پنچایت میں اہم فیصلہ،نعمانی پل کی تعمیر مارچ تک مکمل کرنے کی ذمہ داری "نعمانی پل بناؤ کمیٹی" کے سپرد
شان ہند کے فنڈ سے پیر سے موجودہ نعمانی بریج پر ریلنگ، ڈیوائڈر اور لائٹ کے تعمیری کام کا آغاز:مستقیم ڈگنیٹی
مفتی اسمٰعیل ناکام ایم ایل اے ،پوسٹر کیساتھ عوام کی پنچایت میں شرکت
مالیگاؤں:7 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر کے اہم اور دیرینہ عوامی مسئلے نعمانی بریج کی تعمیر کے حوالے سے آج بروز جمعہ کو ایک اہم پنچایت کا انعقاد قلعہ، رسول پورہ، باغ محمود و اطراف کے ساکنان بنام سرداروں کی جانب سے نعمانی پل پر بعد نماز عصر کیا گیا۔اس پنچایت میں فیصلہ کیا گیا کہ نعمانی پل کی تعمیر کو مارچ تک مکمل کرنے کی ذمہ داری نعمانی پل بناؤ کمیٹی کے سپرد کی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ پنچایت میں تفصیلی گفتگو کے بعد مستقیم ڈگنیٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا ہمارا عزم ہے۔
پنچایت میں مستقیم ڈگنیٹی نے اپنی موجودگی کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں اپنی مرضی سے نہیں آئے بلکہ انہیں پنچایت میں مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ نعمانی پل کی تعمیر کے معاملے میں اصل جواب دہی کس کی ہوگی اور اس منصوبے کی تکمیل کی ذمہ داری کون لے گا۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ نعمانی پل بناؤ کمیٹی کی تشکیل اسی مقصد سے کی جا رہی ہے کہ پل کی تعمیر کو آگے بڑھایا جائے اور اسے مارچ تک مکمل کرانے کی کوشش کی جائے۔ ان کے مطابق وہ اس معاملے میں اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مقررہ مدت میں پل کی تعمیر مکمل کرانے کے لیے جدوجہد کریں گے اور اگر وہ نہیں کر پائے تو اسی طرح پنچایت بلا کر ہم سے بھی جواب طلب کرے۔انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ تقریباً چار سال قبل وہ خود نعمانی پل پر پہنچے تھے اور پل کی تعمیر کے لیے کوششیں شروع کی تھیں۔ ان کے مطابق اس وقت انہوں نے میونسپل کمشنر سے بھی سخت لہجے میں بات کرتے ہوئے پل کی تعمیر کی ذمہ داری قبول کی تھی اور اس کے بعد نعمانی بریج کی تعمیر کے لیے مسلسل جدوجہد شروع کی۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ بعد میں مفتی اسماعیل نے خود نعمانی پل کی تعمیر کی ذمہ داری لینے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ پل بنوائیں گے۔ ان کے بقول مفتی اسماعیل کی جانب سے پل کے لیے ساڑھے پانچ کروڑ روپے منظور کیے جانے کی بات بھی سامنے آئی، جس کے بعد انہوں نے باغِ محمود میں عوام کے درمیان نعمانی پل کی تعمیر کی ذمہ داری سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔
اس موقع پر مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ موجودہ نعمانی پل کو بھی بہتر اور خوبصورت بنانے کا فیصلہ کیا جاتا ہے کہ شان ہند کے فنڈ سے موجودہ نعمانی پل پر ریلنگ، لائٹنگ اور ڈیوائیڈر لگائے جائیں گے، جس کے باعث پل کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے سہولت اور حفاظتی انتظامات میں بھی بہتری متوقع ہے۔ اس کام کا آغاز پیر سے کیے جانے کا اعلان مستقیم ڈگنیٹی نے کیا۔یہاں عوام نے اپنے ہاتھوں میں نعرہ لکھی ہوئی تختیاں لئے ہوئے تھی جو موجودہ ایم ایل اے مفتی اسمٰعیل قاسمی کی ناکامی بیان کررہی تھی ۔اب ایک بار پھر نعمانی پل کی تعمیر کا معاملہ نئی پیش رفت کے ساتھ سامنے آیا ہے۔ نعمانی پل بناؤ کمیٹی کی جانب سے مارچ تک تعمیر مکمل کرنے کی ذمہ داری قبول کیے جانے کے بعد شہر کے عوام کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ تعمیراتی کام کب شروع ہوتا ہے اور مقررہ مدت میں منصوبہ کس حد تک مکمل ہو پاتا ہے۔اگر یہ دونوں اقدامات مقررہ منصوبے کے مطابق مکمل ہوتے ہیں تو نعمانی پل نہ صرف شہریان کے آمدورفت کے نظام میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ موجودہ پل کی ظاہری حالت اور حفاظتی انتظامات میں بھی بہتری آنے کی امید ہے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com