مالیگاؤں:ایم ایل اے مفتی اسماعیل قاسمی کا ایس آئی آر پر بڑا بیان،ہم اور ہمارے کارپوریٹرس ایس آئی آر کیلئے خاموش خدمات انجام دے رہے ہیں
جو لوگ شور مچا رہے ہیں وہ عوام میں خوف پیدا کر رہے ہیں۔ پردے کے پیچھے اصل بات کچھ اور ہے
مالیگاؤں :7 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ)ایم ایل اے مفتی اسماعیل قاسمی نے ایس آئی آر کے معاملے اور نعمانی پل کی تعمیر میں تاخیر پر اہم بیانات دیے ہیں۔انہوں نے مخالفین پر الزام لگایا کہ وہ عوام میں خوف کا ماحول پیدا کر رہے ہیں جبکہ اصل مقصد کچھ اور ہے۔مفتی اسماعیل نے کہا کہ مہاراشٹر میں ایس آئی آر کو لے کر کافی ہنگامہ برپا ہے۔ کچھ لوگ ان پر الزام لگاتے ہیں کہ انہوں نے اس پروگرام میں مالیگاؤں کی عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پورے مہاراشٹر بلکہ پورے ملک میں کوئی بھی ہندوستانی شہری ایسا نہیں جو بنگلہ دیش بھیجا جانا چاہے یا ڈیٹنشن کیمپ میں رہنا پسند کرے۔ ہر شہری اپنی شہریت اور شناخت محفوظ رکھنا چاہتا ہے اور اپنی جگہ پر اس کے لیے کوشاں ہے۔ اس لیے کسی کو بیدار کرنے یا مجبور کرنے کی ضرورت نہیں۔ لوگوں کی میپنگ بھی ہو چکی ہے اور فارم باقاعدگی سے بھرے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شور مچانے کے بجائے اپنے کارپوریٹرز کے ذریعے عوام کی مدد کی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ جو لوگ شور مچا رہے ہیں وہ عوام میں خوف پیدا کر رہے ہیں۔ پردے کے پیچھے اصل بات کچھ اور ہے۔ لوک سبھا الیکشن کے وقت ووٹر لسٹ میں 3 لاکھ 20 ہزار ووٹ تھے، جن میں سے تقریباً 5600 ووٹ کینسل ہوئے۔ پانچ ماہ بعد اسمبلی الیکشن میں یہ تعداد 3 لاکھ 43 ہزار سے زیادہ ہو گئی۔ یہ اتفاقیہ نہیں بلکہ ایک سازش کا حصہ ہے۔ 2019 کے الیکشن کے بعد بھی اسی طرح تقریباً 4000 ووٹ کینسل ہوئے تھے۔ 2024 میں مارٹھا دربار میں اسکرین کے ذریعے 42831 جعلی ووٹوں کا دعویٰ کیا گیا، مارچ نکالا گیا اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ پر دباؤ ڈالا گیا۔ تقریباً 8000 فارم بھر کر نام حذف کروانے کی درخواست دی گئی۔
مفتی اسمٰعیل نے بتایا کہ قواعد کے مطابق صرف وہی نام حذف کیے گئے جو ضروری تھے، جیسے وفات شدہ یا ڈبل ووٹ (ایک شخص کے 17 ووٹ تک)۔ اس طرح 2355 ووٹ کم ہوئے۔ جن لوگوں کے نام حذف ہوئے یا فارم نہیں ملا، وہ پریشان ہیں۔مخالفین نے جائز اور ناجائز دباؤ ڈال کر دوسرے علاقوں (سورت، سٹانے، پیشور، سلوڑ، اورنگ آباد وغیرہ) کے ووٹروں کے نام مالیگاؤں کی لسٹ میں برقرار رکھنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بی ایل او نے اپنا کام ٹھیک کیا لیکن ایس آئی آر میں غیر ضروری دباؤ ڈالا گیا۔مفتی اسماعیل نے عیدگاہ سے بھی کہا تھا کہ این آر سی، سی اے اے اور اب ایس آئی آر آئے۔ آپ ہندوستانی ہیں، حقیقی ووٹر ہیں۔ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ فارم بھریں۔ اگر 2002 کی لسٹ میں نام نہ ہو تو والدین، دادا دادی یا پردادا پردادی کا نام کافی ہے۔ مالیگاؤں سینٹرل میں تقریباً 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ اندازہ ہے کہ 42831 کے علاوہ مزید جعلی ووٹ کم ہوں گے اور یہ تعداد 60 سے 70 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔ مالیگاؤں کے لوگ جاگ رہے ہیں اور ان شاء اللہ تقریباً تمام جائز ووٹروں کے نام لسٹ میں شامل رہیں گے۔
نعمانی پل کے معاملے پر مفتی اسمٰعیل نے کہا کہ پانچ کروڑ روپے کا فنڈ منظور کروایا، جس میں سے دو کروڑ روپے کارپوریشن کو مل بھی چکے ہیں۔ ٹھیکے دار کام کر رہا ہے لیکن کارپوریشن افسران نے بجلی کے تار ہٹانے کی بار بار ہدایت پر عمل نہیں کیا۔ ٹھیکے دار نے کام کا بل تیار کر رکھا ہے مگر ادائیگی نہیں کی جا رہی۔ افسران فنڈ روکے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کمشنر اور سٹی انجینئر سے بارہا بات کی اور خط بھی دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹھیکے دار کو کام کے مطابق بل دیا جائے تاکہ تعمیر آگے بڑھے۔مفتی اسماعیل نے واضح کیا کہ انہوں نے خوف کا ماحول پیدا نہیں کیا بلکہ بڑے عید گاہ سے دیڑھ لاکھ لوگوں کے مجمع میں بھی ایس آئی آر پر بات کی۔ لوگ خود اپنی شہریت محفوظ رکھنے کے لیے فارم بھر رہے ہیں۔ میڈیا سے کہا کہ جن لوگوں کے نام حذف ہوئے مگر فارم نہیں ملا، ان کے معاملے کی تحقیق کرے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com