بارش سے قبل پل کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی، لیکن 2026 کا موسمِ برسات شروع ہونے کے باوجود پل کا کام ادھورا ہے۔انہوں نے ٹھیکیدار کے 19 جون 2026 کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیدار نے مالی اور تکنیکی مسائل، بالخصوص نگر وکاس اور کارپوریشن سے متعلق رکاوٹوں کی تفصیل تحریری طور پر دی ہے۔ ایسے میں عوام کے سامنے میونسپل کارپوریشن پر فنڈ روکنے کا الزام لگانا درست نہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ٹھیکیدار کو دی گئی رقم کارپوریشن کے ذاتی فنڈ سے نہیں بلکہ نگر وکاس کے ذریعے آئی ہے، لہٰذا اگر ایم ایل اے نے فنڈ منظور کرانے کا دعویٰ کیا تھا تو حکومت سے بقایا فنڈ ریلیز کرانا بھی انہی کی ذمہ داری ہے۔مستقیم ڈگنیٹی نے اعلان کیا کہ اگر موجودہ نمائندے سے کام نہیں ہو رہا ہے تو نعمانی پل کی تعمیر کی ذمہ داری ان کے سپرد کی جائے، وہ مارچ 2027 تک متعلقہ محکموں اور حکومت سے رابطہ کر کے اس کام کو مکمل کرانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد کریڈٹ لینا نہیں بلکہ شہر کا مسئلہ حل کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مالیگاؤں کے بنکر اور انصاری برادری بجلی، ایم پی ایس ایل اور روزگار جیسے مسائل سے جوجھ رہی ہے۔ تین ادوار کے اقتدار کے باوجود بنکروں کے لیے کوئی جدید ٹیکنیکل سینٹر یا ٹریننگ انسٹیٹیوٹ قائم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ شہر کے عوام اب خالی نعروں اور الزام تراشی کی سیاست کے بجائے پائیدار اور عملی ترقی چاہتے ہیں۔اس موقع پر راحل حنیف نے نعمانی پل بناؤ کمیٹی کے ممبران کا نام پیش کیا جس میں شکیل احمد ،جمیل چشتی، اطہر تارے، حسن شاہ، عبد السلام سلو، انور خان، الیاس کامریڈ شامل ہیں ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com